اشتہار برائے غلام الناس

پی ڈی ایم کے کامیاب اور حیران کر دینے والے ملتان جلسے کی تفصیلات اور تصویری حقائق دیکھنے کے لیے جب بندہ نا چیز نے ایک تخیلاتی اخبار اٹھایا تو اس کے پہلے صفحے پر جلسہ کی تفصیلات کے بر خلاف ایک مکمل صفحے کا اشتہار نظر آیا جس پر بہت بڑا بڑا کر کے خبردار لکھا ہوا تھا اور اس کے عین نیچے ایک شہ سرخی کے انداز میں عبارت بھی درج تھی. پورا اشتہاربھرپور دلچسپی سے پڑھنے کے لائق تھا سو انتہائی فرصت سے پڑھا اور آپ جیسے باذوق قارئین کے لیے من و عن لکھ ڈالا پڑھ کر لطف اندوز ہوں
خبردار : نقالوں سے ہوشیار

شخصیت پرست اور غلام ذہن عوام الناس متوجہ ہوں. آپ لوگوں کی بھر پور ڈیمانڈ پر پارٹی لے کر آئی ہے آپ کے لیے بالکل اصلی اور نسلی خالص بےنظیر بھٹو شہید. جن میں وہ تمام اوصاف اور خصوصیات موجود ہیں جن کی بنیاد پر آپ اب ان کو اپنا لیڈر اور راہبر مان سکتے ہیں. لیڈر کی تلاش میں اب آپ کو اپنے ساتھ کے غلام اور کم ذات لوگوں اور پارٹی عہدیداروں کی طرف دیکھنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے. نیز لیڈرز کی تیاری اور پیداوار کے جملہ حقوق بحق بھٹو ضبط ہیں. پارٹی کی طرف سے پیش حکومت ہے نئی بے نظیر بھٹو المعروف محترمہ آصفہ بھٹو زرداری.

نوٹ : پارٹی کی کوئی اور زنانہ پیشکش نہیں ہے سو ایسی تمام خواتین لیڈران سے دور رہیں جو حلیہ یا انداز بنا بنا کر بےوقوف اور غلامانہ سوچ کے لوگوں کو مزید بے وقوف بنا سکیں.

پارٹی کی بالکل اصلی اور پیش کردہ لیڈر کے اندر موجود تمام اوصاف اور خصوصیات درج ذیل ہیں:
اول- موصوفہ شہید ماں کی طرف سے بھٹو کی صاحبزادی ہیں.
دوم- موصوفہ کی تربیت ان کی شہید بھٹو ماں نے کی تھی.
سوم- موصوفہ ہو بہو اپنی شہید ماں کی طرح دکھتی، چلتی اور بولتی ہیں.
چہارم- موصوفہ کی لاعلمی کا بھی وہی عالم ہے جو انکی شہید والدہ کو بوقت تاج پوشی تھا.
پنجم- موصوفہ نے بھی اپنی پہلی تقریر میں سلام دعا کے بعد زوردار آواز میں جئے بھٹو کہا ہے. اور باقی کی مکمل تقریر میں بھی بھٹو کی مالا جپی گئی ہے.
ششم- موصوفہ کا بھی اب تک کا سارا وقت ملک سے باہر ملک سے لاتعلقی میں ہی گزرا ہے.
ہفتم- موصوفہ کے متعلق بھی پارٹی حلفا کہتی ہے کہ موصوفہ کی شادی چاہے چوہدریوں، زرداریوں یا افغانیوں میں ہو جائے اولاد ان شا اللہ بھٹو ہی پیدا ہوگا.
ہشتم- موصوفہ چونکہ پیدائشی حق حکمرانی لے کر پیدا ہوئی ہیں سو ان کی گزشتہ زندگی، قابلیت اور اہلیت پر کوئی بھی بات شہید والدہ کی ذات پر حملہ تصور کی جائے گی. اللہ معافی

حرف آخر: تمام بھائیو، بہنو اور بزرگو! آپ سب پر لازم ہے کہ بی بی شہید کی وارث اور بھٹو خاندان کی نمائندگی کا حق رکھنے والی اپنی نئی لیڈر کو آنکھیں بند کر کے پوجا شروع کردیں اور روز قیامت شہید بی بی کے سامنے شرمندہ نہ ہوں. مزید تمام لفافی، بھائیوں اور بہنوں سے گزارش ہے کہ اپنے لفائف (وظائف) کا حق ادا کریں اور اصلی اور نسلی بھٹو کی پیروی پر پڑھے لکھوں کو آمادہ کریں. جلسہ، معاف کیجئے گا اشتہار ختم ہوا. جئے بھٹو......
 

Azam Peer Zada
About the Author: Azam Peer Zada Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.