سیب وہ پھل ہے جس کی افادیت بچپن ہی سے کانوں میں پڑنی
شروع ہوجاتی ہے کیونکہ کہا جاتا ہے کہ ایک سیب روزانہ کھانے کی عادت ڈاکٹر
کو دُور رکھتی ہے جبکہ حالیہ تحقیقی رپورٹوں میں بھی سیب کو دیگر غذاﺅں کے
ساتھ ملانے یا دن کے مخصوص اوقات میں کھانے کے فوائد بھی سامنے آئے ہیں۔
انسٹیٹیوٹ آف فوڈ ریسرچ کی تحقیق کے مطابق سیب اور گرین ٹی میں ایسے قدرتی
کیمیائی اجزاءہوتے ہیں جو امراض قلب اور سرطان جیسے مہلک امراض سے تحفظ
دیتے ہیں۔ جب ان دونوں کو یکجا کرکے استعمال کیا جاتا ہے تو ان میں موجود
قدرتی اینٹی آکسائیڈنٹس وی ای جی ایف نامی مالیکیول کو بلاک کرتے ہیں جو
خون کی شریانوں میں چربی کو جمع نہ ہونے دینے والے عمل کو بڑھاتا ہے ۔
آئیووا یونیورسٹی نے ایک تحقیق میں سیب کے چھلکوں اور سبز ٹماٹروں میں ایک
ایسا کیمیکل دریافت کیا ہے جو عمر بڑھنے کےساتھ پٹھوں کی کمزوری کو روکتا
ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ عمر بڑھنے کےساتھ پروٹین اے ٹی ایف 4 پٹھوں
یا مسلز میں کمزوری آنے لگتی ہے جس کی وجہ جینز میں آنے والی تبدیلی ہوتی
ہے ‘تاہم دو ماہ تک سیب اورسبز ٹماٹر کا استعمال اس کی روک تھام کرتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اُن دونوں چیزوں میں پائے جانے والے قدرتی اجزاءعمر
بڑھنے سے مرتب ہونے والے اثرات کی رُوک تھام کرتے ہیں۔
سیب اور مالٹے آپ کی دماغی صحت کا تحفظ کرسکتے ہیں۔ کارنیل یونیورسٹی کی
ایک تحقیق میں ان دونوں پھلوں کے اجزاءسے جانوروں کے دماغی خلیات پر مرتب
ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا‘ جس سے معلوم ہوا کہ مخصوص اینٹی
آکسائیڈنٹس ان خلیات کو آکسیڈیٹیو اسٹریس سے تحفظ دیتے ہیں۔ محققین کے
مطابق تازہ پھل جیسے سیب اور مالٹے وغیرہ دماغی نقصان کی روک تھام اور
الزائمر امراض سے تحفظ دے سکتے ہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق روزانہ ایک کیلا یا ایک سیب کھانے
کا عمل خون کی شریانوں کی پیچیدگیوں سے لاحق ہونے والے امراض سے موت کا
خطرہ ایک تہائی حد تک کم کردیتا ہے‘ تاہم تحقیق میں کہا گیا ہے کہ یہ پھل
تازے ہونے چاہئے کیونکہ پراسیس شدہ پھل میں سے بیشتر طبی فوائد ختم ہوجاتے
ہیں۔
دوپہر کی بے وقت بھوک کی روک تھام کیلئے کھانے کے بعد ایک سیب کھالیں۔ سیب
جسم کے پانی کو اپنی جانب کھینچ کر ایک جیل تشکیل دیتا ہے جو غذا کے ہضم
ہونے کا عمل سست کردیتا ہے‘ اس سے زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس
ہوتا ہے اور بلڈ شوگر لیول مستحکم ہوجاتا ہے جبکہ انسولین کی حساسیت بہتر
ہوتی ہے۔
کارنیل یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق خریداری پر جانے سے قبل ایک سیب
کھالیں۔اس عادت کو اپنانے کے نتیجے میں لوگ صحت بخش سبزیاں اور پھل کو
خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ محققین کے مطابق خریداری سے پہلے ایک سیب کھالیں
۔
روزانہ ایک سیب کھانے کا عمل فالج کی روک تھام کرتا ہے‘ ایک ڈچ تحقیق کے
دوران 10 برس تک 20 ہزار سے زائد افراد میں پھلوں اور سبزیوں کے استعمال کا
جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ سرخ سیب کھانے کی عادت رکھنے والوں
میں فالج کا خطرہ 9 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ دیگر رنگوں والے پھلوں سے یہ
فائدہ نہیں ہوتا۔
|