جنوری کا مہینہ کشمیریوں کے لئے نئے مصائب و آلام لاتا ہے۔ مگر اس ماہ کے
تیسرے ہفتے سے ان میں شدت آ جاتی ہے ،کیوں کہ دنیا کی ایک بڑی نام جہاد
جمہوریت کسی وحشی درندے کا روپ دھار لیتی ہے۔ اسے دنیا کو اپنا سافٹ اور
مظلوم کشمیریوں کو خوفناک چہرہ دکھانا ہوتا ہے۔ بھارت کی ریاستی دہشتگردی
اور جارحیت، لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے شکارآر پار کے کشمیر ی جنگ بندی لائن
کے آر پار اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں 26جنوری ( بھارت کا72واں یوم
جمہوریہ )کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، پورے بھارت میں آزادی کے حق میں
مظاہرے ہوتے ہیں۔عوام شہریت قانو ن میں ترمیم کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ،
جو مسلم دشمنی پر مبنی ہیں۔
1935میں جرمن پارلیمنٹ نے نیورم برگ قانون منظور کیا جس کے تحت یہودیوں اور
جرمن شہریوں کے درمیان شادی پر پابندی لگا دی گئی، ان کی شہریت منسوح ہوئی،
اس کے بعد ان کا قتل عام شروع ہوا۔ 1948میں جنوبی افریقہ کی حکومت نے ایسے
قانون منظور کئے جن کے تحت کالے اور گورے کے لئے رہائشی، ٹرانسپورٹ اور
عوامی مقامات الگ الگ کئے گئے۔20ویں صدی تک امریکہ کی کئی ریاستوں میں
کالوں کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل نہ تھا۔کالوں کے بچے گوروں کے سکولوں میں
تعلیم حاصل نہ کر سکتے تھے۔ انہیں عوامی ٹرانسپورٹ میں سفر کی اجازت نہ
تھی۔ اسی طرح بھارت میں بھی ایک کالا قانون شہریت کے حوالے سے لایا گیا ہے۔
جس کے تحت مسلمان ، سکھ ، عیسائی اور دیگر اقلیتوں کی شہریت مشکوک بنا دی
گئی ہے۔ شاید یہ قوانین مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے قتل عام کی ہی کڑی
ہوں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جو گجرات کے قصائی کے طور پر جانے جاتے ہیں نے
2021کے یوم جمہوریہ پر برطانیہ کے وزیراعظم برس جانسن کو مدعو کیا تھا ۔
مگر برطانیہ کے وزیر اعظم نے بھارت کا مہمان خصوصی بننے سے انکار کر دیا
ہے۔ گزشتہ پانچ دہائیوں میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ جب بھارت اپنا نام نہاد
یوم جمہوریہ کسی غیر ملکی سربراہ حکومت یا مملکت کے بغیر منائے گا۔ گزشتہ
سال برازیل کے صدر بھارت کے یوم جمہوریہ2020 کی پریڈ میں مہمان خصوصی تھے۔
26؍ جنوری 1950ء کو بھارت میں انگریزوں کے قانون گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ1935
کی جگہ بھارت کے آئین نے لی۔اور اسے نافذ العمل کیا گیا۔ یہ آئین 26نومبر
1949کو منظور ہوا۔26جنوری کو بھارت کا یوم جمہوریہ منانے کی ایک وجہ یہ
بیان کی جاتی ہے کہ 26جنوری 1929کو لاہور میں کانگریس کے اجلاس میں جواہر
لعل نہرو کو کانگریس کاصدر منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر پہلی بار ہندوستان کی
مکمل آزادی کے لئے قرارداد منظور کی گئی۔ اور 26جنوری1930کو یوم آزادی کے
طور پر منایا گیا۔ 20سال بعد اسی دن بھارتی آئین کے نفاذ کے بعد سے یہ دن
یوم جمہوریہ کے طور پر منایاجانے لگا۔تب سے ا س دن دہلی میں پریڈ کا اہتمام
کیا جاتا ہے اور ہندوستان کے صدر سلامی لیتے ہیں۔اس موقع پر کسی ملک کے
سربراہ مملکت یا حکومت کو پریڈ پر سلامی لینے کے لئے مدعو کیا جاتا
ہے۔2018کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایسوسی ایشن آف جنوب مشرقی ایشین
ممالک یا آسیان کے 10ممالک کے سربراہان مملکت کو ایک ساتھ یوم جمہوریم پر
مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا ۔ جن میں تھائی لینڈ، ویتنام، انڈونیشیا،
ملیشیا، فلپائن، سنگاپور، برمایا میانمار، کمبوڈیا، لاؤس اور برونئی شامل
ہیں۔ ایک کے بجائے 10سربراہاں مملکت کی دہلی میں آمد اور چیف گیسٹ کے طور
پر یوم جمہوریہ پر شرکت کو بھارت نے بڑے پیمانے پر تشہیر کی۔ بھارت کا اپنی
نام نہاد جمہوریت کا دنیا میں اس طرح چرچا کا یہ موقعہ ملا ۔کیوں کہ اس
موقعہ پر بھارت اپنی فوجی طاقت کی نمائش کرتا ہے۔ پریڈ پر مہمان سلامی لیتے
ہیں۔بھارت دنیا کو گمراہ کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
2019کے یوم جمہوریہ کے لئے بھارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مہمان خصوصی
کے طور پر شرکت کی دعوت دی ، مگر ٹرمپ نے اچانک بھارتی دعوت مسترد کر دی
اور شرکت سے انکار کر دیا۔ امریکی صدر کے انکار کے بعد بھارت نے جنوبی
افریقہ کے صدر سرل راماپھوسہ کو مدعو کیا۔ جب رام چند موہن داس عرف گاندھی
جی کی 150ویں سالگرہ تقریبات ہو رہی تھیں۔ گاندھی 71 سال قبل ہندو دہشتگردی
کے شکار ہوئے ۔ کیوں کہ وہ مسلم ہندو اتحاد کی وکالت کر رہے تھے۔ انھیں
ہندو دہشتگرد نتھو رام گوڈسے نے قتل کر دیا۔گاندھی کے اس قاتل کو ہندو
انتہا پسند’’ عظیم شخصیت‘‘ قرار دیتے ہیں۔ میرٹھ شہر کو گوڈسے کے نام پر
رکھنے کی مہم بھی چلا رہے ہیں۔یہی انتہا پسند اور ان کی سرپرست بی جے پی
اور شیو سینا، آر ایس ایس بھارت پر آج حکومت کر رہی ہیں۔ مقبوضہ جموں و
کشمیر سمیت شمال مشرقی بھارت کی ریاستوں میں یہ دن یوم سیاہ کے طور پر
منایا جاتا ہے۔ مگر اس کی کم تشہیر ہوتی ہے۔ انڈیا کی دیگر ریاستوں کے
برعکس مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاکھوں لوگوں کو جو پہلے سے تاریخ کی طویل
ترین پابندیوں کی زد میں ہیں،کریک ڈاؤن اور ناکہ بندیوں، گرفتاریوں کا شکار
بنایا جاتا ہے۔برفباری اور شدید سردی میں انہیں ان کے گھروں میں بند رکھ کر
اور سخت محاصرے میں پریڈوں کا بندو بست کیا جاتا ہے۔ سب سے بڑی تقریب
سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں ہوتی ہے۔ بھارتی فورسز ہفتوں پہلے ہی بخشی
اسٹیڈیم اور اس کے نواحی علاقوں پر قبضہ جما لیتے ہیں، سرکاری عمارتوں کے
ساتھ ساتھ رہائشی عمارتوں پر بھی جبری قبضہ کرکے چھتوں پرمورچہ بندی کی
جاتی ہے۔ بخشی اسٹیڈیم کے نزدیک لعل دید چلڈرن ہسپتال کے مریضوں تک کو تشدد
کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔مریض اور ان کے تیماردار گرفتار کئے جاتے ہیں۔ آج
بھی یہی حال ہے۔ کشمیری عوام بھارتی پابندیوں اور ناجائز قبضے کے خلاف اور
آزادی کے حق میں مکمل ہڑتال پر ہیں۔ دن کو یومِ سیاہ اور رات کو مکمل بلیک
آؤٹ کیا جاتا ہے۔ اس طرح کشمیری عوام بھارتی جبری قبضے اور نسل کش پالیسی و
مظالم کے خلاف اپنے سخت ردّعمل کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ سلسلہ جاری ہے۔ لوگ
کرفیو کو توڑ کر احتجاجی مظاہرے کرتے ہیں۔ جگہ جگہ سیاہ پرچم لہراتے ہیں
اور ہندوستانی پرچم کو اور بھارتی حکمرانوں کے پتلوں کو نذر آتش کیا جاتا
ہے۔ اس طرح کشمیری جنگ بندی لائن کے آرپار اور دنیا بھر میں ہندوستانی نام
نہاد جمہوریت کو بے نقاب کرتے ہیں۔ کشمیری ہر روز بھارتی ریاستی دہشتگردی
کا نشانہ بنائے جاتے ہیں۔
بھارت نے کروڑوں عوام کو غلام بنا رکھا ہے اور عوام کا قتل عام کیا جا رہا
ہے۔ہندوستان اپنی جمہوریت پسندی کا ڈھنڈورا پیٹتا ہے اور کہا جاتا ہے وہ
دنیا کی ایک بڑی جمہوریت ہے۔ انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے والے ہندوستان نے
جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کو چھین رکھا ہے اور مقبوضہ ریاست کو اپنی
فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ دنیا پر جنت کا منظر پیش کرنے والے خطے
کو قید خانہ بنا دیا ہے۔ جہاں معصوم عوام کا قتل عام جاری ہے اور اس سرزمین
کو لہو لہاں کر دیا گیا ہے۔ کہتے ہیں کہ ہندوستان کو اپنا آئین بنانے میں
3سال لگ گئے۔ 26 جنوری1950ء کو آئین نافذ کردیاگیا۔ لیکن یہ آئین کشمیریوں
کی آزادی اور ہندوستانی حکمرانوں کے وعدوں یا بھارتی فوج کے جبری قبضے کو
ختم کرنے کے سلسلے میں خاموش ہے۔اس آئین کی دفعہ 370اور35اے کا خاتمہ کر
دیا گیاہے۔کشمیریوں کو مزید غلامی کا شکار بنا دیا گیا ہے۔ بھارتی قانون
عوام کی سہولت کے بجائے عوام کو غلام بنانے کے لئے منظور کے جا رہے
ہیں۔لیکن کشمیری ہندوستان کے آئین کو تسلیم نہیں کرتے اور ہندوستان کے اس
غیر حقیقت پسندانہ آئین کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل بھی قبول نہیں کرتے۔
ہندوستان کے جن لوگوں نے انگریزوں سے آزادی کیلئے جنگ لڑی، انہیں بھارتی
آئین فریڈم فائٹرز جبکہ کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑنے والوں کو دہشت گرد قرار
دیتا ہے۔ ایسے آئین کی کیا اہمیت ہے جو تضادات سے بھرا پڑا ہے۔ تضادات کے
شکار اس آئین کا جشن منانے کیلئے ہر سال 26جنوری کو تقریبات کا انعقاد ہوتا
ہے۔ دہلی میں لال قلعہ کے سامنے پریڈیں ہوتی ہیں۔ 21توپوں کی سلامی دی جاتی
ہے۔ فوجیوں کو سب سے بڑے ایوارڈز ’’اشوک چکر، کیرتی چکر اور پرم ویر چکر‘‘
دیئے جاتے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم اور مظلوم و نہتے کشمیریوں
کو قتل کرنے پر بھی ہندوستانی فوج کو تمغے دیئے جاتے ہیں۔ اور یہ تمغے 26
جنوری کو ہی دیئے جاتے ہیں۔ اس سے بڑا مذاق اور کیا ہوسکتا ہے کہ کشمیری
نہتے لوگوں، بچوں اور بزرگوں کو قتل کرنے پر ہندوستانی فوج کوجمہوریہ کے دن
تمغے دیئے جاتے ہیں۔ جن وردیوں پر لاکھوں کشمیریوں کے خون کے چھینٹے ہیں ان
پر تمغے سجا دیئے جاتے ہیں۔ ہندوستان کے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں اور
جنونیوں کی فوج اپنے یومِ جمہوریت پر جشن مناتی ہے۔آسیان حکمران اس سال
بھارت کیمہمان خصوصی ہیں۔ وہ اس پریڈکا معائنہ کریں گے۔
26 جنوری کو ہر سال ہندوستان دنیا کو گمراہ کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں
دیتا۔ یہ عجب اتفاق ہے کہ ہندوستان کے پہلے نام نہاد یوم جمہوریہ پر
انڈونیشیا کے صدر سکارنو کو ہندوستان نے مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا
تھا اور انہوں نے ہندوستانی فورسز کی پریڈ کا معائنہ کیا اور 60 سال بعد
2011ء کے ہندوستانی یوم جمہوریہ پر بھی مہمان خصوصی کے طور پر انڈونیشیا کے
صدر کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔ اوریہ بھی ایک حیرت ناک بات ہے کہ پاکستان کے
گورنر جنرل ملک غلام محمد1955ء اور پاکستان کے وزیر خوراک و زراعت رانا
عبدالحمید1965ء کو ہندوستانی یوم جمہوریہ پر مہمان خصوصی کے طور پر شریک
ہوئے۔اور پھر اس ملک نے اپنے یوم جمہوریہ کے مہمان خصوصی کے ملک پر قبضہ کے
لئے جنگ کی۔ ایک ایسا ملک جس نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا، کشمیری
مسلمانوں کا قتل عام کیا اس کے یوم جمہوریہ پر پاکستان کی دو بار مہمان
خصوصی کے طور پر شرکت اور قابض افواج کی پریڈ اور جشن میں شریک ہونا تاریخ
کا ایک انوکھا واقعہ ہے ۔ ہندوستان میں قیام پاکستان کے وقت لاکھوں
مسلمانوں کا قتل عام ہوا اور مسلم کش فسادات میں ایک لاکھ سے زیادہ
مسلمانوں کو ریاستی پشت پناہی میں انتہائی بے دردی سے شہید کیاگیا اور جس
ملک کے آئین میں مسلمانوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا گیا ہے۔
مسلمانوں سے امتیازی سلوک برتا جاتا ہے۔ اسی ملک کے یوم جمہوریہ کے جشن میں
مسلم ممالک سعودی عرب، ایران اور انڈونیشیا کے حکمرانوں کی بطورِ مہمان
خصوصی شرکت ایک سوالیہ نشان سمجھا گیا۔ بھارتی فوجی اور ان کے حکمران
انسانیت کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔ معصوموں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ بھارتی
فورسز سنگین جنگی جرائم کی مرتکب ہیں۔جسے لاکھوں کشمیریوں کے قتل عام میں
مجرم قرار دے کر انٹرنیشنل ٹریبونل میں مقدمہ چلا کر پھانسی دی جائے۔ انہیں
میڈلز دیئے جاتے ہیں۔ ترقیوں سے نوازا جاتا ہے۔ یہ دنیا کا ایک عجیب
جمہوریہ ہے۔ جو نہتے اور معصوم عوام کے قتل عام اور نسل کشی کو جائز سمجھتا
ہے اور اپنی دہشتگردی فورسز کو تمغے دیتا ہے۔ آج بھارتی فوجی کشمیر کی جنگ
بندی لائن کے آر پار نہتے عوام پر گولہ باری اور فائرنگ کر رہے ہیں۔
خواتین، بچوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ورکنگ باؤنڈری اور سرحد پر بھی
بھارتی جارحیتہوتی ہے۔ بھارت جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
عجیب بات ہے کہ ایک طرف بھارت کو دو سال کے لئے یو این سلامتی کونسل کا غیر
مستقل ممبر بنا دیا گیا ہے مگر دوسری طرف بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں
پر گزشتہ 73سال سے عمل کرنے سے انکار کر رہا ہے ۔ بھارت اقوام متحدہ کے
فوجی مبصرین کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کام کرنے سے روک رہا
ہے۔ کشمیریوں کو ریفرنڈم کا موقع دینے کے مطالبات کرنے والوں کو گولیوں سے
خاموش کر رہا ہے۔ ایسے ملک کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر غیر ملکی حکمران
مدعو کئے جاتے ہیں اور کوئی بھی امن پسند ملک اس پر احتجاج نہیں کرتا ۔
کوئی دنیا کوبھارت کا اصلی چہرہ دکھانے کی طرف توجہ نہیں دیتا۔ نام نہاد
بھارتی یوم جمہوریہ کے بارے میں پاکستان کی سفارتی لابنگ رنگ نہیں لاتی۔
اسلام آباد میں عمران خان حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ محاذ آرائی ، ٹیکسوں
میں اضافے، بیروزگاری اور مہنگائی میں اضافے کے بجائے بھارتی جارحیت اور
انسان دشمنی کے خلاف اپنے سفارتکاری اور لابنگ میں اضافہ کرنا چاہیئے۔۔
دنیابھر میں پاکستان کے سفارتکار سرگرم ہوں اور اسلام آباد میں دنیا کے
سفارتی مشنز کو بھی اس بارے میں حقائق بتائے جا ئیں۔ غفلت اور سستی بھارت
کو جارحیت کے لئے کھلی چھوٹ دینے کے مترادف ہو گی۔ بھارت کو تماشہ لگانے کی
آزادی دینے کی کیا وجہ ہے جب کہ وہ کھل کر پاکستان کے خلاف دہشتگردی، جنگ
اور جارحیت مسلط کر رہا ہے اور جنگ بندی لائن کے آر پار نہتے عوام کا قتل
عام کر رہا ہے۔
|