بحری جہاز ٹائٹینک پر 2230 لوگ سوار تھے، جن میں سے 706
کو بچا لیا گیا تھا، اس کا مطلب ہے کہ تقریباً 1500 سے زیادہ لوگ ڈوب گئے
تھے.
جبکہ ہالی وڈ فلم ٹائٹینک میں تقریبا تمام لوگ ڈوب کر، اور ہیرو چند گھنٹے
بعد سردی کی شدت سے مرتا ہے.
جس نے بھی یہ فلم دیکھی، ان میں سے ڈوبنے والے سینکڑوں بچوں، بوڑھوں، مردوں
یا خواتین کے ساتھ کسی کو بھی کبھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نہیں دیکھا
گیا، اور نہ ہی کسی کی طرف سے ان کی کہانیوں میں دلچسپی ظاہر کرتے، حالانکہ
وہ سب بھی بڑی بے بسی سے ڈوبتے اور مرتے ہوئے دکھائے گئے.
فلم دیکھنے والے ہر شخص کی تمنا صرف یہ تھی کہ بس ہیرو اور ہیروئن ڈوبنے سے
بچ جائیں.
کیا ہم میں سے کسی نے کبھی اپنے آپ سے پوچھا ہے کہ کیا وجہ ہے جو اس فضول
سے نکمے، چور، شرابی اور جواری ہیرو کے ساتھ تو فلم دیکھنے والا ہر شخص
ہمدردی رکھتا ہے، جبکہ دوسری طرف اسی کی مانند انتہائی بے بسی سے ڈوب کر
مرنے والے ہزاروں لوگوں کی پرواہ کسی کو بھی نہیں، بلکہ ہر کوئی دل تھام کر
بس ہیرو اور ہیروئین کے اوپر ہی توجہ مرکوز رکھتا ہے؟
اگر غور کیا جائے تو یہ بات آسانی سے سمجھ سکتے ہیں.
اس کی وجہ صرف اور صرف یہ ہے کہ "پروڈیوسر" صرف فلم کے ہیرو اور ہیروئین کو
نمایاں کئیے ہوئے تھا، کیمرہ گھما پھرا کر انہی کو دکھاتا تھا اور ڈائیلاگ
بھی زیادہ تر انہی کے دکھائے جاتے تھے، گویا کہ اس جہاز میں صرف یہی دو لوگ
سوار تھے.
اس لئے فلم دیکھنے والا ہر شخص بھی انہی کو بھرپور توجہ و ارتکاز سے دیکھتا
ہے، اور ان کے علاوہ ڈوبنے والے ہزاروں لوگوں کو بھی قطعی خاطر میں نہیں
لاتا.
بالکل اسی طرح "اسلامو فوبیا" میں مبتلا "طاغوتی و دجالی میڈیا" کشمیر،
افغانستان، فلسطین، شام، عراق، اور برما میں ہر روز ظلم و بربریت کا شکار
ہو کر قتل ہونے والے سینکڑوں مظلوم و بے قصور مسلمانوں کا تو ذکر تک نہیں
کرتا، جبکہ اداکاروں کے ناشتوں، سیاہ کاروں کے مذاکرات، بدکاروں کے اجلاس
اور بیکاروں کے تماشوں کو ہمارے لئیے با قاعدہ مرکز نگاہ بنائے رکھتا ہے،
تاکہ پورے عالم اسلام کو خواب غفلت میں مبتلا کرتے ہوئے ان کو اصل حقیقت
حال سے انجان رکھ کر فضولیات میں پھنسا دیا جائے.
اسی کو "میڈیا پراپیگنڈا" کہتے ہیں، جو کہ موجودہ دنیا میں جاری ففتھ
جنریشن وار میں استعمال ہونے والا مہلک ترین ہتھیار ہے، اور انتہائی سریع
الاثر "سلو پوائزن" کے انداز میں کام کرتا ہے.
یہ "میڈیا پراپیگنڈا" ہی ہے کہ جس نے بیسویں صدی سے شروع کر کے اب تک کے
نہایت مختصر عرصے میں آج دنیا میں بسنے والی بیشتر قوموں کی شناخت، تاریخ،
مذہب، ادب، زبان، ثقافت، لباس، مزاج اور حتیٰ کہ رہن سہن کو بھی تروڑ مروڑ
ایک ملغوبہ یا چوں چوں کا مربہ بنا کر رکھ دیا، اور ان کے اصل ہیروز کی جگہ
مغربی کرداروں اور کرش، سپر مین، سپائیڈر مین، آئرن مین، بیٹ مین، ہلک اور
تھور وغیرہ وغیرہ جیسے خیالی سپر نیچرل طاقتوں کے حامل "کامک ہیروز" نے لے
لی.
دیر آید درست آید کے مصداق اس بات کا ادراک پورے عالم اسلام میں سب سے پہلے
شائد ترک رہنما و حکمران "رجب طیب اردوغان" نے کیا، اور "میڈیا پراپیگنڈا"
کا مقابلہ میڈیا سے ہی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 2014 میں عظیم اسلامی خلافت
عثمانیہ کی بنیاد رکھنے والے سچے مسلمان ہیرو ارطغرل غازی کی جدوجہد سے
بھرپور حقیقی زندگی پر مبنی ڈرامہ "ڈرلس ارطغرل" بنانے اور ففتھ جنریشن وار
میں" میڈیا پراپیگنڈا" جیسے مہلک ترین ہتھیار کے مقابلے پہلے اور موثر ترین
"ڈیفینس اینڈ سٹرائیک سسٹم" کے طور پر لانچ کرنے کا حکم دیا، تاکہ نہ صرف
عالم اسلام کی نوجوان نسل پر سے پرائے، جھوٹے اور مصنوعی مغربی کرداروں و
کامک ہیروز کا تاثر زائل کیا جائے، بلکہ ان کو ان کے ایک حقیقی ہیرو سے بھی
روشناس کرایا جائے، کہ جس سے متاثر ہو کر وہ اپنی اصل شناخت، مقصد اور باقی
حقیقی ہیروز کے بارے جاننے میں دلچسپی لینے پر مجبور ہوں.
ان کے اس نہایت احسن اقدام کو اللہ پاک کی خصوصی خیر و برکت کے باعث نہ صرف
عالم اسلام بلکہ باقی دنیا میں بھی غیر معمولی پزیرائی نصیب ہوئی، اور
مسلمان نوجوان نسل پر اس کے نہایت گہرے و مثبت اثرات پیدا ہوئے، جس سے ان
میں اپنی حقیقی شناخت، مقصد اور اصل ہیروز کے بارے جاننے کا تجسس، رغبت اور
لگن پیدا ہوئی.
گزشتہ سے پیوستہ اسی "ڈیفینس اینڈ سٹرائیک سسٹم" کا جدید ورژن بھی، عظیم
مسلمان مجاہد "جلال الدین خوارزم شاہ" کی حقیقی زندگی اور جدوجہد پر مبنی
ڈرامہ کی شکل میں لانچ ہو چکا ہے، جو انشاءاللہ عالم اسلام کو اس کے اصل سے
اور قریب لے جائے گا.
انہی خیالات و مقاصد کے حامل پاکستانی رہنما "عمران خان" نے 2018 میں
حکمرانی سنبھالتے ہی اس مایہ ناز ترک ڈرامے کو اردو زبان میں قومی ٹی وی
چینل PTV پر دکھانے کا حکم دیا، تاکہ پاکستانی قوم بھی "طاغوتی و دجالی
میڈیا" کے تاثر سے باہر آئے، اور پھر سے دنیا کی امامت کے اقبال کے خواب کی
تعبیر کے حصول کے لئیے کوشاں ہوا جا سکے.
اللہ پاک ان دونوں مسلمان رہنماؤں کو ان کے عظیم نیک مقاصد میں ضرور کامیاب
فرمائیں گے. آمین ثم آمین |