لاہوریوں کیلئے بڑا تحفہ، جوبلی ٹاؤن میں ملک کا
جدید ترین "انڈس ہسپتال پنجاب " انڈس ٹرسٹ نے ملک بھر میں 13ہسپتال قائم
کئے ہیں ان میں سے کراچی اور لاہور میں صرف دو ہسپتالوں پر35ارب روپے لاگت
آئے گی۔لاہور کا انڈس ٹرسٹ ہسپتال مکمل طور پر مفت علاج معالجہ کی سہولیات
فراہم کر ے گا۔اس ہسپتال میں مفت علاج معالجہ کی سب سے بڑی مثال یہ ہے کہ
یہاں کوئی کیش کاؤنٹر ہی موجو د نہیں ہے یہ مکمل طور پر فائر فری ہسپتال ہے
جہاں آؤٹ ڈور میں چار اور ان ڈور میں تین شعبہ جات کے مریضوں کے لئے علاج
معالجہ شروع کر دیا گیا ہے ۔لاہور کا یہ مثالی انڈس ہسپتال سات بڑی کمپنیز
کے گروپ کے مالکان نے مل کر بنایا ہے جس پر تقریباً سولہ ارب روپے لاگت آئے
گی۔یہ ہسپتال تیس ایکڑ پر محیط ہے اور اس کا کورڈ ایریا نو لاکھ چھتیس ہزار
سکوائرفٹ ہے یہ ہسپتال مکمل فری ہو گا اور اس بات میں صداقت یہ ہے کہ اس کے
اندر ایک بھی کیش کاؤنٹر قائم نہیں کیا گیاایک مریض پر تیس لاکھ تک بھی
خرچہ آیا تو اس کا علاج مفت ہو گا۔ آج یہ پراجیکٹ دیکھ کر روح کو سکون آگیا
یہ دنیا کا مثالی ہسپتال ہو گا۔سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ انڈس ٹرسٹ کے کسی
ہسپتال میں سفارش نہیں چلے گی کیونکہ یہ لوگوں کے لئے کھولا گیا ہے اور ان
سے بڑھ کر کسی کی سفارش کی ضرورت نہیں۔ مریض کو علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ
کھانا بھی فری ملے گا۔ یہ ہسپتال چھ سو بیڈ پر مشتمل ہو گا جو 2025ء میں
مکمل طور پر اﷲ کے فضل سے فنکشنل ہو جائے گا۔ آؤٹ ڈور اور ان ڈور کے
تین،تین شعبہ جات فنکشنل ہو گئے ہیں گائنی ،پیڈز،فیملی میڈیسن،انٹرنل
میڈیسن اور اطفال کے شعبہ جات میں کام شروع ہو گیا ہے جہاں مریضوں کا علاج
معالجہ میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جارہی۔یہاں ہسپتال کے وارڈ ز کو مکمل
فائر فری بنایا گیا ہے پردے اور چادروں اور دیواروں پر ایسا میٹریل لگایا
گیا ہے کہ اگر خدا نخواستہ آگ بھی لگ جائے تو چار گھنٹے تک اثر انداز نہیں
ہو گی۔انہوں نے کہاکہ وارڈز صرف تین سے پانچ بیڈ پر مشتمل ہو گی،آئیسو لیشن
روم صرف ایک بیڈ پر مشتمل ہو گا،آپریشن تھیٹر اور آئی سی یو مکمل طور پر
جراثیم فری ہوں گے کیونکہ فرش میں ٹائیلیں نہیں لگائی گئی بلکہ مخصوص و
جدید فرش استعمال کیا گیا ہے۔جبکہ ہسپتال کا ماحول مریض دوست اور صحت دوست
بنایا گیا ہے۔اس کے لئے عملے کو مریضوں کے ساتھ خصوصی پیار اور شفقت کرنے
کی تلقین کی گئی ہے جو ہمارے لئے وی آئی پی کی حیثیت رکھتے ہیں۔یہ سب دیکھ
کر راقم دل سے دعا کرنے پر مجبور ہے ان عظیم مسیحاوں کے لیے جو دل میں عام
انسانیت کا درد رکھتے ہے،پاکستان میں اگر مسیحاوں کی فہرست مرتب کی جائے تو
ممکن ہے کہ ڈاکٹرعبدالباری ( بانی آل انڈس ہسپتال)کا نام سر فہرست ملے۔اہل
علم اور شعور رکھنے والی تمام شخصیات ڈاکٹر عبدالباری کے بارے جانتے ضرور
ہوں گے۔ ڈاکٹر عبد لباری (سی ای او انڈس ہسپتال نیٹ ورک)ایک عظیم شخصیت کا
نام ہے۔ یا د رہے مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان (MAP) نے انسانیت کے لئے
زندگی بھر اپنی خدمات وقف کرنے پر، سی ای او انڈس ہسپتال نیٹ ورک، پروفیسر
ڈاکٹر عبدالباری خان، کو لائف ٹائم ایوارڈ سے نوازا ہے۔ ڈاکٹر عبدالباری
خان نے معاشرے کے غیر مراعات یافتہ مستحق لوگوں کو صحت کی معیاری دیکھ بھال
کی خدمات فراہم کرنے سمیت ملک کے لئے مثالی مخیرانہ اور سماجی کام کیا
ہے۔یہ ایوارڈ MAP کے 34 ویں کارپوریٹ ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب منعقدہ
کراچی میں اپریل 2019 ء میں دیا گیا۔MAP کی سفارش کے مطابق ایشین ایسوسی
ایشن آف منیجمنٹ آرگنائزیشن(AAMO) نے بھی پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان کو
ایشین لیڈر شپ ایوارڈ سے نوازا۔ کوالالمپور ملائشیا میں اپریل 2019 میں
ہوئی (AAMO) کی اس تقریب کی صدارت ملائشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر بن
محمد نے کی۔ اس موقع پر MAP کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر،صلاح الدین بھی منیجمنٹ
ایسوسی ایشن آف پاکستان کی نمائندگی کے لئے موجود تھے۔منیجمنٹ ایسوسی ایشن
آف پاکستان (MAP) ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو ملک بھر میں مخیرانہ افراد
اور اداروں کی جانب سے مخیرانہ اور فلاح و بہبود کی خدمات کو فروغ دیتا ہے
اور ان پر یقین رکھتا ہے۔یاد رہے ڈاکٹر عبدالباری خان کے والد خیبر
پختونخواہ سے تعلق رکھتے تھے, یہ 1956ء میں کراچی شفٹ ہوئے اور کپڑے کی
تجارت شروع کر دی. وہ تہجد گزار تھے اور دعا ہمیشہ بآواز بلند کرتے تھے, وہ
ہمیشہ اپنے بڑے صاحبزادے مفتی محمد جمیل خان کا نام لے کر فرماتے تھے "یا
اﷲ اس سے دین کا کام لے اور ڈاکٹر عبدالباری کیلئے دعا کرتے تھے یا
پروردگار اس سے فلاح وبہبود کی خدمت لے" اﷲ تعالیٰ نے یہ دونوں دعائیں قبول
کر لیں. مفتی محمد جمیل خان ملک کے مشہور عالم دین بنے, انہوں نے اقراء
روضہ الاطفال کے نام سے ادارہ بنایا. ملک میں اس وقت اس کی 175شاخیں ہیں جن
میں 80 ہزار بچے زیر تعلیم ہیں. یہ اکتوبر 2004 ء میں شہید ہو گئے, جبکہ
ڈاکٹر عبدالباری خان اس وقت ملک کا سب سے بڑا چیریٹی ہسپتال چلا رہے ہیں,
یہ شاید دنیا کا واحد چیریٹی ہسپتال ہو گا جس میں کسی مریض (وہ خواہ امیر
ہے یا غریب) سے کسی قسم کی فیس نہیں لی جاتی, ہسپتال کا سالانہ بجٹ اربوں
روپے ہے, یہ بجٹ لوگوں کی زکوٰۃ اور صدقات سے پورا ہوتا ہے. مریض آتے ہیں,
اپنی باری پر اندر جاتے ہیں اور مرض دل کا ہو یا کینسر کا علاج کرا کے گھر
واپس چلے جاتے ہیں. ہسپتال میں ’’ڈونیشن باکس‘‘ موجود ہیں, مریض اگر اس میں
کچھ ڈال دے تو شکر, نہ ڈالے تو شکر الحمد ﷲ, یہ گولی سے لے کر آپریشن تک
کسی مریض سے کچھ چارج نہیں کرتے۔یہ سب دیکھ کر ان کے لیے ڈھیڑوں دعائیں
انڈس فیملی کے لیے کہ اﷲ تعالیٰ آپکو اورآپکے اہل وعیال کو دنیا کی تمام
خوشیوں سے نوازے کوئی بھی غم آپکو چھو کر بھی نہ گزرے۔صنعتکار انسانیت کی
فلاح کیلئے آگے آئیں اور رضائے خداوندی کیلئے اسں کار خیر میں حصہ لیں۔
|