کیا واقعی پاکستانیوں کے لئے یہ
ایک اچھی خبر ہے..؟یا بارش کا پہلا قطرہ
پاکستان دنیا کی 26ویں بڑی معیشت2025تک 18ویں بڑی اقتصادی قوت بن جائے گا...
جب ا ناہزارے بھارت جیسے ایک ارب کی آبادی والے ملک میں کرپشن کے خاتمے کے
لئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوسکتے ہیں تو پھرکوئی پاکستان میں بھی
ایساپیداکیوں نہیں ہوسکتا؟
یہ حقیقت ہے کہ جب سے ہمارا وطن عزیز پاکستان جو بے شمار انسانی جانوں کی
قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیاہے اِس نے کامیابیوں سے زیادہ ناکامیاں
اور مشکلات اور پریشانیاں ہی اپنے دامن میں سمیٹیں ہیں یوں تب ہی سے اغیار
نے اِسے پنپنے ہی نہیں دیاہے اور اِن کی جانب سے قدم قدم پر اِس کے خلاف
طرح طرح کی سازشیں تیار کی جاتی رہی ہیں اور یہ ہر لمحہ اِن کی تیارکردہ
کسی نہ کسی سازش کا شکار ہوتا رہا ہے اگر کسی کو ہماری اِس بات پر پھر بھی
یقین نہ آئے تو ہمیں یہ کہنے دیجئے وہ اپنے اردگرد نظریں دوڑائے تو اِسے
پورایقین آجائے گا کہ ہماری اِن سطور کے رقم کرنے تک بھی ہمارایہ پیاراوطن
پاکستان اغیار کی سازشوں کی وجہ سے اپنی تاریخ کے ایک انتہائی نازک دورے سے
گزررہاہے مگر اِن تمام حقائق کے باوجود بھی یہ نکتہ ہم پاکستانیوں کے لئے
قابل تحسین ضرور ہے کہ واشنگٹن سے آنے والی ایک خبر میں شاید کسی امریکی
ادارے نے پہلی بار اپنی غیر جانبداری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے پاکستان سے
متعلق حق اور سچ پر مبنی اپنی تحقیقات میں اِس بات کا برملا اظہار کچھ یوں
کیاہے کہ” پاکستان جو دنیا کی 26ویں بڑی معیشت ہے اور یہ حیرت انگیز طور پر
2025تک 18ویں بڑی اقتصادی قوت بن جائے گا“ اِس موقع پر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ
یقینا دنیاکو اِس خبر کے بعد اَب کسی بھی صورت میں پاکستان سے متعلق اپنے
اُن تمام منفی پروپیگنڈوں اورمفروضوں کی بناپر پاکستان کو ایک ناکام ریاست
گرداننے کے لئے اپنی ساری سازشی مہم کو بندکردیناچاہئے جن کے ذریعے یہ
پاکستان کو بدنام کرنے کے بہانے تلاش کرتی رہی ہے اور اَب اِس کے ساتھ ہی
دنیا کو اِس حقیقت کو بھی پوری طرح سے تسلیم کرلیناچاہئے کہ پاکستان نہ تو
پہلے کبھی ناکام ریاست رہاہے... نہ ہے .....اور نہ ہی کبھی ہوگا۔
بہرحال!وہ ایک خبر جس نے ہمیں آج اپنایہ کالم لکھنے کے لئے اُکسایااور
بیماری کے باوجود بھی ہمیں لکھنے پر متحرک کیاوہ ہم جیسے ایک محب وطن
کروڑوں پاکستانیوں کے لئے اپنے اندر خوشیوں کے بے شمار جذبات رکھتی ہے اور
ایک پاکستانی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے کہ ہم اِس
اچھی خبر کو زیادہ سے زیادہ اپنے ہم وطنوں میں پھیلانے کے لئے وہ تمام
اقدامات بروئے کار لائیں جس کے ذریعے ہمارے ہم وطنوں کو اپنے ملک سے متعلق
زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزاآگاہی حاصل ہواور اِن کے مرجھائے ہوئے چہروں پر
خوشیوں کے آثارات نمایاں ہوں اور اِن کے حوصلے بلند ہوں تو خبر یہ ہے کہ
”امریکا میں 142سال سے کام کرنے والے ایک امریکی ادارے Goldman Sachs نے
ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں اِس کے دعوے کے مطابق آبادی کے اعتبار سے
دنیاکے 6ویں اور اسلامی دنیاکے دوسرے بڑے ملک پاکستان جسے قائم ہوئے خیرسے
64سال گزرچکے ہیں جس کا شمار دنیا کی 26ویں بڑی معیشت میں ہوتاہے یقینی طور
پر 2025تک پاکستان دنیا کی 18ویں بڑی اقتصادی قوت بن جائے گا رپورٹ میں
بتایاگیاہے گرتے پڑتے حالات کے باوجود بھی چھ دہائیوں سے زائد عرصے تک
سفرکرنے والے اِس پاکستان کو دنیا میں اور کئی اعتبار سے بھی بہت سے منفرد
مقام حاصل ہیں جیسے ایدھی دنیاکی سب سے بڑی رضاکارانہ ایمبولنس سروس ،عالمی
سطح پر استعمال ہونے والے 80فیصد فٹ بال پاکستان میں بنتے ہیں،بین الاقوامی
معیار کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ملک کا دارلحکومت اسلام آباد باقاعدہ
طورپرمنصوبہ بندی کے لحاظ بنائے گئے دنیاکے چند بہترین شہروں میں سے ایک ہے
جہاں دنیاکی 6ویں اور ایشیاکی سب سے بڑی فیصل مسجدہے اور رپورٹ میں اِس بات
کا بھی انکشاف کیا گیاہے کہ ایک ہی دن میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ پودے
لگانے کا اعزاز بھی پاکستان کے پاس ہے جبکہ اِس رپورٹ میں ورلڈ اکنامک فورم
کی ”فرسٹ فنانشل رپورٹ“ کے مطابق اِس کا بھی اعتراف کیاگیاہے پاکستان
بینکنک سیکٹرنئی سروسزکی فراہمی میں بھی روس، انڈونیشیا، ترکی،پولینڈ
برازیل، فلپائن اور قازقستان سے بہترہے اِس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک
کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 10سال میں فی کس آمدنی میں سوفیصد اضافہ ہواہے
اور ساتھ ہی رپورٹ میں گیلپ کے عالمگیرسروے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاہے
کہ پاکستان کی زراعت اور اِس سے متعلقہ شعبوں میں ملک میں کاروباری ماحول
کے لحاظ سے بھی کارکردگی بہت بہتر ہوئی ہے اگرچہ اِس کے باوجود بھی ہمارے
یہاں کچھ مٹھی بھر عناصر ملک میں گندم سمیت اور دیگر اجناس کا مصنوعی بحران
پیداکرکے یہ تاثر پیداکرنے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں کہ جیسے پاکستان زراعت
اور اِس سے متعلقہ شعبوں میں کوئی بہتری نہیں لایا ہے جس کی وجہ سے ملک میں
گندم اور چینی سمیت دیگر اجناس کا بحران پیداہونامعمول بن گیاہے یعنی کہ یہ
وہی مٹھی بھر ملک دشمن عناصر ہیں جنھوں نے اپنے ذاتی اورسیاسی مفادات کے
خاطر ہر دور میں حکومتوں کو بدنام کرنے کے لئے یہ حربہ استعمال کیا اور ملک
کے عوام کی بوٹیاں نوچ نوچ کر کھاتے رہے اور اُلٹا یہی عناصر اپنا یہ تاثر
قائم کرنے میں بھی کامیاب رہے کہ جیسے یہی محب وطن پاکستانی ہیں اور باقی
سب کوڑاکرکٹ....مگر پھر بھی یہ امربڑی حد تک قرار واقعی
رہاکہAMSایگریکلچرمارکیٹنگ انفارمیشن سروس کے اعدادوشمار پر کی گئی تحقیق
سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ1947-48سے پاکستان میں کپاس کے زیرکاشت رقبے
میں151اور پیداوار میں1067،چاول کے زیرکاشت رقبے میں265اور پیداوار
میں909،گنے کے زیرکاشت رقبے پر398اور پیداوار میں807،گندم کے زیرکاشت رقبے
میں 131اور پیداوار میں 606فیصد یقینی اضافہ ہواہے جو قابل اطمینان ہے
پاکستان کی اِس حوصلہ افزاصورت حال کے باعث ہیرٹیج فاؤنڈیشن کے ”انڈیکس آف
اکنامک فریڈم 2011کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی ہر لحاظ سے بھارت، بنگلہ
دیش،چین، روس اور ایران سے بہتر ہے (رپورٹ میں یہ بات بھی واضح طور پر کہی
گئی ہے کہ فی کس آمدنی ،اوسط عمراور غربت کی شرح میں پاکستان کی کارکردگی
اپنے پڑوسی اور حریف ملک بھارت کے مقابلے میںبہت بہتر ہے) جبکہ انٹرنیٹ
استعمال کرنے کے حوالے سے پاکستان کا دنیا کاوہ ملک ہے 15واں نمبر ہے اور
اِسی طرح ہماراملک مسلم دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو ایٹمی صلاحتیوں سے پوری
طرح مالامال ہے اِس رپورٹ میں اِس بات کا بھی برملاطور پر اعتراف کیاگیاہے
کہ پاکستان کی افواج اپنی پیشہ وارانہ کارکردگی کے لحاظ اقوام متحدہ میں
بھی بھر پور طریقوں سے سرگرم ہے اور بین الاقوامی طور پر پیداہونے والی ہر
صورت حال میں ہمیشہ سرگرم رہتی ہے۔
اِس موقع پرہم یہ سمجھتے ہیں کہ اِس ساری حوصلہ افزاصورت حال کے باوجود
امریکا اور اِس کے دیگر دوست ممالک جو اپنے مفادات کے حصول کے خاطر پاکستان
میں سیاسی ، مذہبی اخلاقی اور معاشی و اقتصادی طور پر عدم استحکام پیدا
کرکے اِسے ایک ناکام ریاست قرار دینے کے لئے ہمیشہ کمربستہ رہتے ہیں اِنہیں
اَب تو اپنے کرتوتوں پر شرم آجانی چاہئے اِس لئے کہ اَب یہ کس منہ سے
پاکستان کو دنیا کی ایک ناکام ریاست گرداننے کے لئے کوشاں ہیں جبکہ پاکستان
اپنے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہر لحاظ سے بہت بہتر ہے ہماری
امریکاسمیت اُن پاکستان دشمن ممالک سے یہ عرض ہے کہ وہ اِس امریکی ادارے
Goldman Sachs جو 142سال سے کام رہاہے اِس کی یہ رپورٹ ضرور پڑھ لیں جس نے
اپنی رپورٹ میں واضح اور دوٹوک الفاظ میں جگہ جگہ اِس بات کا اعتراف کیا ہے
کہ پاکستان ہر لحاظ سے ایک کام یاب ریاست ہے اور اِسے ناکام ریاست تصورکرنے
والے اِسے اِس طرح بلیک میل کرکے اِسے اپنے گھناؤنے مقاصد کے لئے استعمال
کرناچاہتے ہیں۔اور اپنی اُن سازشوں کو چھوڑ دیں جن کے پسِ پردہ چھپے مقاصد
کی آڑ میں یہ پاکستان کو ناکام ریاست قرار دینے میں لگے پڑے ہیں ۔
مگر پھر بھی ہم اپنے پاکستانی ہم وطنوں سے بھی اتناضرور کہیں گے کہ کہ اِن
ڈھیر ساری خوبیوں کے مالک اپنے اِس وطن پاکستان کو مزید ترقیوں اور
کامرانیوں سے ہمکنار کرنے کے لئے اِن میں سے کوئی ایک شخص ملک سے بڑھتے
ہوئے کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے لئے بھی ضرور اُٹھ کھڑاہو کیوں کہ جب ا
ناہزارے بھارت جیسے ایک ارب کی آبادی والے ملک میں بھارتیوں کی لاج رکھنے
اور اِن کی انا اور وقار کو دنیا بھر میں قائم رکھنے اور بہتر انداز سے
پروان چڑھانے کے لئے اپنے ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے بارش کا پہلا قطرہ
ثابت ہوسکتے ہیں تو پھرکوئی پاکستان میں بھی ایساپیداکیوں نہیں ہوسکتا ہے؟ |