کل کی خبر نہیں

دور کے رشتہ داروں میں ایک لڑکی کی اپنے شوہر اور سسرال والوں کے ساتھ شدید گھریلو ناچاقیوں اور پُر تشدد کارروائیوں کی بناء پر بذریعہ عدالت خلع لے لی گئی ۔ ایک چھوٹی سی ننھی بچی تھی اسے خرچے اور حق مہر سے دستبردار ہو کر مستقل تحویل میں لے لیا گیا ۔ دو چار سالوں بعد لڑکی کا ایک رنڈوے شخص سے رشتہ طے ہؤا جس کے پہلے سے دو بچے تھے ۔ بھلا آدمی تھا اس نے منوا لیا کہ بچی کو اس کی ماں سے جدا نہیں کیا جائے گا وہ ننھیال میں نہیں بلکہ میرے گھر میں میرے بچوں کے ساتھ ہی پلے گی ۔ شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کا آپس میں پیار اور اتفاق حیران کن اور مثالی تھا ۔ دونوں ہی ایکدوسرے کے بچوں میں قطعی فرق نہیں کرتے تھے ۔ پھر ان کے ہاں تین بچے ہوئے کبھی کسی موقع پر ان سے وہ لطیفے والا مذاق بھی کیا جاتا کہ بھئی تمہارے ہاں وہ سین ہوتا ہے؟
پہلے تمہارے بچوں نے میرے بچوں کو مارا
پھر میرے بچوں نے تمہارے بچوں کو پیٹا
اب تمہارے اور میرے بچے مل کر ہمارے بچوں کی مرمت کر رہے ہیں

متذکرہ لڑکی کے سابقہ شوہر کی حیرت انگیز طور پر اس کی طلاق کے صرف چھ ماہ بعد دوسری شادی ہو گئی تھی ۔ چھ ماہ مزید گزرے تو طبیعت مسلسل خراب رہنے اور کچھ علامات کی بناء پر ٹیسٹ وغیرہ ہوئے تو کینسر تشخیص ہؤا ۔ علاج معالجہ شروع ہؤا مگر وہ شخص بمشکل ایک سال نکال سکا یعنی اپنی طلاق کے ٹھیک دو سال بعد وہ چل بسا ۔ اور اس عرصے کے دوران اس کے ہاں بھی ایک بیٹا پیدا ہؤا جسے اس کی بیوہ ساتھ لے کر اپنے ماں باپ کے گھر واپس چلی گئی تھی ۔ یہ بھی معلوم ہؤا تھا کہ وہ لڑکی اپنے سابقہ شوہر کی شادی والے دن اپنی بیٹی کو بار بار کہہ رہی تھی کہ بیٹا! تمہارے ابا کی شادی ہے اس میں جانا ہے؟

پھر اس کے ڈیڑھ برس بعد جب اس کے انتقال کی خبر ملی تو مسئلہ زیر بحث آیا کہ آیا بچی کو اس کے باپ کے جنازے پر لے جایا جائے یا نہیں؟ مگر اس بد نصیب شخص نے تو پلٹ کر اپنی بیٹی کی خبر ہی نہیں لی تھی اور صرف خرچے سے بچنے کے لئے بچی کو لکھ کر قانونی طور پر ہمیشہ کے لئے اس کی ماں کے حوالے کر دیا تھا ۔ بچی سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے جانتا ہی نہیں تھا کہ وہ تو خود دنیا میں اب مہمان ہی دو برس کا رہ گیا ہے ۔ وہ خلع کے کاغذات کے ساتھ ساتھ اپنی وداعی کے پروانے پر بھی دستخط کر رہا ہے ۔
 

Rana Tabassum Pasha(Daur)
About the Author: Rana Tabassum Pasha(Daur) Read More Articles by Rana Tabassum Pasha(Daur): 235 Articles with 1877404 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.