لارڈ نذیر٬ علی گڑھ برق رفتار دروغ گو وزیراعظم

شیخ شرف الدین سعدی ؒ ایک حکایت میں لکھتے ہیں کہ ایک درویش کو بخار ہوا تو کسی نے رائے دی کہ فلاں شخص سے گلقند مانگ کر لے آﺅ اور استعمال کرو تو اس سے یہ تیز بخار اُتر جائے گا اتفاق سے جس شخص کے پاس گلقند تھی وہ انتہائی سخت بدمزاج تھا اور لوگ اس کی بدمزاجی اور ترش روئی سے پناہ مانگتے تھے درویش نے جواب دیا کہ اے بیٹے میرے لیے موت کی تلخی چکھنا آسان ہے لیکن اس بدمزاج کی ترش روئی برداشت کرنا نہ ممکن ہے ۔
مردود پئے ہرچہ دل خواہدت
کہ تمکین ِتن کورِجاں کاہدت
یعنی دل کی ہر خواہش پر مارا مارا نہ پھر کہ جسم کا آرام تیری جان کے نو رکو گھٹادے ۔۔۔

قارئین امت مسلمہ کے عظیم قائد اور برطانوی ہاﺅس آف لارڈز کے پہلے تاحیات مسلمان رکن لارڈ نذیر احمد نے مسلمانوں کیلئے تعلیم وتربیت ،پیشہ ورانہ تعلیم اور ہنر سیکھنے کو وقت کی انتہائی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے یہ کہا کہ اگرچہ برطانوی حکومت کے پاس اوورسیز لوگوں کی امداد کیلئے بہت دباﺅ ہے اور اس وقت کم فنڈز مہیا کیے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان کے 25ہزار اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں لارڈ نذیر احمد علی گڑھ یونیورسٹی تہذیب الاخلاق ٹرسٹ کی ایک اہم تقریب جو ہاﺅس آف لارڈز میں منعقدکی گئی سے خطاب کررہے تھے ۔

قارئین لارڈ نذیر احمد گزشتہ 25سال سے جس طریقے سے امت مسلمہ کے مسائل حل کرنے کیلئے دامے ،درمے ،سخنے ،قدمے کوششیں کررہے ہیں وہ کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں ہیں بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہو ں گے کہ لارڈ نذیر احمد کے آبائی علاقہ میرپور آزادکشمیر میں ان کے آبائی گھر میں انہوںنے ایک چیرٹی سکول قائم کررکھاہے جہاں غریب اور نادار طلباءکو مفت تعلیم ،کتابیں اور گزربسر کیلئے وظائف بھی مہیاکیے جاتے ہیں لارڈ نذیر احمد یہ سکول اپنے نیک والدین کو ایصال ثواب پہنچانے کیلئے سوفیصد اپنے ذاتی وسائل سے چلا رہے ہیں امت مسلمہ کا یہ عظیم لیڈر جو کام بھی کرتا ہے اس پر بلامبالغہ دل مسرت سے لبریز ہوجاتاہے اور ان باتوں کو لوگوں تک پہنچانے کادل چاہتا ہے کیونکہ آج کی مسموم اور پرتعفن سیاسی دوڑ دیکھ دیکھ کر جہاں آنکھیں بے زار ہوتی جارہی ہیں اور سماعتیں بھی ایک جیسی جھوٹی بولیاں سن سن کرتنگ پڑچکی ہیں وہاں جب لارڈ نذیر احمد کے سرسید احمد خان جیسے کارنامے اور عزائم دکھائی دیتے ہیں تو فخر بھی محسوس ہوتا ہے اور ان کے اس قافلے کا حصہ بننے کا بھی جذبہ ابھرتا ہے یہاں پر ہم ایک بات اور ضرور رقم کرنا چاہیں گے کہ آج آزادکشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں قائم ہوچکی ہے اور چوہدری عبدالمجید وزیر اعظم آزادکشمیر نے میرپور اور مظفرآبا دمیں سرکاری میڈیکل کالجز کے قیام کی منظوری کروانے کے بعد جلد از جلد کلاسز شروع کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے فنڈز طلب کرنے کیلئے تحریک بھی کی اوراب میرپور اور پورے آزادکشمیر کے طوفانی دوروں کے دوران کہا ہے کہ ان کے اعلانات ”عملی “ ہوں گے اور ماضی کے ”ہوائی “اعلانات کے برعکس ان تمام وعدوں کو پوراکریں گے اور اعلانات پر عمل درآمد کریں گے یہاں ہم اپنے قارئین کی یادداشت کو دعوت دیتے ہوئے یہ بات ضرورتحریر کررہے ہیں کہ میرپور میڈیکل کالج کے قیام کیلئے لارڈ نذیر احمد نے آج سے تین سال قبل ایوان صدر میں صدر پاکستان آصف علی زرداری سے میڈیکل کالج ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ریاض احمد کے ہمراہ ملاقات کی تھی اور اس ملاقات کے بعد صدر پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ بینظیر بھٹو شہید کے اہلیان میرپور مقیم بریڈ فورڈ برطانیہ سے کیے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے وہ سرکاری سطح پر میرپور میڈیکل کالج کے قیام کا باضابطہ اعلان کررہے ہیں میرپور میڈیکل کالج ایکشن کمیٹی سیاسی وابستگیوں سے بالاترہوکر قائم کیا جانے والا فورم ہے جس میں ڈاکٹر سی ایم حنیف ،ڈاکٹر ریاست علی چوہدری ،ڈاکٹر اکرم چوہدری ،چوہدری محمد سعید رہنما مسلم لیگ ن ،غلام رسول عوامی پاکستان پیپلزپارٹی سمیت شہر بھر کی تمام تنظیموں کے نمائندے موجودہیں ان تمام لوگوں نے سیاسی وفاداریاں اپنی اپنی جگہ پر قائم رکھتے ہوئے ایک مشترکہ عوامی منصوبے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر بیٹھنا گوارہ کیا اور لارڈ نذیر احمد نے ہر موقعہ کی طرح اس موقعہ پر بھی اپنا انتہائی مثبت کردار اداکیا اور صدر پاکستان کے گوش گزار یہ اہم ترین مسئلہ کردیا اس کا نتیجہ مثبت نکلا لیکن بعد میں نامعلوم وجوہات کی وجہ سے معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا آج ہم ان وجوہات کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتے کیونکہ میرپور میڈیکل کالج کے قیام کیلئے چوہدری عبدالمجید نے یہ تحریک خود شروع کی تھی اور آج وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے بعد میرپور ڈویژن کے لوگ پرامید ہیں کہ واقعتاان کے وعدے ”عملی “ثابت ہوں گے ۔

قارئین یہاں ہم سابق صدر ووزیر اعظم سردار سکندرحیات خان اور سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان رہنما مسلم لیگ ن کے دل چسپ بیانات کا مختصراً زکر کردیں جن میں انہوں نے سردار عتیق احمد خان کو برق رفتار ہوائی اعلانات کرنے والا وزیر اعظم قراردیا اور چوہدری عبدالمجید کو ”دروغ گو “ وزیر اعظم قراردیتے ہوئے انکشاف کیا کہ چوہدری عبدالمجید آزادکشمیر کے سب سے بڑے دروغ گو وزیر اعظم ہیں یہ خیالات مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں کے پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر اور وزیر اعظم کے متعلق ہیں اور قومی میڈیا میں یہ بیانات سب نے پڑھے ہم ان بیانات کی سنجیدگی ،فرحت ،مذاح یا طنز کو ہر گز زیر بحث نہیں لائیں گے ہاں یہ دعاضرور کریں گے کہ میرپور میڈیکل کالج اور مظفرآبادمیڈیکل کالج کسی کے ہوائی اعلانات اور دروغ گوئی کی نذر نہیں ہوناچاہئیں ہم نے کالم کا آغاز لارڈ نذیر احمد اور علی گڑھ سے کرتے ہوئے میڈیکل کالج کا تذکرہ کرنے کے بعد ہوائی برق رفتاروزیر اعظم اور اب بقول مسلم لیگ ن کے رہنما ”دروغ گو وزیر اعظم “ اس لیے کیا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت اور چوہدری عبدالمجید ہماری یہ گزارش ضرورسنیں کہ انہیں ملنے والی یہ حکومت چند روزہ ،چند ماہی یا چند سالہ ہوگی لیکن سرسید احمد خان اور لارڈ نذیر احمد کی طرح دل کی حکومت صدیوں قائم رہتی ہے اور شخصیات کے کارنامے قوموں کی تاریخیں بدل دیتے ہیں یونیورسٹیاں او رکالجز کسی بھی قوم کا قیمتی ترین اثاثہ ہوتے ہیں امیدہے کہ اعلانات جلد اقدامات میں بدلیں گے ۔بقول اقبال
ترِ اتن روح سے ناآشناہے
عجب کیا آہ تیری نارسا ہے
تنِ بے رُوح سے بیزار ہے حق
خدائے زندہ زندوں کا خداہے

قارئین آخر میں ایک چھوٹی سی خبر ۔۔۔۔چوہدری عبدالمجید وزیر اعظم آزادکشمیر کے میرپور کے پہلے دورہ کے موقع پر بہت سی بدحواسیاں دیکھنے میں آئیں اور درجنوں تقریبات میں شرکت کے دوران چند اہم ترین تقریبات میں وزیر اعظم کو ایک سازش کے تحت شرکت سے محروم کرکے ان کے خلاف پراپیگنڈہ کو فروغ دیا گیا چوہدری عبدالمجید صاحب کے لیے ضروری ہے کہ وہ جب بھی کہیں دورہ کریں تو ترجیحات طے کرلیا کریں اور اس کے علاوہ اپنے ”لائق مشیروں “کا مزاج بھی درست کریں جو ان کا مذاق بننے کا سبب بن رہے ہیں ۔

آخر میں حسب روایت لطیفہ پیش خدمت ہے
ایک دوست نے دوسرے سے پوچھا کہ یہ ہمارے محلہ میں جو ڈیری فارم قائم ہے ا س کے دودھ کی کوالٹی اورصفائی ستھرائی کیسی ہے ۔۔؟دوست نے جوا ب دیا
بہت زبردست ،اتنی صفائی ہے کہ دودھ میں ملایا جانے والا پانی بھی اُبالا جاتاہے ۔۔۔

قارئین ہمیں امید ہے کہ برق رفتاریوں کے بعد دروغ گوئیوں سے کشمیری قوم محفوظ رہے گی اور لارڈنذیر احمد کے خواب پروان چڑھیں گے اور میڈیکل کالجز ضروربنیں گے -
Junaid Ansari
About the Author: Junaid Ansari Read More Articles by Junaid Ansari: 425 Articles with 339109 views Belong to Mirpur AJ&K
Anchor @ JK News TV & FM 93 Radio AJ&K
.. View More