کاتب قرآن مولاناعبدالماجدسولنگی سے بات چیت


انٹرویو:مولاناابوسعدمحمدجہان یعقوب

اخبارالمدارس:مولانا،سب سے پہلے توہمارے قارئین کوکچھ اپنے حوالے سے بتائیے؟
مولاناعبدالماجدسولنگی:میرانام عبدالماجدسولنگی ہے۔میں ۴اگست ۷۸۹۱ءمیں ضلع وتحصیل نوشہروفیروز کے گاؤں رب رکھیو سولنگی میں پیداہوا۔ناظرہ قرآن مجید کی تعلیم اپنے گاؤں میں واقع مدرسہ تعلیم القرآن میں استاد محترم حافظ علی حسن سولنگی سے حاصل کی ۔ساتھ ہی پرائمری کی تعلیم بھی مکمل کی۔اس کے بعد کراچی کاسفر کیا اور بقیہ تعلیم وہاں حاصل کی۔

اخبارالمدارس:کراچی جانے کاکیاسبب ہوا؟
مولاناعبدالماجدسولنگی:دراصل میرے گلے پر کچھ اس قسم کے زخم ہوئے کہ ان کاعلاج وہاں رہ کر نہ ہوسکا۔میرے والدمحترم محمدیونس سولنگی کراچی میںمقیم تھے اور آرمی میں ملازم تھے،وہاں علاج کے ساتھ ساتھ مسجدباب السلام میں حفظ قرآن مجید کاسلسلہ بھی جاری رکھا اورالحمدللہ ۴۱ماہ میں حفظ مکمل کیا۔

اخبارالمدارس:آپ نے درس نظامی کی تعلیم کہاں سے حاصل کی؟
مولاناعبدالماجدسولنگی:حفظ قرآن کے ساتھ ساتھ میراعلاج بھی مکمل ہوا اورمیںواپس اپنے گاؤں آگیا اور یہاں مدرسہ حمایت الاسلام گوٹھ جمعہ خان سولنگی میں مولاناحماداللہ صاحب سولنگی سے صرف ونحو کی ابتدائی تعلیم حاصل کی،اس کے بعد اپنے قریبی شہر بھریاروڈمیں صدیقیہ مسجد میں قائم مدرسہ میں داخلہ لیا،یہاں مولاناعبدالحکیم صاحب سولنگی سے بقیہ کتابیں پڑھیں،مزیدتعلیم مدرسہ حمایت الاسلام آکرمولاناحماداللہ اور مولانا بشیراحمد سے حاصل کی اور دورہ حدیث کے لیے مدرسہ دارالفیوض القاسمیہ سجاول میں داخلہ لیا اور ۷۰۰۲ءمیں سند فراغت حاصل کی۔محترم حاجی علی حسن جلبانی صاحب کے مشورے سے مسجدالفاروق ریشم گلی میں حفظ وناظرہ کی تدریس سے عملی زندگی کاآغازکیا۔تاحال یہی خدمات انجام دے رہاہوں۔

اخبارالمدارس:قرآن مجید کی کتابت کرنے کاخیال کیسے آیا؟کون سی چیز اس کام کامحرک بنی؟
مولاناعبدالماجدسولنگی:اس کااور توکوئی خاص سبب نہیں۔ہاں البتہ یہ ہے کہ میں نے مطالعے کے دوران پڑھاکہ ستر سے زائد حضرات صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین نے اپنے مبارک ہاتھوں سے قرآن مجید کی کتابت کی ہے،جنہیں کاتبین وحی کہاجاتاہے،ان میں حضرات خلفائے راشدین ؓ کے علاوہ حضرت سیدنامعاویہ ؓ،حضرت سیدناحنظلہؓ،حضرت سیدناعبداللہ بن رواحہ ؓ،حضرت سیدنازیدبن ثابتؓ،حضرت سیدناعبداللہ بن سعدؓ،حضرت سیدناعبداللہ بن زبیرؓ،حضرت سیدنازبیربن عوام ؓ،حضرت سیدناخالدبن سعیدؓ،حضرت سیدنا مغیرہ بن شعبہ ؓ،حضرت سیدناعمروبن عاصؓ،حضرت سیدناحذیفہؓ،حضرت سیدناابی بن کعب ؓ اور حضرت سیدناابان بن سعید رضوان اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین شامل ہیں۔بس میں نے بھی چاہا کہ میں ان مقدس ہستیوں کی اتباع میں یہ کام کروں۔

اخبارالمدارس:کتابت قرآن کی ابتداکب کی اور کب اور کتنے عرصے میں اس عظیم کام کی تکمیل ہوئی؟
مولاناعبدالماجدسولنگی :الحمدللہ اس کام کے لیے میں نے ترتیب یہ رکھی تھی کہ کلاس کے دوران جووقت ملتاتھا،اس میں تاج کمپنی کے نسخے کو معیار بناکر کچھ نہ کچھ کتابت کرلیا کرتا تھا۔کسی اور موقع پر اس کی نظرثانی اور آگے کاکام کرلیتاتھا،اس کام کا آغاز میںنے ۴۱فروری۰۱۰۲ءکو کیاتھا اور الحمدللہ دوماہ سے کچھ دن اوپر ۴۲اپریل۰۱۰۲ءکو اس عظیم کام کی تکمیل ہوئی ۔اعراب کے سلسلے میں میرے شاگردوں محمدمتین،محمداطہر،محمدمسعود اورنادر علی نے بھی میرا تعاون کیا۔جس کو میں نے بعد میں ازخود دیکھا ہے اور اغلاط بھی درست کردی ہیں۔اب بھی تصحیح کاکام جاری ہے۔

اخبارالمدارس:آپ کے کتابت کردہ اس نسخے کی کوئی خاص بات؟
مولاناعبدالماجدسولنگی: اس کی کتابت میں میں نے تاج کمپنی کے ۶۱سطری قرآنی نسخے کی مکمل متابعت کی ہے۔البتہ ایک کام جومیں نے اپنے ذوق سے کیا ہے،وہ یہ کہ پورے نسخے میں اللہ رب العزت کے اسم گرامی کو لال رنگ کی روشنائی سے،حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کے اسم گرامی کو گلابی روشنائی سے ،جنت کے تذکرے کو سبز روشنائی سے اور جہنم کے تذکرے کو نیلی روشنائی سے لکھ کر نمایاں کیا ہے۔اس کی کوئی خاص دلیل نہیں ،بس یہ میرا اپناوجدان ہے۔

اخبارالمدارس:اس کام کے دوران کوئی خاص واقعہ تو پیش نہیں آیا؟
مولاناعبدالماجدسولنگی:نہیں ،البتہ ایک تو دل میں رقت اور آنکھوں میں آنسومستقل رہتے تھے اور دوسرے یہ غیبی مدد محسوس ہوئی کہ ہر کام اور ہر ضرورت بغیر کسی بھاگ دوڑکے پوری ہوجایاکرتی تھی،حالانکہ اس سے قبل اکثر کسی نہ کسی مسئلہ میں پریشان رہاکرتاتھا۔اب الحمدللہ ایسانہیں ہے۔

اخبارالمدارس:اس نسخے کے حوالے سے کیاسوچاہے؟مستقبل میں کیا ارادے ہیں؟
مولاناعبدالماجدسولنگی:نسخے کی فی الحال پروف ریڈنگ کاسلسلہ جاری ہے۔کچھ احباب کی رائے ہے کہ اسے میوزیم میں رکھاجائے،تاہم میں نے اب تک ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔مستقبل میں قرآن مجید کاسندھی زبان میں ترجمہ کرنے کاارادہ ہے۔دعاکریں اللہ تعالی یہ سعادت بھی عطافرمائے۔(آمین)
M Jehan Yaqoob
About the Author: M Jehan Yaqoob Read More Articles by M Jehan Yaqoob: 251 Articles with 280797 views Researrch scholar
Author Of Logic Books
Column Writer Of Daily,Weekly News Papers and Karachiupdates,Pakistanupdates Etc
.. View More