چین میں سرمائی سیاحت کا عروج اور نئی جہتیں

چین میں سرمائی سیاحت کا عروج اور نئی جہتیں
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین میں سرمائی سیاحت کے سنہری موسم کے آغاز کے ساتھ ہی غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ جنوب مغربی صوبے سیچوان سے لے کر شمال مشرقی شہر ہاربن تک، برف اور یخ موسم کے دلکش مناظر دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں، جبکہ جدید سہولیات اور متنوع سیاحتی منصوبے "چائنا ٹریول" کے تجربے کو مزید دلکش بنا رہے ہیں۔

چین میں سرمائی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاح خاص طور پر برفانی قدرتی مناظر کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔ جنوب مغربی چین کے معتدل مگر برف پوش مقامات سے لے کر "آئس سٹی" کہلانے والے ہاربن تک، ملک بھر کے سیاحتی مراکز نت نئے منصوبے متعارف کرا رہے ہیں اور خدمات کے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں۔

سیچوان کو دنیا کے ان خطوں میں شمار کیا جاتا ہے جہاں کم عرضِ بلد کے باوجود برفانی سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ برف پوش پہاڑوں اور نسبتاً معتدل درجہ حرارت کے امتزاج نے اسے جنوب مشرقی ایشیا کے سیاحوں کے لیے ایک مقبول منزل بنا دیا ہے۔سال 2025 میں صرف جنوری سے نومبر کے دوران ایمی شان سیاحتی علاقے میں دو لاکھ چوبیس ہزار آٹھ سو غیر ملکی سیاحوں نے دورہ کیا، جن میں ملائیشیا، سنگاپور، امریکہ، انڈونیشیا اور آسٹریلیا سرفہرست رہے۔

اسی طرح سیچوان کے مشہور داگو گلیشیئر سیاحتی مقام پر اسی مدت میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 46 ہزار سے تجاوز کر گئی، جو سال بہ سال بنیاد پر 139.72 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ ان میں سے 83.75 فیصد سیاحوں کا تعلق تھائی لینڈ اور ملائیشیا سے تھا۔

چھںگ دو بارڈر انسپیکشن اسٹیشن کے مطابق 2 دسمبر تک شہر میں داخل ہونے یا نکلنے والے غیر ملکی مسافروں کی تعداد 15 لاکھ 60 ہزار سے زائد رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 45.8 فیصد زیادہ ہے۔ تھائی لینڈ، ملائیشیا اور سنگاپور اس فہرست میں سرفہرست ممالک رہے۔

ٹریول ایجنسیز حکام کے مطابق سیچوان کے منفرد قدرتی مناظر، اسکیئنگ سمیت سرمائی سرگرمیاں، جنوب مشرقی ایشیا کے سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتی ہیں۔ ان کے بقول چین کی ویزا فری پالیسیوں اور سوشل میڈیا پر مقبول رجحانات نے بھی چین کو خطے کے سیاحوں کے لیے ایک پسندیدہ منزل بنا دیا ہے۔

چین کی قومی امیگریشن انتظامیہ کے مطابق اس وقت 76 ممالک کے شہری یک طرفہ یا دو طرفہ ویزا فری سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، جبکہ ٹرانزٹ ویزا سے استثنا کی سہولت 55 ممالک تک بڑھا دی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 2025 کی تیسری سہ ماہی میں 70 لاکھ سے زائد غیر ملکی افراد ویزا فری بنیادوں پر چین میں داخل ہوئے، جو مجموعی غیر ملکی آمد کا 72.2 فیصد بنتا ہے اور سال بہ سال بنیاد پر 48.3 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

ادھر ہاربن میں دنیا کے سب سے بڑے آئس اینڈ اسنو تھیم پارک ہاربن آئس اسنو ورلڈ نے اپنے اب تک کے سب سے شاندار ایڈیشن کا آغاز کیا ہے۔ منفرد سرمائی سرگرمیوں کی بدولت ہاربن سوشل میڈیا پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔ 2024تا2025 کے سرمائی سیاحتی موسم کے دوران شہر میں 9 کروڑ سے زائد سیاح آئے، جبکہ غیر ملکی آمد میں 94.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

حال ہی میں منعقدہ عالمی سیاحتی معیشت فورم میں اقوام متحدہ کے سیاحتی ادارے نے ہاربن کو سرمائی سیاحت کی ترقی میں قیادت اور عمدگی پر اعزاز سے نوازا۔ مقامی حکام کے مطابق بین الاقوامی سیاحوں کے لیے سہولتوں میں مزید بہتری لاتے ہوئے ہانگ کانگ اور سیئول کے لیے نئی براہِ راست پروازیں شروع کی گئی ہیں، جبکہ روس کے مختلف شہروں کے لیے فضائی راستوں میں بھی توسیع کی گئی ہے۔

چین۔روس آزمائشی ویزا فری پالیسی کے نتیجے میں ہاربن میں روسی سیاحوں کی آمد میں 136 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ 2025 میں غیر ملکی سیاحوں کے اخراجات میں 150 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ غیر ملکی سیاحوں کی بدولت شہر کی سرمائی معیشت کا حجم اب 160 ارب یوان سے تجاوز کر چکا ہے۔

چینی حکام کے مطابق 15ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کے دوران اعلیٰ معیار کی ان باؤنڈ سیاحتی مصنوعات اور روٹس تیار کیے جائیں گے، سیاحتی کھپت کے مراکز قائم کیے جائیں گے اور بین الاقوامی سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے مسلسل مہمات چلائی جائیں گی۔

وسیع تناظر میں ،چین میں سرمائی سیاحت کا یہ غیر معمولی عروج اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ویزا سہولتوں، جدید انفراسٹرکچر اور متنوع ثقافتی و قدرتی وسائل کے امتزاج نے ملک کو عالمی سیاحت کے نقشے پر ایک نمایاں مقام دلایا ہے۔ آئس اینڈ اسنو پر مبنی منفرد منصوبے، بین الاقوامی روابط اور بہتر خدمات نہ صرف غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ چین کی سیاحتی معیشت کو بھی نئی جہتیں فراہم کر رہے ہیں، جو آنے والے برسوں میں مزید وسعت اختیار کریں گی ۔ 
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1770 Articles with 1015710 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More