چین کا زرعی و دیہی جدیدکاری کا واضح خاکہ

چین کا زرعی و دیہی جدیدکاری کا واضح خاکہ
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین میں زرعی اور دیہی ترقی کو قومی حکمتِ عملی میں ہمیشہ بنیادی اہمیت حاصل رہی ہے، کیونکہ دیہی استحکام اور خوراک کا تحفظ ملکی معاشی اور سماجی توازن کے لیے ناگزیر سمجھے جاتے ہیں۔ ہر سال مرکزی سطح پر جاری ہونے والی پہلی پالیسی دستاویز آئندہ سال کی ترجیحات کا واضح اشارہ ہوتا ہے۔ 2026 کے لیے جاری کردہ تازہ ترین ’’نمبر ایک مرکزی دستاویز‘‘ ، اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ چین زرعی و دیہی جدیدکاری کو تیز کرتے ہوئے ہمہ جہت دیہی احیاء کو اپنی مجموعی رہنما حکمتِ عملی کے طور پر آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اس دستاویز میں زرعی اور دیہی جدیدکاری کے حصول کو بنیادی ہدف قرار دیا گیا ہے، جبکہ ہمہ جہت دیہی احیاء کو مجموعی رہنما کام کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ دستاویز میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ دیہی پالیسیوں کی مؤثریت کو بہتر بنایا جائے تاکہ کسانوں کو عملی فوائد حاصل ہوں، قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور غربت کے خاتمے سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

دستاویز کے مطابق دیہی صنعتوں، بنیادی ڈھانچے اور نظم و نسق کو مضبوط بنانا، نیز کسانوں کی فلاح و بہبود اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا، چینی طرز کی جدیدکاری کے فروغ کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ اس مقصد کے لیے پالیسی فریم ورک کو زیادہ مربوط اور نتائج پر مبنی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مرکزی دستاویز میں چھ اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ان میں زرعی پیداوار اور معیار میں اضافہ، دیہی علاقوں میں باقاعدہ اور اہدافی معاونت کی فراہمی، کسانوں کی آمدنی میں مستحکم اضافہ، قابل رہائش، پیداواری اور پُرکشش دیہی معاشروں کی تعمیر، ادارہ جاتی اور پالیسی جدت کو فروغ دینا، اور دیہی امور میں پارٹی کی قیادت کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔

کسانوں کی آمدنی کے تحفظ اور اضافے کے لیے قیمتوں، سبسڈی اور انشورنس سے متعلق ہم آہنگ پالیسیوں پر عمل درآمد کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دیہی صنعتوں کے فروغ کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی، ماحول دوست اور اعلیٰ معیار کی زراعت کو آگے بڑھانے، اور زراعت کو ثقافت اور سیاحت کے شعبوں کے ساتھ مزید مربوط کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
دستاویز میں زرعی درآمدات کے تنوع اور عالمی سطح پر مسابقت رکھنے والے زرعی اداروں کی ترقی کی حمایت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اعلیٰ معیار اور منفرد زرعی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے، تاکہ عالمی منڈی میں چین کی زرعی مسابقت کو مضبوط کیا جا سکے۔

زرعی شعبے میں نئے معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی کو بھی ایک اہم نکتہ قرار دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں مصنوعی ذہانت کو زراعت کے ساتھ ضم کرنے، ڈرونز، انٹرنیٹ آف تھنگس اور روبوٹکس کے اطلاقی منظرناموں کو وسعت دینے، اور زرعی بایو مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز میں جدت کو تیز کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد زراعت کی کارکردگی اور پائیداری کو نئی سطح تک لے جانا ہے۔

دیہی کھپت کے فروغ کے لیے مقامی منڈیوں کی ترقی اور اپ گریڈیشن، صارفین کے لیے سہولیات اور خدمات میں بہتری، اور مجموعی دیہی کھپت کے ماحول کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس سے دیہی معیشت میں داخلی طلب کو تقویت ملنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

خاص طور پر دستاویز میں دیہی علاقوں کے لیے مستقل اور اہدافی معاونت کا ایک منظم منصوبہ پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد بڑے پیمانے پر غربت میں واپسی کو روکنا ہے۔ اس معاونت کو مختلف علاقوں اور ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جائے گا، خاص طور پر کم ترقی یافتہ خطوں پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری مالی وسائل، مالیاتی معاونت اور کلیدی وسائل کی فراہمی کو دیہی احیاء کی مجموعی حکمتِ عملی کے ساتھ مربوط رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ دستاویز اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ یہ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے دور کی اولین ’’نمبر ایک مرکزی دستاویز‘‘ ہے، جس سے آئندہ پانچ برسوں کے لیے زرعی اور دیہی ترقی کی سمت کا تعین ہوتا ہے۔

وسیع تناظر میں ،یہ پالیسی دستاویز اس امر کی واضح عکاسی کرتی ہے کہ چین زرعی اور دیہی شعبوں کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے جامع، منظم اور طویل المدتی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔ خوراک کے تحفظ، کسانوں کی آمدنی، دیہی صنعتوں کی ترقی اور غربت کے مستقل خاتمے کو یکجا کر کے دیہی احیاء کو قومی جدیدکاری کے عمل کا لازمی جزو بنایا جا رہا ہے۔ یہ پالیسی سمت نہ صرف دیہی چین کے استحکام کو مضبوط کرے گی بلکہ ملکی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے بھی ایک پائیدار بنیاد فراہم کرے گی۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1878 Articles with 1094359 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More