چین کا اسپرنگ فیسٹیول: سیاحت، تفریح اور کھپت میں نئے ریکارڈز
(SHAHID AFRAZ KHAN, Beijing)
|
چین کا اسپرنگ فیسٹیول: سیاحت، تفریح اور کھپت میں نئے ریکارڈز تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین میں جاری 2026 کا اسپرنگ فیسٹیول تعطیلاتی دور سیاحت، تفریح اور صارفین کی کھپت کے میدان میں متعدد نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔ روایتی سات روزہ تعطیلات کو بڑھا کر مسلسل نو دن کرنے کے فیصلے نے نہ صرف عوام کو زیادہ سہولت فراہم کی بلکہ معیشت کے مختلف شعبوں میں نئی سرگرمی کو بھی جنم دیا۔ اس طویل وقفے نے خاندانی فرائض کی ادائیگی اور سیاحتی سرگرمیوں کو یکجا کرنے کا موقع فراہم کیا، جس کے نتیجے میں مہمان نوازی، ہوا بازی اور خدماتی شعبوں میں غیر معمولی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
سفر میں غیر معمولی اضافہ
چائنا اسٹیٹ ریلوے گروپ کے مطابق جمعہ کے روز 1 کروڑ 50 لاکھ مسافروں کے سفر کی پیش گوئی کی گئی، جبکہ 1,469 اضافی ٹرینیں چلائی گئیں۔ صبح آٹھ بجے تک اسپرنگ فیسٹیول سفری سیزن، جسے ’’چونیون‘‘ کہا جاتا ہے، کے لیے ریلوے ٹکٹنگ پلیٹ فارم 12306 پر 29 کروڑ 80 لاکھ ٹکٹ فروخت ہو چکے تھے۔دو فروری سے 13 مارچ تک جاری رہنے والے اس سفری دور میں مجموعی طور پر 9 ارب 50 کروڑ بین العلاقائی سفری مواقع متوقع ہیں، جو ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔
اس سال ایک نمایاں رجحان ’’سلور اکانومی‘‘ کی متحرک شمولیت ہے۔ 60 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کی فضائی بکنگ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جن میں سے متعدد پہلی مرتبہ بڑی شہروں کا سفر کر کے اپنے بچوں سے ملنے جا رہے ہیں۔معروف ٹریول پلیٹ فارم چھونار کے اعداد و شمار کے مطابق بیجنگ جانے والے مسافروں میں 20 فیصد کی عمر 50 برس سے زائد تھی، جبکہ 60 برس یا اس سے زیادہ عمر کے مسافروں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.6 گنا بڑھ گئی۔
تفریحی معیشت میں تیزی
اسپرنگ فیسٹیول کے دوران تفریحی سرگرمیوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 2026 کے آغاز پر چین کی فلمی صنعت نے مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں باکس آفس آمدنی (پری سیلز سمیت) 6 ارب یوان سے تجاوز کر گئی، جبکہ صرف اسپرنگ فیسٹیول سیزن میں 3 ارب 40 کروڑ یوان سے زائد کا حصہ شامل رہا۔ نمایاں فلموں میں ’’پیگاسس 3‘‘، ’’اسکیئر آؤٹ‘‘اور ’’بونی بیئرز: دی ہِڈن پروٹیکٹر‘‘ شامل رہیں، جنہوں نے مختلف عمر کے ناظرین کو متوجہ کیا۔
اس سیزن میں ’’فلم پلس‘‘ ماڈل کی توسیع بھی نمایاں رہی، جس کے تحت فلم بینی کو دیگر کھپت کی سرگرمیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔ سیاحت کے میدان میں بھی خاندانی سفری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ چھونار کے مطابق بیجنگ یونیورسل ریزورٹ اور شنگھائی ڈزنی لینڈ مقبول ترین دس مقامات میں سرفہرست رہے۔
بین الاقوامی سطح پر بھی چینی سیاحوں نے 475 عالمی شہروں کا رخ کیا۔ ایشیائی ممالک، جہاں فاصلہ کم، ویزا پالیسی آسان اور موسم سازگار تھا، زیادہ مقبول رہے۔ نمایاں مقامات میں بنکاک، کوالالمپور اور سیول شامل ہیں۔
غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی
چینی نئے سال کا ماحول غیر ملکی سیاحوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔ ویزا سے متعلق سہولتوں کے باعث متعدد غیر ملکی شہری اسپرنگ فیسٹیول چین میں گزار رہے ہیں۔ نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق تعطیلاتی عرصے میں روزانہ آنے اور جانے والے مسافروں کی اوسط تعداد 20 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، جو سالانہ بنیادوں پر 14.1 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
چھونار کے مطابق غیر چینی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کی اندرونِ ملک پروازوں کی بکنگ میں 20 فیصد اضافہ ہوا، اور یہ مسافر شنگھائی، بیجنگ، چھنگ دو اور سانیا سمیت 102 شہروں میں پھیلے ہوئے ہیں۔
ابتدائی سال میں کھپت کا فروغ
خوراک اور خریداری اسپرنگ فیسٹیول کی روایت کا لازمی حصہ ہیں۔ وزارتِ تجارت کے مطابق تعطیلات کے ابتدائی چار دنوں میں بڑے ریٹیل اور کیٹرنگ اداروں کی یومیہ اوسط فروخت گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.6 فیصد زیادہ رہی۔ پہلے تین دنوں میں 78 اہم تجارتی سٹریٹس اور اضلاع میں آمدورفت اور آمدنی میں بالترتیب 4.5 اور 4.8 فیصد اضافہ ہوا۔
روایتی خریداری کے ساتھ نئی عادات بھی نمایاں ہوئیں۔ آن لائن پلیٹ فارمز پر اسمارٹ ڈیوائسز کی طلب میں اضافہ دیکھا گیا۔ وئیر ایبل آلات کی فروخت 19.7 فیصد بڑھی، اسمارٹ چشموں کی فروخت دو گنا سے زیادہ ہوئی، جبکہ اسمارٹ بلڈ گلوکوز مانیٹرز کی فروخت میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
2026 کا اسپرنگ فیسٹیول تعطیلاتی دور اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ توسیع شدہ تعطیلاتی پالیسی نے سیاحت، تفریح اور کھپت کو نئی توانائی فراہم کی ہے۔ بڑھتی ہوئی نقل و حرکت، فلمی صنعت کی کامیابی، خاندانی سیاحت میں اضافہ اور غیر ملکی سیاحوں کی شرکت اس امر کی علامت ہیں کہ چین کی گھریلو منڈی مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ یوں اسپرنگ فیسٹیول نہ صرف ثقافتی جشن بلکہ معاشی سرگرمی کے ایک مؤثر محرک کے طور پر بھی سامنے آیا ہے، جو سال کے آغاز میں ہی معیشت کو مضبوط بنیاد فراہم کر رہا ہے۔ |
|