سہ ماہی باغیچہ اطفال۔سیالکوٹ! نونہالوں کی تعلیم و تربیت کا ضامن


ازقلم: ذوالفقارعلی بخاری
پاکستان میں بچوں کے لیے کئی رسائل شائع ہو رہے ہیں جو مخصوص مزاج کے تابع مواد شائع کرتے ہیں۔اِن رسائل میں مخصوص مواقع پر خاص نمبرز شائع کیے جاتے ہیں تاکہ بچوں کواہم موضوع پر مفید مواد پڑھنے کو مل سکے۔ سہ ماہی ’باغیچہ اطفال‘ایک خاص سوچ کے تحت شائع کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے اِس کا شائع ہونے والا ہر شمارہ ’خاص“ ہے۔ سرائے اردو پبلی کیشن سے سہ ماہی ”باغیچہ اطفال“، سیالکوٹ جولائی 2023سے تسلسل کے ساتھ شائع کیا جا رہا ہے۔اِس کے مدیران میں دانیال حسن چغتائی، عیشا صائمہ اور فاکہہ قمر شامل ہیں جن کی شہرت ادب اطفال کا میدا ن ہے۔بہرام علی وٹو بطور معاون مدیر ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ پاکستان میں اِس نوعیت کی اور کوئی مثال نہیں ملتی ہے کہ نئے لکھنے والوں نے نونہالوں کی تعلیم وتربیت کے لیے ایک رسالہ نکالنے کی جسارت کی ہو۔اگرچہ کئی لکھنے والوں نے بچوں کے لیے رسائل شائع کیے ہیں۔ لیکن اُنھوں نے پہلے پہل ادب اطفال میں نام بنایا اور پھر رسائل منظرعام پر لائے۔
سہ ماہی باغیچہ اطفال کا خواب راقم الحروف نے دیکھا جسے عملی جامہ پہنانے کے لیے مشترکہ کوشش کا آغاز ہوا۔بچوں کی سوچ بدلنے کے ساتھ ساتھ شخصیت کو سنوارنا ’باغیچہ اطفال‘ کا بنیادی مقصد قرار دیا جا سکتا ہے۔’باغیچہ اطفال‘ کے لیے روز اوّل سے یہی کوشش کی گئی ہے کہ نئے لکھنے والوں کو منظرعام پر لایا جائے اوراُنھیں آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے۔سہ ماہی باغیچہ اطفال کی بدولت کئی نئے لکھنے والے منظرعام پر آئے ہیں۔ اِس کے علاوہ نونہالوں کے مختصر انٹرویوز کاسلسلہ شروع کیا گیا تاکہ حوصلہ افزائی کی جاسکے۔بچوں کے مختصر انٹرویوز کے لیے نازیہ عروج صاحبہ نے بے پناہ محنت کی ہے۔تحریروں کوسنوارنے میں فاکہہ قمر اوردانیال حسن چغتائی کا کردار خاصہ اہمیت کا حامل ہے جس پر بجا طور پر تعریف کے مستحق قرار پاتے ہیں۔بہرام علی وٹو اورعیشاء صائمہ تشہیرکے ساتھ ساتھ تحریروں کے انتخاب میں معاونت کرتے ہیں۔رسالے کے لیے قلمی تعاون کرنے والے تمام تخلیق کار رسالے کی ساکھ معتبر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔دنیائے ادب اطفال کے معروف ناموں کے ساتھ ساتھ نئے لکھنے والوں کی تحریریں تسلسل کے ساتھ رسالے کا حصہ بن رہی ہیں۔تحریر کے انتخاب کے لیے صرف اور صرف ’میرٹ‘ کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے اور تحریر کو ’ذاتی اختلاف یا عناد‘ کی بناء پر رد کرنے سے گریز کیا جاتا ہے۔جب کہ نوآموز تخلیق کاروں کی تحریر مناسب اصلاح کے ساتھ شائع کی جاتی ہیں تاکہ حوصلہ افزائی ہو سکے۔اِسی سوچ کے تابع باصلاحیت نونہالوں کی تصاویر شائع کی جاتی ہیں۔بی بی آصفہ بھٹو ڈگری کالج کی باصلاحیت طالبات کی تصاویر رسالے کا حصہ بنتی رہتی ہیں تاکہ وہ نہ صرف مطالعے کی جانب راغب ہوں بل کہ ادب اطفال سے بھی لطف اندوز ہوں۔
سہ ماہی باغیچہ اطفال، سیالکوٹ کے 12خاص شمارے منظرعام پرآچکے ہیں۔جن میں جھوٹ نمبر(جولائی تا ستمبر2023)، دوست نمبر۔دو حصوں میں (اکتوبر تا دسمبر2023اورجنوری تا مارچ2024)، بچپن نمبر(اپریل تا جون 2024)،اسکول نمبر(جولائی تا ستمبر2024 (، پھول نمبر۔دو حصوں میں (اکتوبر تا دسمبر2024اورجنوری تا مارچ2025)،نظم نمبر (اپریل تا جون2025 (، لوری نمبر (جولائی تا ستمبر 2025)،شناخت نمبر(جنوری تا مارچ20526)اورروبو کہانی نمبر(اپریل تا جون 2026) شامل ہیں۔
’باغیچہ اطفال‘ کے اولین شمارے ’جھوٹ نمبر‘ میں پاکستان اور بھارت کے معروف ادیبوں کی کہانیاں، شعراء کی نظمیں، اقوال زریں، ہونہار طلبہ کے تعارف اورانعامی مقابلہ شامل تھا۔ اولین شمارے میں عیشا ء صائمہِ، سعدیہ نسیم،مریم شہزاد،آر سی رؤف،دانیال حسن چغتائی،فاطمہ ساجد،سیدہ فاطمہ،سحرش سلیم،نمرہ خان،رونق جمال،رئیس صدیقی،ماہ نورخان،حمیرا علیم،انصار معروفی،شاہ رخ گل،محمد زبیر زائر،خان حسنین عاقب،کومل یسینٰ،محمد فیصل علی،عائشہ حنا،عبدل رازق کھولا پوری،مولانا عزیز الرحمن مدنی،زہرا دستگیر،سیدہ اقرا ء اعجاز،خنسا محمد جاوید،کاشان صادق،یاسرفاروق،ذوالفقار علی بخاری،ارسلان اللہ خان کی تحریریں شامل ہوئیں۔اِس خاص نمبر کی تجویز دانیال حسن چغتائی نے دی۔’باغیچہ اطفال‘ کے دیگر شائع ہونے والے خاص نمبرز کی تجویز راقم الحروف نے دی ہے۔یاسر فاروق اورمحمد ایوب اختر رسالے کے لیے بطورمنتظم(گوشہ شاعری) خدمات سرانجام دے چکے ہیں جب کہ نازیہ نزی ؔجنوری2026سے بہترین نظموں کے انتخاب کو یقینی بنا رہی ہیں۔
آپ ’باغیچہ اطفال‘ کے خاص نمبرز کے عنوانات اورسرورق دیکھیں تو آپ کو ایک خاص رنگ دکھائی دے گا۔ بچوں کے لیے سرورق دلکش بنایا جاتا ہے تاکہ وہ پہلی نظر میں دیکھتے ہی پڑھنے پر مائل ہوں اور ابھی تک تجربہ کامیاب رہا ہے۔رسالے کی تزین و آرائش وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل کی جا رہی ہے۔’باغیچہ اطفال‘ کو نونہالوں میں مقبول بنانے کے لیے معیاری مواد اورموضوعات پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے تاکہ اُنھیں بہتر بنایا جائے۔
’باغیچہ اطفال‘ کا’جھوٹ نمبر‘ سچ کی اہمیت کو آگاہ کرنے کے لیے منظرعام پر لایا گیا۔
’دوست نمبر‘ اچھے اور بُرے دوست میں تمیز کے ساتھ ساتھ کتاب کو دوست بنانے کی راہ ہموار کرتا ہے۔
’بچپن نمبر‘ میں بچپن کا رنگ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
’اسکول نمبر‘ بچوں کو تعلیمی ادارے سے محبت کے ساتھ ساتھ اسکول کے ماحول میں کھونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
’پھول نمبر‘ کی کہانیوں میں نہ صرف کردار پھول ہیں بل کہ پھولوں کے بارے میں معلومات بھی دی گئی ہیں۔
’نظم نمبر‘ اِس اعتبار سے منفرد ہے کہ شاید ہی ادب اطفال کی تاریخ میں بچوں کے لیے دل چسپ نظموں پر مبنی خاص رسالہ منظرعام پر لایا گیا ہو۔بچوں کے لیے دل چسپ اورمعلوماتی نظمیں شائع کی گئی ہیں تاکہ بچے اُن سے نہ صرف محظوظ ہوں بل کہ ذہین نشین کریں اوربچپن کا لطف اُٹھائیں۔
’لوری نمبر‘ میں لوری کے حوالے سے کہانیاں، مضامین اورلوریاں شامل ہیں۔’لوری کہانی‘ کی اصطلاح بھی اِسی شمارے سے ادب اطفال میں متعارف ہوئی جسے خان حسنین عاقب نے وضع کیا ہے۔
’شناخت نمبر‘ بچوں کو اپنی پہچان کی اہم دستاویزات کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔اِس کے بارے میں نونہالوں کو قیام پاکستان سے تاحال بہت کم آگاہی دی گئی ہے۔سہ ماہی باغیچہ اطفال غالباََ اولین رسالہ ہے جس نے شناختی دستاویزات کے حوالے سے خاص نمبر شائع کرکے تاریخ رقم کی ہے۔اِس کے ساتھ ساتھ تشہیری نظموں اورکہانیوں کی اشاعت رسالے کو منفرد بناتی ہے۔تشہیری نظم و کہانی کو موضوعاتی صنف کے طور پرمقبول بنانے کے لیے ’باغیچہ اطفال‘اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
’روبو کہانی نمبر‘ میں مصنوعی اورانسانی ذہانت پر مبنی تحریریں شامل ہیں جس کا مقصد بچوں کو مصنوعی ذہانت کی اہمیت اورنقصانات سے آگاہ کرنا ہے۔خان حسنین عاقب کی وضع کردہ اصطلاح’روبو کہانی‘اِس خاص شمارے کو لانے کا سبب بنی ہے۔ ادب اطفال کی تاریخ میں غالباََ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کسی رسالے میں مشینی ذہانت (مصنوعی ذہانت)سے لکھوائی گئی تحریریں رسالے میں شائع ہوئی ہیں۔ اِنھیں ’روبو ادب‘ قرار دیتے ہوئے ’روبو کہانی‘ کے عنوان کے تحت شائع کیا گیا ہے۔
سہ ماہی باغیچہ اطفال اِس وقت پاکستان بھر میں منگوایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے طلب میں اضافہ ہو رہا ہے کہ معیاری اور عمدہ موضوعات نونہالوں کے دلوں کو چھو رہے ہیں۔’باغیچہ اطفال‘ کا فی شمارہ دو سو روپے (بشمول ڈاک خرچ) اور سالانہ خریداری آٹھ سو روپے (بشمول ڈاک خرچ)میں گھر بیٹھے حاصل کیا جا سکتا ہے۔رقم ایزی پیسہ اکاونٹ (0333-8631428)پر ارسال کی جاسکتی ہے۔جب کہ تحریروں کو ای میل ([email protected])پربھجوایا جاسکتا ہے۔تجاویز یا شکایت کے لیے مدیر سے براہ راست رابطہ (0333-8631428)کیا جا سکتا ہے۔
۔ختم شد۔
Zulfiqar Ali Bukhari
About the Author: Zulfiqar Ali Bukhari Read More Articles by Zulfiqar Ali Bukhari: 419 Articles with 635768 views I'm an original, creative Thinker, Teacher, Writer, Motivator and Human Rights Activist.

I’m only a student of knowledge, NOT a scholar. And I do N
.. View More