میں نے پو چھا۔۔۔خاموش کیوں ہو۔؟



میں نے پوچھا، "ممتا کی مثال کیا ہے؟"

اس نے کہا،

"کیا تم نے ساغر کو بہتے دیکھا ہے؟بہتا ساغر، جیسے بہتی ممتا۔

کیا تم نے پہاڑوں کی بلندی دیکھی ہے؟پہاڑوں کی بلندی، جیسے ماں کی ممتا کا مقام ہو۔

کیا تم نے اشجار کی چھاؤں دیکھی ہے؟شجر کی چھاؤں، جیسے ماں کی گود کی ٹھنڈک ہو۔

کیا تم نے ابر کو برستے دیکھا ہے؟برستے بادل، جیسے ماں کی محبت کی بارش ہو۔

کیا تم نے چاند کو چمکتے دیکھا ہے؟چمکتا چاند، جیسے میری ماں کا چمکتا چہرہ ہو۔

کیا تم نے تاروں کی جھلمل دیکھی ہے؟تاروں کی جھلمل، جیسے میری ماں کا آنچل لہراتا ہو۔

کیا تم نے آسمان کو غور سے دیکھا ہے؟جیسے میری ماں کی ممتا میں بھی ایسی ہی وسعت ہے۔"

میں نے پوچھا، "میری ماں کے دل کی مثال دو۔"

اس نے کہا،

"کیا تم نے ہوا کا جھونکا اوڑھا ہے؟کیا تم نے ہلکی بارش دیکھی ہے؟کیا تم نے اوس کی بوندیں گرتی دیکھی ہیں؟کیا تم نے شبنم اترتی دیکھی ہے؟کیا تم نے گل کو کھلتے دیکھا ہے؟کیا تم نے ساون برستے دیکھا ہے؟کیا تم نے فلک پر قوسِ قزح کو دیکھا ہے؟کیا تم نے بہار کا موسم دیکھا ہے؟کیا تم نے کلیوں کی خوشبو سونگھی ہے؟کیا تم نے بچے کو ہنستے دیکھا ہے؟

یہ میری ماں کے دل کی مثالیں ہیں۔

کیا تم نے ظالم دنیا دیکھی ہے؟کیا ماں جیسا کوئی ملتا ہے؟

میری ماں اک ایسی ہستی ہے،جہاں میری دنیا بستی ہے۔"

میں نے پوچھا، "میری ماں کا چہرہ کیسا ہے؟"

اس نے کہا،

"کیا تم نے دنیا کی صورت دیکھی ہے؟کیا تم نے سورج کو چمکتے دیکھا ہے؟کیا تم نے کسی کو سجدے میں جھکتے دیکھا ہے؟کیا تم نے ماں کو مسکراتے دیکھا ہے؟کیا تم نے رکوع میں فلک کو دیکھا ہے؟کیا تم نے دھرتی کو ٹھہرتے دیکھا ہے؟کیا تم نے چاند کی مورت دیکھی ہے؟کیا تم نے رنگوں کو ابھرتے دیکھا ہے؟

مختصر یہ کہ...کیا تم نے کعبے کا منظر دیکھا ہے؟"

میں نے پوچھا، "ماں کی دعا کیا ہے؟"

اس نے کہا...

"کیا تم نے زندگی کو بدلتے دیکھا ہے؟کیا تم نے اندھیروں کو اجالوں میں ڈھلتے دیکھا ہے؟کیا تم نے عیسیٰ علیہ السلام کو گہوارے میں بولتے دیکھا ہے؟کیا تم نے زم زم کو بہتے دیکھا ہے؟کیا تم نے شمع کو جلتے دیکھا ہے؟کیا تم نے ماں کے ہاتھوں کو دعا کے لیے اٹھتے دیکھا ہے؟کیا تم نے ماں کو سجدوں میں گرتے دیکھا ہے؟کیا تم نے اس کے دل کو اپنی اولاد کے لیے تڑپتے دیکھا ہے؟کیا تم نے محمد ﷺ کو فرماتے سنا ہے:'تمہاری ماں، تمہاری ماں، پھر تمہاری ماں، پھر تمہارا باپ۔'کیا تم نے اپنی ماں کو اپنے لیے روتے دیکھا ہے؟"

میں خاموش ہو گئی،کیونکہ مجھے محسوس ہوا کہ ماں کو لفظوں میں بیان کرنا آسان نہیں۔

مگر میرے سوال ابھی ختم نہیں ہوئے تھے...

جاری ہے۔۔۔
naila rani riasat ali
About the Author: naila rani riasat ali Read More Articles by naila rani riasat ali: 120 Articles with 192481 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.