لائف اسٹائل:روشنیوں والا خواب

فلم "ساتھ ساتھ" کا مشہور گانا تھا—'یہ تیرا گھر، یہ میرا گھر'—جدید دُنیا کی حقیقت یہی ہے کہ ہمیں اب 'لائف سٹائل ریاست' (Lifestyle State) کی ضرورت ہے جہاں حکومت کا جواز صرف فلاح پر نہیں، بلکہ شہریوں کو ایک برانڈڈ، ڈیجیٹل اور معیاری طرزِ زندگی دینے پر ہو۔

Lifestyle State

لائف اسٹائل:روشنیوں والا خواب

رات کے دس بج چکے تھے۔ ایک چھوٹے سے فلیٹ کے ڈرائنگ روم میں نیا شادی شدہ جوڑا، سارا اور احمد، صوفے پر بیٹھے ایل ای ڈی پر ایک انگریزی فلم دیکھ رہے تھے۔ سکرین پر ایک جدید سائبر سٹی کی رات کا منظر تھا—شیشے کی فلک بوس عمارتیں، سڑکوں پر نیون لائٹس کا بہاؤ، فضا میں اُڑتے ڈرونز، ہولوگرام کے اشتہارات اور ایک دلکش ڈیجیٹل کلچر۔ وہاں زندگی خود ایک اعلیٰ "لائف سٹائل"لگ رہی تھی۔ سارا نے ریموٹ نیچے رکھا اور احمد کو دیکھا، اس کی آنکھوں میں وہی روشنیاں منعکس ہو رہی تھیں۔
"کیا ہمیں یہ سب کبھی ملے گا؟ ہم نے بھی تو ابھی نئی زندگی شروع کی ہے۔" اس کی آواز میں ایک تڑپ تھی۔
احمد ہلکا سا ہنسا، مگر اس کی ہنسی میں دن بھر کی تھکن تھی، "اس کیلئے بہت محنت کرنی پڑے گی سارا۔"
"تو کریں گے نا محنت!" سارا فوراً بولی۔ "ہم ساری زندگی اتنی سادگی میں نہیں گزار سکتے۔ ہمیں بھی ایک لائف سٹائل چاہیے۔ صرف روٹی، کپڑا اور مکان اب کافی نہیں ہیں۔"
احمد نے اس کے جوش کو متوازن کرنے کیلئے بات سنبھالی، "دیکھو سارا، ہماری حکومتیں فلاحی ریاست کے طور پر بنیادی سہولتیں تو دے ہی رہی ہیں۔ علاج ہو جاتا ہے، بچوں کی تعلیم مل جاتی ہے، ٹیکس منہا کے بعد پنشن اور ویلفیئر کا ایک سسٹم موجود ہے۔ یہ کم تو نہیں ہے۔"
سارا نے نفی میں سر ہلا دیا، "یہ باتیں اب پرانی ہو گئیں احمد۔ اگر ہم روایتی حکومتوں کا انتظار کریں گے تو وہ کبھی فلاحی ریاست کے اس فرسودہ دائرے سے آگے نہیں بڑھیں گی۔ اور جو فلاحی ریاستیں انہوں نے قائم کی ہیں، ان کا اصل حال ہم سب جانتے ہیں۔" وہ اُٹھ کر کھڑکی کے پاس آ گئی۔ باہر گلی میں بس ایک مدہم سا بلب ٹمٹما رہا تھا۔ "ایک کمرہ، ایک باتھ روم، ایک کچن... بس؟ نہیں احمد! اب آگے بڑھنا ہوگا۔ یہ روشنیاں ہماری زندگی میں بھی ہونی چاہئیں۔ ہمارا پورا نظام ڈیجیٹل ہونا چاہیے۔"
احمد نے مسکرا کر صوفے پر پڑے ریموٹ کو اُٹھایا اور یوٹیوب پر ایک پرانی ویڈیو پلے کر دی۔ یہ 1982ء میں ریلیز ہونے والی اِنڈین فلم "ساتھ ساتھ" کا مشہور گانا تھا—'یہ تیرا گھر، یہ میرا گھر'—جو فاروق شیخ اور دیپتی نیول پر فلمایا گیا تھا۔ گانے کی سادگی، عام سے در ودیوار والا مکان، گرمی میں رات کو چھت پر بستر بچھا کر آسمان پرتارے گنتے ہو ئے سوتے، سٹیل کے برتنوں اور پانی کی بالٹی میں پنپتی محبت کو دِکھاتے ہوئے احمد نے کہا، "اس ماحول کو دیکھو سارا! کتنی سادہ زندگی میں بھی یہ لوگ کتنے خوش لگ رہے ہیں۔ اصل لائف سٹائل تو اندر کا سکون ہے۔"
سارا نے اسکرین کی طرف دیکھا اور تیکھے لہجے سے بولی، "احمد! اس بات کو 44 سال گزر چکے ہیں، دُنیا بدل گئی ہے۔ اب وہ پرانا مصرعہ نہیں چلے گا۔ اگر لائف سٹائل بدل جائے تو اس گانے کا مصرعہ میں بدل دوں گی کہ: 'یہ ہمارا گھر، یہ سب کا گھر!'"
احمد کھلکھلا کر ہنس پڑا، "سب کا گھر؟ سب کا لائف سٹائل بدلنا تو حکومت کیلئے بھی مشکل ہوگا سارا، تم فی الحال اسے 'ہمارا ہی گھر' رہنے دو۔"
سارا دوبارہ صوفے پر اس کے قریب آ بیٹھی اور سنجیدگی سے بولی، "میں یہی تو کہہ رہی ہوں کہ حکومت کو اب اپنا ماڈل بدلنا ہوگا۔جو سہولیات، شاندار رہائش، دفاتر کا ماحول، بہترین گاڑیاں اور مکمل سائبر سیٹ اپ حکومتی اشرافیہ کو حاصل ہیں، وہ عام آدمی کو کیوں نہیں مل سکتیں؟ جدید دُنیا کی حقیقت یہی ہے کہ ہمیں اب 'لائف سٹائل ریاست' (Lifestyle State) کی ضرورت ہے جہاں حکومت کا جواز صرف فلاح پر نہیں، بلکہ شہریوں کو ایک برانڈڈ، ڈیجیٹل اور معیاری طرزِ زندگی دینے پر ہو۔"
احمد نے اس کا ہاتھ پکڑتے ہوئے ایک اہم نکتہ اُٹھایا، "لیکن سارا، اس دوڑ کی ایک قیمت ہے۔ آج ہر پروفیشنل—چاہے ڈاکٹر ہو، انجینئر ہو یا کوئی افسر—پہلے اپنی قیمت مانگتا ہے۔ تھوڑا سا اخلاق سے ہٹ کر یہ سب کرنا پڑ رہا ہے۔"
اس پر چیک اینڈ بیلنس رکھنا ریاست کا کام ہے،" سارا نے مضبوط لہجے میں جواب دیا۔ "اخلاقیات پہلی شرط ہونی چاہیے، کسی کو قانون سے کھیلنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے، مگر جدید ترین سہولتیں ہر شہری کا حق ہیں۔ حکومتوں کو اب اعلانیہ طور پر فلاحی ریاست کے پرانے خول سے نکل کر 'لائف سٹائل ریاست' کی طرف قدم بڑھانا ہوگا۔
ایل ای ڈی پر گانا ختم ہو چکا تھا، لیکن اس چھوٹے سے کمرے میں دونوں کی آنکھوں کے اندر ایک نئے سائبر شہر کا خواب پوری آب و تاب کے ساتھ جاگ رہا تھا۔






Arif Jameel
About the Author: Arif Jameel Read More Articles by Arif Jameel: 233 Articles with 419863 views Post Graduation in Economics and Islamic St. from University of Punjab. Diploma in American History and Education Training.Job in past on good positio.. View More