لوراجہ پرویز اشرف تو وزیراعظم بن گئے کیا عوامی مسائل بھی حل ہوں گے

 صدر زرداری +وزیراعظم پرویزاشرف + سوئس خط +عدلیہ اور عوام کے مخمصے...

لوچلو راجہ پرویز اشرف 211ووٹ لے کر ملک کے 25 ویں وزیراعظم تو بن گئے مگر اِن کے یوں اچانک وزیراعظم بننے کے ساتھ ہی عوا م کے دلوں میں طر ح طرح کے مخمصے بھی جنم لے رہے ہیں اور عوام کہہ رہے ہیں کیایہ وہی راجہ پرویز اشرف ہیں جو اِسی حکومت میں وفاقی وزیرپانی و بجلی بھی کبھی ہواکرتے تھے اِن کی ماضی کی کارکردگی تو کوئی اتنی خاص نہیں تھی کہ صدر نے اِنہیں وزارتِ عظمی کے منصب پر فائز کرکے عوام سے کس گناہ کی سزالینے کی ٹھان رکھی ہے شاید اِسی کو کہتے ہیں قسمت کی دیوی کا مہربان ہونا آج جس طرح قسمت کی دیوی راجہ پرویز اشرف پر مہربان ہوئی ہے ہماری دعاہے قسمت کی یہ دیوی اَب آئندہ کسی پر بھی مہربان نہ ہو قسمت کی دیوی کا راجہ پرویز اشرف پر مہربان ہونے کی جو وجہ بنی وہ کچھ یوں ہے کہ اطلاعات کے مطابق جب انسداد منشیات کی مقامی عدالت نے ممنوعہ کیمیکل ایفیڈرین کوٹہ کیس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے تفیشی افسران کی رپورٹ پر پیپلزپارٹی کے وزارت عظمی کے نامزد اُمیدوار مخدوم شہاب الدین کے ناقابل ضمانت ورانٹ جاری کئے تواِس کے بعد مخدوم شہاب الدین جنہوں نے کے وزارتِ عظمی کے لئے اپنے کاغذات جمع کرائے تھے وہ واپس لے لئے پھر اِس کے بعد ہمارے انتہائی ذہن اور بے پناہ سیاسی بصیرت اور آگاہی رکھنے والے صدر مملکت آصف علی زرداری نے راجہ پرویز اشرف کو ملک کا نیا وزیراعظم بنانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے مگر اَب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ہمارے ملک کے نئے بننے والے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی گیلانی کے راستوں پر چلتے ہوئے اُن جیسے ہوجائیں گے اور ملک اور قوم کو نت نئے بحرانوں میں جکڑے رکھنے کے بعد اپنے پیش رو کی طرح جانا پسند کریں گے یا اپنے دورے وزراتِ عظمی میں عوام سے دادتحسین جمع کرتے ہوئے اتنا کچھ اچھاکر جائیں گے کہ گیلانی کے ہاتھوں عوام کے جسموں پر لگے زخموں سے رستا خون بند ہوجائے گا اور عوام اِن کے حق میں تعاروفی کلمات اداکرتے نہیں تھکیں گے۔

بہر حال یہ تو راجہ پرویز اشرف کی اپنی قابلیت ہوگی کہ یہ عوام کے کتنے خیر خواہ ثابت ہوں گے اور اپنی ذات سے ملک اور قوم کے لئے کیا کچھ اچھاکرگزریں گے ویسے ایک بات یہ ضرور ہے کہ صدر کے لاڈلے گیلانی اپنے چار سال عوام پر اذیتوں کے پہاڑ نازل کرنے کے بعد سپریم کورٹ سے نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد چلے گئے ہیں اِس پر ہم یہ کہیں گے کہ چلواچھاہی ہواکہ وہ یوسف رضاگیلانی جو اِس غرور اور گھمنڈ میں متبلاتھے کہ کوئی اِن سے اِن کا اقتدار نہیں چھین سکتااور یہ ہمیشہ اقتدار میں رہنے کے لئے آئے ہیںیہ جس طرح چاہیں اداروں کو گھوماسکتے ہیں اور اِن کی حکومت نے عوام اور ملک کے علاوہ صدر زرداری کی ذات کے خاطر اتنے کام کرڈالیں ہیں کہ عوام اِن سے خوش ہوں یا نہ ہوں مگر اِنہیںاِس بات کا بھی سوفیصد یہ یقین ضرور تھا کہ صدر اِن سے ضرور خوش ہیںاور یہ اِن پرپورااعتمادکرتے ہیں اور بالآخر اتنی ڈھیرساری خوش فہمیوں میں مبتلارہنے والے گیلانی بھی رخصت ہوہی گئے یہ کس طر ح گئے ہیں یہ بھی پاکستانی عوام اور دنیا خوب جانتی ہے کہ اِن کی رخصتی کا پروانہ سپریم کورٹ نے اسپیکررولنگ کیس میں تاریخی فیصلہ سُناتے ہوئے جس انداز سے وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی کو نااہل قرار دے کرجاری کردیاہے یہ بھی اہل وطن کے لئے قابلِ تحسین کارنامہ ہے نہ صرف یہ بلکہ سپریم کورٹ ہی کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی تُرنت یعنی فوراََ ہی مسٹر سیدیوسف رضا گیلانی کی حلقہ این اے 151ملتان کی نشست خالی قراردیتے ہوئے وزیراعظم کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کرکے ایک اور تاریخ رقم کردی ہے ۔یہاں ہم یہ کہیں گے کہ یوسف رضاگیلانی جیسے انتہائی شاطر سیاست دان کے لئے پانچ سال تک انتخابات میں حصہ نہ لینے والی سزابھی بہت کم ہے بلکہ ہمارا ایک مشورہ یہ ہے کہ ایسے اشخاص جو توہین عدالت یا کرپشن میں ملوث پائے جائیں تو ایسے افراد کے لئے پانچ سال نہیں بلکہ پانچ انتخابات تک حصہ نہ لینے کی سزادی جانی چاہئے تاکہ اِنہیں اپنے کئے گئے جرائم کا احسا س ہو اور وہ آئندہ پھر کبھی ایساکرنے کا سوچ بھی نہ سکیں جس کی پاداش میںاِنہیں یہ ایسی سزاملی ہے۔

جہاں سپریم کورٹ کے اِ س تاریخ ساز فیصلے کے بعد حکمران جماعت والوں میں غم وغصہ پھیل گیا تووہیں یہ کسی زخمی شیر کے ماننداِدھر اُدھر اپنا سر پیٹتے ہوئے بھی نظرآئے اور احتجاجاََمشتعل ہوکر لاڑکانہ، خیرپور، نوابشاہ، دادو، پڈعیدن و دیگر شہروں میں ہوائی فائرنگ اور مظاہرے بھی کرنے لگے تو اُدھر ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو جمہوریت کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ عدالتی حکم پر تحفظات ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ اِن کے تحفظات محض اِن کی ضد اور اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی کے مترادف ہے اور بس ....

اگرچہ دوسری جانب پہلے ہی روز سے عہدہ صدارت پر اپنے قدمِ مبارک رنجافرمانے والے ہمارے فہم وفراست سے لبریز اور بے پناہ سیاسی تدبر کا مظاہرہ کرنے والےصدرِ مملکت آصف علی زرداری اپنے لاڈلے سیدیوسف رضاگیلانی کی وزارتِ عظمی سے رخصتی کے بعد یقینی طور پر سخت ذہنی دباؤ میں رہے اور اِس شش وپنچ میںبھی مبتلارہے کہ کیا آئندہ دنوں میں اِنہیں اپنی ہی پارٹی سے کوئی ایسابندہ مل پائے گاجواِن کی محبت میںمبتلارہ کر سوئس حکومت کو گیلانی جیسے عشق کی طرح خط نہیں لکھے گااور ایسا ہی فرمانبردار ثابت ہوگا جیسے سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی اپنے قول اور فعل سے ایک ایسا رنگ جما گئے کہ سپریم کورٹ کو ہی اِنہیں نااہل قرار دے کر رخصت کرناپڑاورنہ تو صدر اور اِن کی پارٹی کو گیلانی سے کبھی کوئی شکایت نہیں تھی اَب یہ اور بات تھی کہ گیلانی نے بحیثیت وزیراعظم ملک کو کئی بحرانوں میں دھکیلاہے جس میں توانائی کی شکل میں بجلی کا بحران سرفہرست ہے۔

گیلانی کو سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعدایک وقت ایسا بھی ضرورتھاکہ جب صدر آصف علی زرداری اتحادیوں سے مل کر بھی گیلانی جیسے کسی نئے گیلانی کا حتمی فیصلہ نہیں کرپارہے تھے جس کی تلاش کے لئے وقت گرزنے کے ساتھ ساتھ اِن کی پریشانی بھی بڑھتی ہی جارہی تھی کہ یکا یک اِن کی نظر گیلانی جیسے کئی نئے لڈن پپوں پر جم کر رہ گئی اور اُنہوں نے اِن لڈن پپیوںمیں سے ایک نیاگیلانی راجہ
پرویز اشرف کی شکل میں ڈھونڈہی نکلااور اپنا اگلا عاشق اِنہیں بنانے کے لئے وزارتِ عظمی کے لئے نامزد کردیا جِسے متفقہ طور پر منطوربھی کرلیا گیاہے ۔مگراَب دیکھنا یہ ہے کہ 22جون کو نئے گیلانی کی صورت میں راجہ پرویز اشرف ہی ہمارے نئے وزیراعظم قرار پائیں گے اگر اِن کا اِس حکومت میں ماضی کاریکارڈ دیکھیں تو اِن کی آج تک کی کارکردگی یہ بتاتی ہے کہ راجہ پرویز اشرف نے عوام کے لئے تو اتنا کچھ نہیں کیا جتنااِنہوں نے کچھ نہ کرکے اور اپنے قو ل و فعل سے صدر زرداری کا خود پر اعتماد بحال کرکے اِن کے معیار پر پورااُترے ہیں۔

یہاں یہ امرقرار واقع ہے کہ گزشتہ چار دنوں سے ایوان صدر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کا جو سیاسی بازار گرم تھا وہ22جون کو وزراتِ عظمی کے ہونے انتخاب کے بعد بڑی حد تک ضرور ٹھنڈاپڑ گیاہے ورنہ تو دیکھنے والوں نے یہ تک دیکھا کہ ایوانِ صدر کے کمروں کے بند دروازوں کے پیچھے وزارتِ عظمی کے عہدے کے حصول کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کے درمیان بڑے بڑے پاپڑضرور بیلے جاتے رہے ہیں اور یہاں تک کہ ایک سے بڑھ کر ایک صدر پر اپنا سیاسی کیریئر قربان کرنے کے دعویداربنارہا مگر یہاں ہم یہ بھی اپنے قارئین کو بتاتے چلیں کہ اِس پریشان کن کیفیت سے دوچاررہنے والے ہمارے عزت مآب صدر آصف علی زرداری کی فہم و فراست کابھی سخت امتحان تھاجس سے یہ الحمداللہ انتہائی خیر وعافیت نکلنے میں کامیاب ہوگئے اورصدر نے گیلانی کا جانشین راجہ پرویز اشرف کو بحیثیت وزیراعظم بنا کر اپنی حکومت کو آکسیجن عطاکردی ہے جو گیلانی کی طرح سوئس حکومت کو خط نہ لکھنے پر ڈٹے رہیں گے اور اپنا سب کچھ صدر پر قربان کردیں گے۔اِس پر ہم یہ کہیں گے کہ ہمارے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر لازم ہے کہ وہ خود کو ملک اور قوم کی خدمات کے لئے وقف کردیں یہ مانا کہ ماضی کا اِن کا ریکارڈ بحیثیت وزیر پانی و بجلی ناقص اور خراب ہے مگر اَب عوام اِن سے یہ ضرور اُمید رکھتے ہیں کہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اپنے اِس جملے پر قائم رہیں گے کہ ” ہم اداروں میں تصام نہیں چاہتے ہیں اور ہم نے ہمیشہ سچ کا ساتھ دیاہے جمہوریت کی مضبوطی ملکی ترقی و استحکام کی ضمانت ہے اور ہمارے قائدین سمیت میں نے بھی ہمیشہ جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے اچھے فیصلے کئے ہیں “عوام اِس مخمصے میں مبتلاہیں کہ راجہ پرویز اشرف وزارتِ عظمی کے منصب پر فائز ہونے کے بعد اپنے مندرجہ بالا اداکئے گئے جملوں کو بھول کر اپنی تما م تر صلاحتیں صرف صدر کی ذات اور مفادات کے لئے کام کرنے اوراِن کے کارناموںاور سوچوں کی ملکی اور عالمی سطح پر پروان چڑھانے اور سوئس حکومت کو خط نہ لکھنے کے بہانوں اور سیاسی حربوں میں ہی نہ ضائع کردیں ۔

اُدھر اہل وطن نے یہ بھی دیکھا کہ جیسے ہی یوسف رضاگیلانی کا وزارتِ عظمی کے عہدے سے سپریم کورٹ کانااہل قرار دیاجانا تھاکہ ن لیگ اور تحریک انصاف والوں پر جیسے ساون چڑھ دوڑاہواور اُنہوں نے سخت گرمی اور طویل ترین لوڈشیڈنگ کے عذاب کو بھلا کر ملتان اور لاہو ر سمیت ملک کے بیشترشہروں میں جشن منایااور مٹھائیاں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سارے غم اپنے د ل سے نکال پھینکااور ڈھول کی تھاپ پر ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر بھنگڑے ڈالے اور آتشبازی کرنے کے ساتھ ساتھ کئی علاقوں میں ہوائی فائرنگ بھی کی اوراِس کے ساتھ ہی یہ بھی اطلاع ہے کہ دونوں جماعتوں کے کچھ کا رکنوں نے ملکی اداروںکے استحکام اور سا لمیت کو داؤ پر لگانے والے سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کو اسپیکر رولنگ کیس میں نا اہل قرار دیئے جانے والے سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر شکرانے کے نوافل بھی اداکئے اور ہمیںیقین ہے کہ اِس موقع پر اِنہوں نے یقینا اللہ کے حضور ملک میں آئندہ کسی ایسے شخص کی وزارتِ عظمی پر فائز نہ کئے جانے سے متعلق بھی ضرور دعا کی ہوگی جیسے نااہل یوسف رضاگیلانی تھے۔

ویسے ہم یہاں اپنے دل کی ایک بات ضرور کہناچاہیں گے وہ یہ کہ صدر نے اپنے اور اپنی پارٹی مفادات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کو تووزارتِ عظمی کے عہدے پر ضرور فائز کردیاہے مگر ہماری صدر اور نومنتخب وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے یہ التجاضرور ہے کہ اپنے اپنے ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھ کر خداکے واسطے ملک میں قانون کی بالادستی اور استحکام کے لئے حقیقی معنوں میں اداروں سے تصادم کی راہ پر چلنے سے گریز کریں اور اِس کے ساتھ ہی اِنہیں یہ بھی سوچناچاہئے کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران اپنے پارٹی کا گرتا وقار بحال کرنے اور کرانے کے لئے اللہ نے ترس کھاکر اِنہیں چھ ، سات ماہ کا جو عرصہ خیرات میں دے دیا ہے اِس دوران صدر زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اپنی اپنی اصلاح بھی کریں اور ملک میں نااہل گیلانی کی طرف سے پیداہونے والے بجلی گیس اور دیگر بحرانوں کے فوری خاتمے کے لئے بھی اپنی کوششیں کریں اور ملک سے حقیقی معنوں میں مہنگائی اور بیروزگاری سمیت کرپشن کے خاتمے کے لئے بھی اقدامات کریں اور اِس کے ساتھ ہی ہم آخر میں یہ بھی کہنا چاہیں گے کہ ہمارے نومولودوزیراعظم راجہ اشرف ، حقیقی معنوں میں ایک باوقار وزیراعظم بن گئے تو ٹھیک ہے ورنہ اپنی خود مختاری کسی اور (صدر)کے ہاتھ میںدے کر لڈن پپو بنے رہے تو پھر سوچو ملک کا چھ سات ماہ میں کیا حال ہوگا...؟شاہد جس کا گمان بھی نہ کیا جاسکے کیوں کہ گیلانی کو درپردہ چلانے والے ہمارے یہی صدرِ مملکت ہی تو تھے جو وقتاََ فوقتاََ اپنی ساری سیاسی فہم وفراست گیلانی میں اُنڈیلتے رہے اور گیلانی اِس کی روشنی میں اپنا کام کرتے رہے جس کا نتیجہ آج یہ ہواکہ گیلانی کو نکل لئے مگر صدر ر ہ گئے کہیں ایسانہ ہوجائے کہ کچھ دنوں کے بعد راجہ بھی نکل جائیں مگر صدر پھر رہ جائیں۔
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 971596 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.