بولو تم کیا کیا نہیں صرف آٹا ہی خریدو گے..؟

وزیراعلی سندھ کا ڈھائی ارب کا رمضان پیکیچ کا اعلان، بولو تم کیا کیا نہیں صرف آٹا ہی خریدو گے..؟
بھارتی حکمرانوں کا اپنے عوام کو مفت دوائیاں فراہم کرنے کا فیصلہ...پاکستان میں سوائے موت کے کچھ مفت نہیں ملتا

شعبان المعظم گزرنے کو ہے اور ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ہر طرف اِس رحمتوں اوربرکتوں سے لبریز ماہِ مبارکہ کو خوش آمدید کہنے کو اہلِ ایمان کی بے چینی دیدنی ہے تو وہیں زائد منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی نیندیں بھی ہیں جو اِ ن کی آنکھوں سے اُڑ چکی ہیں تو اِنہیں زائد منافع کی جستجوکے ساتھ ملاوٹ شدہ اشیاءخوردونوش کی فروخت کے لئے حربے دریافت کرنے کی فکربھی کھائی جارہی ہے ایسے میں سندھ کے عوام کو زائد منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں سے بچانے کے لئے گزشتہ دنوں وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ کی زیرصدارت بولو جی تم کیا کیانہیں..صرف آٹا خریدوگے صدائیں لگاتے ایک اعلی ٰ سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میںحکومت سندھ نے ڈھائی ارب روپے کے ”رمضان پیکیچ“ کا اعلان کیا ۔

البتہ یہاں افسوس کا مقام یہ ہے کہ اِس اجلاس کے تحت صوبے میں رمضان المبارک کے دوران اور کوئی ضروری اجناس جیسے چینی، دال، چاول، چائے کی پتی وغیرہ تو خیر شامل نہیں اِس اجلاس میں اجناس کی مد میں صرف آٹاہی واحدہوگا جِسے سندھ میں 23روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کئے جانے کا فیصلہ کیا گیااوراِسی اجلاس میں محکمہ خوراک ، زراعت اور خزانہ پر مشتمل کیمٹی بھی تشکیل دے دی گئی جس کا کام صوبے کے کونے کونے میں صرف آٹاپیکیچ کی تقسیم کے انتظامات کو حتمی شکل دے کر اِس کی منظورکردہ قیمت پر فروخت کو یقینی بناہے۔

اگرچہ خبروں کے مطابق یہ تفصیل بھی سامنے آئی ہے کہ اِس حوالے سے اجلاس میں حکومت سندھ نے بلند وبانگ دعوے کرتے ہوئے کہاہے کہ رمضان پیکیچ اور غریب لوگوں کے لئے سبسڈی کے معاملات پر ہر زاویئے سے غور کیاگیااور پھر ترنت یہ فیصلہ بھی کیا گیاچونکہ یہ انتخابات کا سال ہے اِس لئے غریب لوگوں سے ووٹ لینے کے لئے حکومت سندھ رمضان پیکیچ کے لئے ڈھائی ارب روپے مہیاکرگی اوراِس ضمن میں صوبائی محکمہ خوراک عوام کو ریلیف دینے کے لئے 2لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گااور اِس گندم سے دس دس کلوگرام آٹے کے تھیلے بناکر صوبے کے مستحق اور غریب افراد کو انتہائی سستے نرخ پر فراہم کئے جائیں گے غریبوں کی مشکلات اور پریشانیوں کو مدِ نظررکھتے ہوئے حکومت سندھ کی جانب سے اجلاس میں رمضان پیکیچ 2012کے حوالے سے متعددتجاویز پیش کی گئیںاور اِن تجاویز کو سامنے رکھتے ہوئے غریب پرور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے 25بلین روپے کے رمضان پیکیچ کی منظوری دی اور اپنے اختیارات کو بھر پور استعمال کرتے ہوئے غریب پروروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ میں دیگر اجناس کے علاوہ صرف آٹاسستے داموں 23روپے فی کلوگرام کے حساب سے فراہم کرنے کی اجازت بھی دے دی۔

جبکہ پنجاب میں اپنے ہم منصب کی جانب سے اپنے عوام کے لئے سستی روٹی کی فراہمی اِن کے پیٹوںمیں پیڑپیداکررہی ہے... اور آج یہ خود اپنے یہاں رمضان پیکیچ کے نام سے 23روپے کلوگرام سے سستاآٹافروخت کرنے کے دعوے کے ساتھ خود سامنے آنے کو پر تول رہے ہیں جبکہ اِس موقع پریہ ذرایہ بھی بتادیں کے اِس میں کتنی بچت ہے اور کس کس کا کتناوہ ....ہے؟ ایسے میں ہم یہاں یہ کہناچاہیں گے کہ اگر سندھ کے غریب پرور وزیراعلیٰ کو اپنے صوبے کے غریب عوام کی اتنی ہی فکر ہے تو یہ اپنے صوبے میں صرف آٹاہی کیوں سستاکررہے ہیں.... اِنہیں سوچناچاہئے کہ دیگر اجناس بھی ہیں جسے غریب لوگ رمضان میں استعمال کرتے ہیں...دیگراشیاکو ن غریب کی پہنچ تک لائے گا ....؟اِنہیں تو یہ چاہئے تھاکہ یہ اپنے صوبے کے غریب لوگوں کا خیال کرتے ہوئے رمضان پیکیچ کے نام پر دس دس کلوگرام کے آٹے کے تھیلے مفت تقسیم کرنے کا حکم دیتے ...یا دیگر اجناس بھی سستے داموں فراہم کرنے کے انتظامات اور اقدامات کردیتے تو بات بنتی اور یہ اپنے ہم منصب وزیراعلی پنجاب سے سو قدم آگے بھی نکل جاتے اور اِن کے اِس اقدام سے غریب عوام اِن کی حکومت کے چارسالہ دکھ دردبھول جاتے اور اِن کے واری ...واری جاتے۔

ایسے میں یہاں یہ کہنا شائد غلط ہوکہ ہماری حکومت نے ملک کے لگ بھگ 19 کروڑ عوام کی پریشانیاں دور کرنے اور مشکلا ت ختم کرنے کے لئے کچھ نہیں کیاہے اگر دیکھاجائے توکہیں نہ کہیں اورکسی نہ کسی نے کچھ نہ کچھ تو ضرورکیا ہے.. ہم یہاں یہ بات اظہارِ طنزاََ ومزاح کے طور پر کہہ رہے ہیں کیوں کہ حکمرانوں کی دانستہ غلطیوں اور فرسود ہ اقدامات و انٹظامات اورمسائل اور بحرانوں کی چکی میں پستے ہوئے عوام کی حالتِ زار کو دیکھتے ہوئے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ آج کون ایسا زندہ پاکستانی ہوگا جو یہ نہیں جانتاہوگا کہ ہمارے حکمرانوں نے اپنے ساڑھے چار سالہ دورِجمہور میں عوام سے زیادہ اپنے مسائل کے حل کی فکر کی ہے اورقومی خزانے کا خوب بیڑاغرق کیا ہے اور اِیسے میں یہ اپنے پورے عزم وہمت کے ساتھ اِس پر بھی یقین رکھتے ہیں کہ قومی خزانے پر عوام سے کہیں زیادہ اِنہی کا حق ہے کیوں کہ اِنہوںنے ملک میں دورِ جمہوریت کے لئے جو قربانیاں دی ہیں یہ اِن کے سواکوئی اور نہیں دے سکتاتھااور اِن کے نزدیک جہاںتک بات ہے عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کی تو اِن کا دوٹوک الفاظ میں یہ کہناہے کہ ہم پہلے اپنی دی گئیں قربانیوں کا تو ازالہ کرلیں پھرسوچیں گے کہ ہم عوام کے لئے کیا کیا کرسکتے ہیں ۔

بہرحال موجودہ حالات میں ہمارے وزراءکا یہ دعویٰ ہے کہ اگر عوام نے ملک سے مہنگائی ، بے روزگاری، کرپشن ، لوٹ مار ، قتل وغارت گری ، بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ کے رو ک تھام اور خاتمے ، قانون کی بالادستی اور سوئس حکام کو خط نہ لکھنے کی پالیسی پر قائم رہ کر طاقتور ترین جمہوری صدر کے وقار پر ضرب نہ آنے دینے والی حکمتِ عملی سمیت اور دیگر معاملات میںہماری موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ہم سے اپنی خدمت کرنے کے بہانے ہمیں آئندہ انتخابات میں پھر پانچ سال تک اقتدار میں آنے کی دعوت دے کر ہمیں اپنی خدمت خودکرنے کا موقع فراہم کیا تو ممکن ہے کہ ہم مسائل اور طرح طرح کے بحرانوں اور مشکلات میں گھیرے عوام کو اِن سے نجات دلاسکیںاور اگر اُنہوںنے نواز ، عمران ، قاضی یا کسی ایراغیراکے بہکاوے میں آکر ہمیں اقتدار میں نہ لائے تو پھر عوام کو سمجھ لینا چاہئے کہ عوام کو بحرانوں ، مشکلات اور پریشانیوں سے ہمارے علاوہ کوئی نجات نہیں دلاسکتاہے یہ سب مفادپرست ہیں اوراگریہ سب مل کر اقتدار میں آگئے تویہ عوام کے مسائل سلجھانے کے بجائے اِنہیں اور مشکلات اور مسائل میں جکڑ دیں گے اِس لئے عوام کو یاد رکھناچاہئے کہ ہم اگر آئندہ انتخابات کے نتیجے میںدوبارہ اقتدار میں آگئے تو ہم اپنی عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے عوام کے لئے کچھ نہیں چھوڑیں گے اور باقی کے سالوں میں عوام رہ گئے تو ہم اِن کے مسائل حل کرنے اور اِنہیںبحرانوں سے نکالنے کے لئے ضرور کچھ نہ کچھ کرکے دکھائیں گے۔

جبکہ یہاں ہمیں یہ کہنے دیجئے کہ دوسری طرف ہماراپڑوسی ملک بھارت بھی ہے جو آبادی اور رقبے کے لحاظ سے ہم سے کئی گنازیادہ بڑاملک ہے یہاں سے ایک خبر یہ آئی ہے کہ بھارتی حکومت نے اپنے غریب عوام کو ریلیف دینے کے لئے عوام کو مفت دوائیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے ہر سطح کے ڈاکٹروں کو اِس کاسختی سے پابندکیاہے کہ وہ صرف جیزک دوائیں ہی تجویز کریں ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق مفت دواؤں کی فراہمی کے لئے بھارتی حکومت نے 54ارب ڈالررکھے گئے ہیں بھارتی حکومت کے اِس فیصلے سے یقینی طور پر ملک کے کروڑوں افراد کو فائدہ پہنچے گا جس کی رو سے شہرکے اسپتالوں سے لے کر چھوٹے دیہی کلینک سمیت بھارت کے تمام سرکاری دواخانوں کے ڈاکٹرز جلد ہی تمام مریضوں کے لئے مفت جیزک دوائیں تجویز کرنے لگیں گے بھارتی حکومت نے اپنے اِس فیصلے کے بعداِس منصوبے کے لئے فوری طور پر ابتدائی رقم بھی فوری طور پرجاری کر دی ہے جبکہ منصوبے کے تحت ڈاکٹروں کو سختی سے پابندکردیاگیاہے کہ وہ ہر حال میں صر ف جیزک دوائیں ہی تجویز کریں گے اور اگر کوئی اِس کے برعکس گیااور برانڈڈ دوائیں تجویز کیں تو اِس کو سزاکا سامناکرنابھی پڑسکتاہے۔اَب اِس پس منظر میں یہ بات واضح طور پر محسوس کی جاسکتی ہے کہ پاک بھارت دونوں ممالک میں سے کس ملک کے حکمران اپنے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے مخلوص ہیں اور کس ملک کے نہیں ہیں ہمارے سندھ کے غریب پروروزیراعلیٰ نے عوام کو ریلیف دینے کے جذبے کے تحت رمضان پیکیچ میںصرف آٹا سستاکرنے کی نیت سے دس کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 23روپے فی کلوگرام مقررکرکے بڑاتیرچلایا ہے اور غریب لوگوں پر احسان بھی کردیا ہے کہ ہم نے اِنہیں رمضان میں ریلیف دینے کے لئے یہ قدم اٹھایا ہے جس سے ظاہر ہوتاہے کہ ہم اپنے عوام کے کتنے خیرخواہ ہیں اور عوام کی اَب ذمہ داری ہے کہ یہ ہمیں آئندہ انتخابات میں ووٹ دے کر ہمیں دوبار اقتدار کی مسند پر بیتھائے جبکہ بھارتی حکمرانوں کا یہ کہنا ہے کہ اِنہوں نے اپنے عوام کو مفت دوائیں فراہم کرنے کے فیصلے کے باوجود بھی کوئی احسان نہیں کیا ہے یہ عوام کا حق ہے جواِن کے بھگوان نے اِن کے ہاتھوں اداکرایادیاہے بھارت میں تو حکمرانوںنے اپنے عوام کو مفت دوائیںدینے کا فیصلہ کرلیاہے ایسے میں کیاکوئی پاکستانی سوچ کر بتاسکتاہے کہ پاکستان میںحکمران عوام کوسوائے موت کے کیا مفت فراہم کررہے ہیں ......؟؟
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 893118 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.