سلطان التارکین حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ

آپ کا سالانہ عرس مبارک 5-4-3ربیع الثانی بمقام خانقاہ شریف ضلع بہاولپور میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

اولیاءاللہ کے حالات اور کمالات و کرامات پڑھنا سننا موجب نجات اور کفارہ ذنوب و سیآت ہے بلکہ ان کے ذکر پر رحمت باری کا نزول ہوتا ہے ۔

حضرت قدرة السالکین ،سلطان العارفین حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ بھی بر صغیر پاک و ہند کے عظیم اولیاءاسلام میں سے ہیں ۔آپ نے علم و عمل ،اخلاق و کردار ،محبت و پیار اور عشق رسول ﷺ کے ذریعے دینِ اسلام کی عظیم الشان خدمات سرانجام دیں ۔کئی گمراہوں کو راہِ ہدایت پر گازن فرمایا آپ نے پوری زندگی اتباعِ رسول اور تزکیہ نفس میں گزاری آپ نے احسن طریقے سے تبلیغ اسلام کے فرائض انجام دیئے۔

کھرل برادری:اگر چہ مقسوم ازلی ذات پات کا محتاج نہیں لیکن فطرت کا تقاضا ہے کہ بعض نیک اثرات پشتوں تک جاتے ہیں ۔کھرل برادری میں یوں تو بہت سے ہیرے جواہر روحانی ہوں گے لیکن ہماری معلومات کے مطابق چار بزرگ ایسے ہیں جن پر عالم اسلام نازاں ہے :ان میں
(1)حضرت حافظ عبد الخالق اویسی رحمة اللہ علیہ بخشن خان ضلع بہاولپور
(2)حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ خانقاہ شریف ضلع بہاولپور
(3)حضرت خواجہ نور محمد مہاروی رحمة اللہ علیہ چشتیاں شریف اور(4) حضرت حافظ دائم رحمة اللہ علیہ ہیں۔

سیرانی بادشاہ کے آباؤ اجداد :کھرل برادری کی خوش قسمتی ہے کہ اور ضلع اوکاڑہ کی بستی گوگیرہ کو یہ فخر حاصل ہے کہ وہاں 1137ھ میں ایک قطب زماں نے جنم لیا۔ والدین نے عبد اللہ نام رکھا لیکن طریقت کے اعلیٰ منصب پر فائز ہو کر محکم الدین صاحب السیر اور سیرانی بادشاہ کے نام سے مشہور ہوئے ۔

آپ کے آباﺅ اجداد۔حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمة اللہ علیہ کی نظرِ کیمیا کے اثر سے مسلمان ہوئے اور بزرگی کے بلند مرتبے پر پہنچے ۔ان میں سے ایک بزرگ محمد بخش کے نام سے مشہور ہوئے جن کی اولاد میں سے حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ پیدا ہوئے ۔

اس بزرگ کی مزار بگھیا (اوکاڑہ) میں اب بھی موجود ہے ۔

آپ کی کئی پشتوں میں اکثر حضرات نہ صرف عالم و فاضل تھے بلکہ آپ کی والدہ بھی حافظ قرآن تھیں جس کا پتا ہمیں آپ کے شجرہ اصلی سے ملتا ہے اور جہاں کھرل قوم کا بہادری اور دلیری میں کوئی ثانی نہیں وہاں اُسے یہ بھی فخر حاصل ہے کہ اس قوم نے سلسلہ طریقت کے نامور و بزرگان دین حضرت خواجہ عبد الخالق ، خواجہ محکم الدین ۔حضرت خواجہ نور محمد مہاروی اور حضرت حافظ دائم جیسے با کمال انسانوں کو جنم دیا ۔(رحمة اللہ علیہم)

اگر چہ آپ کی پیدائش بستی گوگیرا خاص ضلع اوکاڑہ میں ہوئی لیکن آپ نے بستی گوگیرا سے نقل مکانی فرما کر بستی صوحا شریف حضرت دیوان چاولی مشائخ سے پانچ میل مغرب کی جانب سکونت اختیار فرمائی ۔ آپ کے ایک چچا محمد فاضل صاحب وہاں رہ گئے چنانچہ محمد فاضل صاحب کی اولاد ابھی تک وہیں موجود ہے۔

حضرت محمد بخش رحمة اللہ علیہ کے پوتے حضرت حافظ محمود صاحب کے سات بیٹے ہوئے جن میں سے تین لا ولد اور چار کی اولاد ہوئی۔

حافظ محمود رحمة اللہ علیہ کے ایک بیٹے حافظ طاہر رحمة اللہ علیہ میں سے سلطان العاشقین خواجہ عبد الخالق رحمة اللہ علیہ پیدا ہوئے جن کی مزار بخشن خاں تحصیل چشتیاں میں ہے اور سجادہ نشین حضرت خواجہ صالح محمد اویسی ہیں ۔حافظ محمود رحمة اللہ علیہ کے دوسرے بیٹے حافظ محمد طیب رحمة اللہ علیہ کی اولاد شاہ کرم تحصیل منچن آباد میں مقیم ہے اور ان کے سجادہ نشین حضرت میاں غلام رسول اویسی ہیں ۔حضرت حافظ محمود رحمة اللہ علیہ کے تیسرے بیٹے خواجہ محمد فاضل رحمة اللہ علیہ کی اولاد گوگیرہ (اوکاڑہ) میں رہائش پذیر ہے ۔

حافظ محمود رحمة اللہ علیہ کے چوتھے صاحب زادے حضرت قبلہ حافظ محمد عارف رحمة اللہ علیہ کی اولاد میں سے حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی بادشاہ رحمة اللہ علیہ ،حضرت خواجہ امان اللہ ،عنایت اللہ اور ہدایت اللہ پیدا ہوئے اور ان کی اولاد خانقاہ شریف ضلع بہاولپور میں مقیم ہے ۔حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی کے تین بھائیوں میں سے صرف حضرت خواجہ امان اللہ کی اولاد ہوئی اور خواجہ امان اللہ چاولہ مشائخ کی مزار پر چلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے ۔ان کی مزار دربار چاولہ مشائخ میں ہے ۔

حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ تمام عمر مجرد رہے اور آپ نے ساری عمر شادی نہ کی ۔بلکہ تمام زندگی خدمت خلق اور فیض رسائی میں بسر کر دی۔

القاب:آپ کے پیرو مرشد کی بیعت روحانی طور پراما م العاشقین ، خیر التابعین ،سیدنا حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ سے تھی ۔اسی لئے سلسلہ روحانیہ کا نام اُویسیہ اور آپ کے نام کے ساتھ اُویسی لکھا جاتا ہے اسی لئے آپ کے مریدین بھی اپنے آپ کو اُویسی لکھتے ہیں آپ نے کئی حج کئے اسی لئے آپ کوحاجی صاحب کہا جاتا ہے آپ کو زہر دیا گیا تھا اسی لئے آپ شہید بھی کہلاتے ہیں آپ قرآن مجید کے حافظ اور عالم بھی تھے اورباطنی علوم کے امام تھے اس لئے آپ کو حافظ اور فقیری کی وجہ سے میاں صاحب اور تارک الدنیا ہونے کی وجہ سے سلطان التارکین کہا جاتا ہے ۔

سیرانی اور صاحب السیر کے القاب کی وجہ:آپ کے القاب بہت ہیں لیکن آپ زیادہ سیرانی بادشاہ اور حضرت صاحب السیر کے نام سے مشہور ہیں اور آپ کی درگاہ درگاہِ صاحب السیر لکھی جاتی ہے۔ آپ کو صاحب السیر یا سیرانی لکھا اور بولا جاتا ہے اس کی کئی وجوہ ہیں۔

(1)آپ نے اپنی تمام زندگی سفر میں بسر کر دی تھی اور کبھی بھی ایک جگہ قیام نہ فرمایا ہمیشہ سفر میں رہا کرتے تھے ۔
(2)آپ نے جب حضرت چاولہ مشائخ رحمة اللہ علیہ کے مزار پر ریاضت کی تھی تو آپ غیب سے قد سیرانی الارض کی آواز سنا کرتے تھے ۔اس آواز کا ذکر جب آپ نے اپنے مرشد خواجہ عبد الخالق رحمة اللہ علیہ سے کیا تو آپ کے مرشد نے آپ کو سفر پر رہنے کی ہدایت کی تھی ۔
(3)بزرگان دین کا مشن دین کی حفاظت کرنا اور اس کی اشاعت کرنا تھا۔ اشاعت اسلام ایک جگہ بیٹھنے سے نہیں ہو سکتی اس لئے مختلف مقامات کا سفر کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ ہمیشہ سفر پر رہا کرتے تھے اور کسی جگہ پر ایک رات سے زیادہ قیام نہ فرماتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ اگر آپ کا کوئی معتقد آپ کو کسی جگہ ایک رات سے زیادہ قیام کے لئے مجبور کرتا تو آپ اس کے گھر میں دوسری رات دوسرے کمرے میں بسر فرماتے تھے ۔آپ فرمایا کرتے تھے کہ ایک جگہ رہنے سے فقیر کا دم گھٹتا ہے۔

تعلیم و تربیت:آپ کا تمام کنبہ حافظ قرآن تھا ۔لہٰذا آپ نے ابتدائی تعلیم گھر پر ہی حاصل کی اورتقریبا ً 15سال کی عمر میں ابتدائی درسی کتب ختم کیں ۔آپ کا بچپن اور تعلیم کا اکثر زمانہ آپ کے چچا زاد بھائی حضرت خواجہ عبد الخالق اویسی رحمة اللہ علیہ کے ساتھ گزرا۔

لباس :حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ صافہ باندھتے تھے کبھی کبھی صوفیائے کرام کی مخصوص ٹوپی بھی پہنا کرتے تھے ۔شلوار بھی پہنتے تھے ۔سردی کے موسم میں ایک گرم کمبل اکثر کندھے پر رکھ کر سفر فرماتے تھے ۔مسنون لباس سے عمر بھر تجاوز نہیں فرمایا ۔سادگی ہمیشہ ملحوظ خاطر رہتی تھی ۔

غذا:حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ بہت سادہ غذا پسند فرماتے تھے نہ کبھی تکلف کرتے تھے اور نہ کسی تکلف کرنے والے میزبان کے ہاں مہمان ہوتے ۔مریدوں مہمانوں ،میزبانوں اور خدام کے ساتھ مل کر کھانا تناول فرماتے اُبلے ہوئے چاول اکثر کھایا کرتے تھے ۔

اوقات عبادت:اصول ہے کہولایت گھر بیٹھے نہیں ملتی بلکہ اس کے لئے بہت بڑی ریاضت کرنی پڑتی ہے ۔حضرت خواجہ سیرانی سائیں بسااوقات ساری رات ذکر الہٰی میںمشغول رہتے اگر کبھی سوتے تو تہجد کبھی قضانہ ہوتی ۔صبح بہت سویرے جاگتے ہی ذکر جہر میں اور مراقبہ میں مصروف رہتے ۔ذکرجہر کے متعلق ارشاد فرمایا کرتے تھے کہ ذکر جہرا گر کر لیا جائے ۔تو کم از کم اس طرح ہو کہ ہر مسامِ جان سے ذکر کی آواز سنائی دے یا خون کے فوارے نکلیں۔

ایک دفعہ ذکر میں مشغول تھے تو درخت کے پتوں سے بھی اللہ اللہ کی آواز سنائی دی ۔آپ ہر وقت اور ہر شے سے ذکرِ الہٰی سنناپسند فرماتے تھے نماز فجر کے بعد اشراق چاشت وغیرہ ادا کرکے قصیدہ امالی دعائے مغنی کا وظیفہ ظہر کی نماز کے بعد قرآ ن پاک کی منزل معتا و تلاوت فرماتے ۔فرائض مغرب کے بعد اوابین سے فارغ ہو کر قصیدہ غوثیہ پڑھا کرتے تھے ۔رات کا اکثر وقت نوافل میں گزار دیتے تھے ۔ہر وقت با وضو رہا کرتے تھے ۔

سنت نبوی ﷺ کا پورا پورا احترام اور پابند ی کرتے آداب شرعیہ سے ہر گز تغافل نہ کرتے تھے ۔

حضرت سیرانی بادشاہ کا علمی مقام:حضرت سیرانی بادشاہ خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ جہاں روحانی اعتبار سے بلند درجے پر فائز تھے وہاں علمی دنیا میں بھی ان کا مقام بہت ارفع و اعلیٰ تھا۔ چنانچہ جب وہ علمی نکات بیان کرنے پر آتے تو معلوم ہوتا کہ ایک بحرناپید کنارہے جوٹھا ٹھیں ماررہا ہے ۔اس سلسلے میںآپ کی تصنیف ”تلقین لدنی “ ان کے علم و فضل کا منہ بولتی تصویر ہے جس میں تصوف کے رنگ میں علمی نکات بیان کئے گئے ہیں۔

فیض عام: حضرت سیرانی بادشاہ کے روحانی کمالات کے فیضان عام کی داستان ایسی حیرت افزا ہے کہ اس کو سپرد قلم کرنے کے لئے بھی ایک بہت بڑی ضخیم کتاب مطلوب ہو گی ۔سلسلہ اویسیہ کی ریاضتیں اور پابندیاں اگر چہ دوسرے شیوخ سلاسل کی ریاضتوں کی طرح مشکل اور دشوار نہیں ہیں ۔مگر چونکہ خود خواجہ سیرانی بادشاہ نے ان نعمتوں کو نہایت ہی دشواری مشقت ریاضت اور سخت محنت کے بعد حاصل کیا تھا اور وہ جانتے تھے کہ اس قدر محنت ہر شخص کے بساط سے بالا تر ہے ۔اس لئے وہ اس دولت جاوید کو اپنے روحانی اثر کے ساتھ دنیا میں پھیلانا ضروری سمجھتے تھے ۔اس لئے جس قدر لوگوں کو وہ اپنے نظر کیمیا اثر سے فائدہ پہنچاتے تھے ۔اُسی قدر ان کے لئے خوش ہوتے تھے ۔

تقریباً دو سو سال سے زیادہ عرصہ حضرت خواجہ سیرانی بادشاہ رحمة اللہ علیہ کے انتقال کو ہو گیا ۔مگر ان کے فیضان عام کی داستانیں اسی طرح زبان زد عام ہیں ۔یہ گمان ہوتا ہے کہ کل کی بات ہے خانقاہ کی عظمت اور جلال کا نور اس وقت بھی جو کیفیت دربار پر بالخصوص عرس مبارک کے دِنوں میں لوگوں کو وارفتگی کی نظر سے گذرتی ہے ۔اس کو دیکھ کر تمام خیالات جو سُنے جاتے ہیں ان کے لئے نہایت ہی وسعت کے ساتھ خلوص اور عقیدت کا ہیجان پیدا ہوجاتا ہے ۔

حضرت سیرانی بادشاہ جس راستے سے گذرجاتے ۔اس راستہ میں بے شمار اہل حاجت کے مقصود پورے ہو جاتے ۔مرادیں بر آتیں اس لئے لوگ مدتوں تک ان کی تشریف آوری کے انتظار میں منتظر رہا کرتے تھے ۔اس فیضان عام سے صرف انسان ہی فیضیاب نہیں بلکہ جانور پرندے اور درختوں تک پربھی یہ فیض عام آب یاری نظرکرتا تھا ۔

منقول ہے کہ کچھی میں حضرت سیرانی سائیں ایک باغیچہ میں فروکش تھے جب باغبان باغ میں گیا تو اس کے باغ کے ہر ہر پتے سے اسم ذات کا ذکر سنائی دیا۔حیرت زدہ ہو کر اس نے دیکھا کہ حضرت سیرانی بادشاہ ایک درخت کے نیچے مراقبہ میں ذِکر اسم ذات میں مصروف ہیں۔

ایک مرتبہ کوئے کی کائیں کائیں سُن کر ارشاد فرمایا کہ اللہ اللہ کہو چنانچہ وہ اُسی وقت اللہ اللہ کا ذکر کرنے لگ گیا۔

ملتان کی مسجد افغاناں میں حضرت سیرانی بادشاہ تشریف فرما تھے وہاں چڑیاں جمع ہو کر چوں چوں کر رہی تھیں ۔چڑیوں کی چل چل سُن کر فرمایا کہ اللہ اللہ کہو۔چنانچہ اسی وقت چڑیاں ”اللہ اللہ “کرنے لگیں۔

حضرت راجو شاہ حضور سیرانی بادشاہ کو دبار ہے تھے ۔آپ کو خوش دیکھ کر عرض کی ۔میرا ہاتھ پکڑ لیں جب آپ نے اس کاہاتھ پکڑا تو عرض کی۔

آپ جس طرح اب میر اہاتھ پکڑے ہوئے ہیں ۔اسی طرح ہی مجھے خدا تعالیٰ کے سپرد کر دیں آپ جوش میں آگئے ۔راجو شاہ کا ہاتھ چھوڑ کر فرمایا سید تنہا تم ہی نہیں بلکہ میں تو تمام امت محمدیہ علی صاحبہا السلام کی دستگیری کا ارادہ رکھتا ہوں۔کیونکہ حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ ،امام العاشقین حضرت سیدنا خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ کا مظہرا تم جو تھے اسی لئے جو چاہیں کر دکھائیں ۔

شیخ کا ادب:آپ سے پوچھا گیا کہ حضرت خواجہ حافظ عبد الخالق قدس سرہ ¾ آپ کے رشتہ میں کیا ہیں ۔اگر چہ آپ مرُشد کے عم زاد تھے لیکن آپ نے ازراہ ادب کہا کہ وہ میرے آقا و مولیٰ ہیں اور ہماری تمام برادری کے سردار۔

شیخ کی اولاد کا ادب: جب پیر و مرشد نے آپ کوشادی نہ کرنے کا سبب پوچھا تو آپ نے عرض کی حضور !مجھے ادب اجازت نہیں دیتا کہ میری اولاد پیدا ہو تو پھر وہ کہیں بے ادب ہو کر آپ کی اولاد کا مقابلہ نہ کربیٹھے ۔یہ کلمات سُن کر شیخ کو جلال آگیا اور فرمایا ۔اگر یہی بات ہے تو میری اولاد کی پہچان بھی صرف تیرے نام سے ہو گی۔

ٍکرامات اولیاءحق:اسلامی عقائد میں یہ عقیدہ بھی از بس ضروری ہے کہ ولی اللہ کی کرامت حق ہے ۔اس کا انکار گمراہی اور بے دینی ہے اس لئے کہ ولی اللہ کی کرامت در اصل نبی علیہ السلام کی نبوت کی جھلک ہوتی ہے اور نبوت قدرت ایزدی کا عکس اس معنیٰ پر کرامت کا انکار در حقیقت قدرت ایزدی کا انکار ہے ۔

بالخصوص ہمارے نبی اکرم ﷺ کی امت کے اولیاءکرام کی کرامات کا اقرار اس لئے از بس ضروری ہے کہ آپ پر نبوت کا دروازہ بند ہو گیا ۔آپ کے بعد کسی بھی نبی کا آنا محال و ناممکن ہے ۔لہٰذا نبی کریم ﷺ کی امت کے ولی اب اشاعتِ دین کا فریضہ سر انجام دیں گے۔

رسول اللہ ﷺ کے کی امت کے ان ولیوںنے اپنے ان فرائض کی ادائیگی میں نہ صرف ہزاروں میل کی مسافت طے کی بلکہ خدمتِ خلق اور اصلاحِ معاشرہ کے لئے اپنے بال بچوں اور وطن کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خیر باد کہہ دیا ۔

سیرانی بادشاہ کی کرامات:آپ کی تمام زندگی سادگی اور سفر میں گذری اِس تمام علاقہ میں جو کہ پنجاب اور سندھ کی حدود پر مشتمل ہے۔ حضرت خواجہ سیرانی بادشاہ رحمة اللہ علیہ کو لوگ اس محبت اور اعتقاد کے ساتھ دیکھتے تھے ۔جس طرح مرشد اور رہنما کی عزت کی جاتی ہے ۔اگر چہ حضرت سیرانی بادشاہ کے مریدوں کا سلسلہ بھی ان علاقوں میں بہت ہی وسیع تھا لیکن جو لوگ مرید نہ تھے وہ بھی حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی کا پورا احترام اور عزت کرتے تھے ۔

رُﺅ سا اور زمینداروں سے لیکر ادنیٰ طبقہ کے ساتھ بھی حضرت سیرانی بادشاہ کا جو خلوص اور ملنے جُلنے کا طریقہ تھا وہ مساوات حقیقی کا بہترین نمونہ تھا ۔خوش عقیدہ مریدوں کے لئے ہر ایک واقعہ پیر اور راہنما کی کرامت سمجھا جاتا ہے اور سچ تو یہ ہے کہ اگر ایک با صفا مُرید اپنے روشن ضمیر پیر میں کسی مافوق الفطرت اور خرق عادات پر اعتقاد نہ رکھتا ہو تو وہ اس زمانہ میں حلقہ وارادت مندی میں داخل ہونے کے ناقابل سمجھا جاتا ہے ۔(لطائف سیریہ)میں اس قسم کے بے شمار واقعات ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ٭حضرت کو رجال الغیب کھانا کھلاتے تھے ۔٭مریدوں کے مصائب اور مُشکلات میں خود پہنچکر امداد فرماتے تھے ۔٭حضرت کی دعا ،پس خوردہ ،لُعاب یا دستِ شفقت یا ارشاد وظیفہ یا نظر کیمیا سے مرض جاتا رہتا تھا ۔ ٭بہت لمبا سفر جلدی طے فرما جاتے ۔٭ڈاکو چور تائب ہو جاتے۔٭کافر مسلمان ہو جاتے ۔٭زخم اچھے ہو جاتے ۔٭زبان کی لُکنت درست ہو جاتی۔٭غیبی امداد سے رزق ملنے لگ جاتا۔٭بچھو سانپ کے کاٹے کا آرام آجاتا ۔٭کوئے اور چڑیاں ذکر الہٰی میں مست ہوجائیں ۔٭باغ میں درختوں کے پتوں میں ذکر جہر کی آواز آنے لگتی ۔٭درخت کے نیچے آرام کرنے سے درخت سبز اور خوشبودار ہوجاتا ۔٭تھوڑے سے طعام میں ایسی برکت ہوئی کہ وہ بہت عرصہ تک اور بہت لوگوں میں تقسیم ہو کر وافر رہا۔ مردے زندہ کر دئےے خود موت کے بعد زندہ ہوئے ۔بعد وصال فیوضات و برکات سے نوازنا وغیرہ وغیرہ ۔اس قسم کے روحانی جذبات اور تصرفات کی وجہ سے حضرت سیرانی بادشاہ مرجع خواص ہو گئے تھے اور دور دور سے بزرگان ملت آپ کی تلاش کرتے ہوئے لطف زیارت اور سعادت صحبت حاصل کرتے تھے ۔

اکثر حاجت مند اور اہل ضرورت بیمار اور طالبان صادق حضرت سیرانی بادشاہ کی راہ تکتے رہ جاتے تھے اور حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی رحمة اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہو کر مقصود دین و دنیا حاصل کرتے تھے ۔

حجام کا لڑکا واپس:ایک حجام کا بیٹا خراسان سفر پر گیا ہوا تھا ۔حجام بے حد پریشان تھا کہ اس کا بیٹا کِس طرح واپس آئے گا حجام حضرت خواجہ نور محمد مہاروی صاحب رحمة اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوا ۔آپ نے فرمایا یہ کام فقیر کا نہیں اگر شہباز وقت یہاں آجائیں تو وہ تمہارے لڑکے کو منگا سکتے ہیں ۔

ایک دن حضرت سیرانی بادشاہ مسجد میں تشریف فرما تھے کہ حضرت خواجہ نور محمدمہاروی رحمة اللہ علیہ نے حجام کو بتایا کہ یہی شہباز وقت ہے ۔ان سے جاکر عرض کرو ۔حجام آپ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا اگر اجازت ہو تو حجامت بناﺅں ۔آپ نے اجازت دیدی ۔حجام ڈر کیوجہ سے کچھ عرض نہ کر سکا ۔لیکن دوران حجامت دردِ فراق کی وجہ سے حجام رو رہا تھا ۔آپ نے پوچھا کیوں روتا ہے حجام نے تمام ماجرا سُنا یا ۔آپ نے فرمایا ذرا رُک جاﺅ۔آپ مسجد کے حجرہ تک گئے اور پھر واپس آگئے اور حجام نے اپنا کام شروع کر دیا۔ ابھی حجام حجامت بنا ہی رہا تھا ۔کہ ایک شخص نے آکر اُسے خوش خبری سنائی لڑکا گھر واپس آگیا ہے حجام فارغ ہو کر جب گھر پہنچا تو بیٹے سے حال دریافت کیا ۔لڑکے نے بتایا کہ میں کابل کے بازار میں سودا خرید نے جا رہا تھا کہ ایک آدمی جس کا آدھا سر مونڈا ہوا تھا آیا اور مجھے بازو سے پکڑ کر ایک ہی جھٹکے سے گھر پہنچا دیا ۔رقم اور رومال بھی لڑکے کے ہاتھ سے تھا جس میں وہ سودا خرید نے جا رہا تھا ۔

سن وصال:حضرت سیرانی بادشاہ کے سن وصال میں اختلاف ہے ۔خزینة الاصفیاءحدیقة الاسرار فی اخبار الابرار اور لطائف سیریہ ۔پہلی تین کتابوں میں سن وفات حضرت خواجہ سیرانی بادشاہ کا 1197ھ یا1198ھ درج ہے ۔

دربار حضرت سیرانی قدس سرہ :حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی بادشاہ رحمة اللہ علیہ کا دربار (مزار شریف)ریلوے اسٹیشن سمہ سٹہ (ضلع بہاولپورصوبہ پنجاب پاکستان) سے بجانب جنوب تقریباً ڈیڑھ میل کے فاسلہ پر واقع ہے ۔جو خانقاہ شریف کے نام سے منسوب ہے ۔یہاں حضرت سیرانی بادشاہ کے عرس کی تقریبات ہر سال 5.4.3ربیع الثانی کونہایت تزک و احتشام سے ہوتی ہیں۔

آپ کی موجودہ اولاد جو روحانی مدارج اعلیٰ پر فائز ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی افق پر بھی بحیثیت آفتاب و ماہتاب جگمگا رہے ہیں بلکہ تحصیل ناظم، ایم پی اے ،ایم این اے اور وزراءبھی ہیں۔جن میں حضرت خواجہ میاں نجیب الدین اویسی سرفہرست ہیں ۔تقریبات عرس کی صدارت کرتے ہیں اور ملک پاکستان کے جید علمائے کرام سیرت حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی بادشاہ رحمة اللہ علیہ پر خطابات کرتے ہیں ۔ ہزاروں زائرین اپنے روحانی فیض کے حصول کے لئے قافلہ در قافلہ آتے ہیں ۔دربار عالیہ اویسیہ علی پور چٹھہ شریف سے عالمی مبلغ اسلام حضرت قبلہ پیر غلام رسول اویسی اور نارووال مرکز اویسیاں سے تحریک اویسیہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ حضرت علامہ پیر اویسی کی زیر قیادت عرس مبارک میں شرکت کے لئے بذریعہ سمہ سٹہ ایکسپریس قافلے روانے ہوتے ہیں ۔جبکہ چیف ایڈیٹر ماہنامہ تاجدار یمن جناب محمد یعقوب اویسی سیرت حضرت خواجہ محکم الدین سیرانی بادشاہ رحمة اللہ علیہ پر خصوصی مضامین شائع کرواتے ہیں ۔
Pir Bashir Owaisi Tabasum
About the Author: Pir Bashir Owaisi Tabasum Read More Articles by Pir Bashir Owaisi Tabasum: 198 Articles with 664540 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.