فیڈر یا ماں کا دودھ، فیصلہ کریں

ماریہ بتول، اسلام آباد

بعض مائیں فکرمند ہوجاتی ہیں کہ پیدائش کے بعد دو تین دن کے اندر ان کے بچے کا وزن کم ہوگیا ہے لیکن یہ کوئی بیماری نہیں ہوتی۔ یہ فطری عمل ہوتا ہے۔ پیدائش کے بعد دو تین دن کے دوران بچے کا وزن 5 سے 20 فیصد کم ہوجاتا ہے۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ بچے کے جسم میں جمع شدہ مائعات پیشاب کے ذریعے خارج ہوتے ہیں۔ ننھا بچہ بڑوں کی نسبت 7 گنا زائد بار پیشاب کرتا ہے۔ وزن میں کمی کی ایک اور وجہ یہ ہوتی ہے کہ بچہ عموماً پہلے دن یا تو بالکل دودھ نہیں پیتا یا کم پیتا ہے۔ اس دوران بچہ اپنے جسم میں جمع چربی اور پروٹین پر گزارہ کرتا ہے اور عام طور پر تیسرے یا چوتھے دن اپنی بھوک کی نشانیاں ظاہر کرتا ہے اس وقت تک ماں کے جسم میں بھی دودھ صحیح مقدار میں بن چکا ہوتا ہے۔

ماں کے دودھ میں خاص قسم کے اجزاءیعنی اینٹی باڈیز ہوتے ہیں جو بچے کی انتڑیوں اور دوران سانس کے اعضاءکے گرد ایسی حفاظتی دیوار تعمیر کرتے ہیں جو بچے کو بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ یہ حفاظتی دیوار گائے‘ بھینس یا بکری کے دودھ سے نہیں بنتی۔ ماں کے دودھ میں فیٹ (چربی) اور ملک شوگر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ پروٹین کی مقدار گائے کے دودھ کی نسبت کم ہوتی ہے۔ ماں کے دودھ میں منرل (معدنیات) کی مقدار بھی کم ہوتی ہے۔ منرلز کی یہ کمی ماں کے دودھ کی افادیت کم نہیں کرتی بلکہ اگر ماں متوازن غذا کھارہی ہو تو ماں کا دودھ بچے کی 6ماہ کی عمر تک اور بعض ماہرین کے نزدیک ایک سال کی عمر تک بہترین غذا ہے۔ کچھ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ ماں کے دودھ کے ساتھ اضافی طور پر وٹامن ڈی کے قطرے بھی دئیے جاسکتے ہیں۔

بچہ کا جسم گائے وغیرہ کے دودھ میں شامل فیٹ اور دیگر اجزاءہضم کرنے کے قابل نہیں ہوتا اور اس کا جگر ایسے دودھ میں شامل پروٹین کو بھی جزو بدن نہیں بناسکتا جبکہ بچہ ماں کے دودھ میں شامل 98 فیصد فیٹ ہضم کرسکتا ہے۔ انسانی دودھ میں شامل کولیسٹرول کی زائد مقدار بالغ انسان کیلئے تو نقصان دہ ہوتی ہے لیکن بچے کیلئے یہ زائد مقدار فائدہ مند ہوتی ہے۔ اس زائد مقدار سے بچے کے جسم میں انزائم کی وہ مقدار بنتی ہے جو بچے کو عمر بھر کولیسٹرول کی شرح کو کم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ ماں کے دودھ میں موجود کولیسٹرول اور خاص قسم کی فیٹ بچے کے دماغ کی ایک سال کے اندر ہونے والی نشوونما کیلئے انتہائی ضروری ہوتی ہے۔ ماں کے دودھ میں موجود فیٹ اور پروٹین بچے کے اعصابی نظام کی تکمیل کیلئے ضروری ہوتی ہے۔ ماں کے دودھ میں موجود نمکیات کی کم مقدار بچے کے کمزور گردوں کیلئے مناسب ہوتی ہے۔ ماں کے دودھ میں موجود کیلشیم اور فاسفورس کی مقدار بچے کی ہڈیوں کے ڈھانچے کیلئے مناسب ترین ہوتی ہے اگرچہ گائے کے دودھ اور ماں کے دودھ میں فولاد کی مقدار ایک جیسی ہوتی ہے لیکن ماں کے دودھ میں شامل فولاد گائے کے دودھ کی نسبت جلد ہضم ہوجاتا ہے۔ بچے کو ماں کے دودھ پلانے سے بچے اور ماں کو حاصل ہونے والے فوائد لکھنے بیٹھیں تو ایک رجسٹر بھر جائے۔ عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ ماں کا دودھ پلانے سے بچے کی جسمانی نشوونما اچھی ہوگی بچہ معدہ کے امراض چھاتی کے امراض‘ کانوں کے امراض ایگزیما اور جلدی امراض سے بچارہے گا۔

لیکن اگر غور کیا جائے تو اس کاماں اور بچے پر زبردست فائدہ مند نفسیاتی اثر بھی ہوتا ہے۔ اس سے ماں اور بچے کے درمیان قربت اور محبت بڑھتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈبے کے دودھ پر خرچ کیے جانے والے پیسے بچیں گے اور فیڈر صاف کرنے کی مشقت سے جان چھوٹے گی۔

بعض ماوں کا خیال ہوتا ہے کہ ان کے دودھ کی مقدار بچے کی ضرورت کے مقابلہ میں کم ہے۔ حقیقتاً ایسا نہیں ہوتا۔ جسمانی طور پر ماں ٹھیک ہوتی ہے البتہ نفسیاتی طور پر بعض ماوں کو مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماںکو بتانا چاہیے کہ کسی ماں کا دودھ کم نہیں ہوتا۔ ماں کو کوئی پریشانی ہوتو اسے ایک ہمدرد ڈاکٹر اس موضوع پر چھپی ایک کتاب یا ایک صحیح مضمون کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر ماں کو علم ہو کہ بچے کیلئے ماں کا دودھ کتنا ضروری ہے تو 95فیصد مائیں بچوں کو اپنے دودھ سے پال سکتی ہیں۔

ماں کے دودھ کی مقدار بچے کو دودھ پلانے پر منحصر ہے۔ جتنی زیادہ بار دودھ پلائیں گے اتنا ہی دودھ بنے گا۔ کم بار پلائیں گے تو کم بنے گا۔ دودھ پلانا بند کردیں گے تو دودھ بننا بند ہوجائے گا۔ پریشانی کی حالت میں ماں کا دودھ کم بنے گا۔ ماں کو یقین رکھنا چاہیے کہ اس کا دودھ بچے کیلئے کافی ہے بچہ جب بڑا ہوجائے اور ماں کا گھر سے باہر جانا ضروری ہو یا ماں رات کو زیادہ نیند حاصل کرنا چاہیے تو ماں اپنے دودھ پلانے کے عمل میں کمی لائے بغیر ایک فیڈر ڈبے کا دودھ دے سکتی ہے۔

بوتل کا دودھ پلانے کا ایک نقص یہ بھی ہوتا ہے کہ ماں کی خواہش ہوتی ہے کہ فیڈر میں جتنا دودھ تیار کرکے ڈال لیا گیا ہے بچہ وہ سارا دودھ پی لے تاکہ بچا ہوا دودھ ضائع نہ ہو لیکن عموماً مائیں نہیں جانتیں کہ بچہ دودھ اس لیے چھوڑتا ہے کہ اسے بھوک نہیں۔ ماں کا دودھ پینے والا بچہ صحیح فیصلہ کرسکتا ہے۔

ماں کا دودھ پینے والے بچوں کی شرح
دنیا بھر میں پیدائش سے 6 ماہ تک کے صرف 39 فیصد بچے ماں کا دودھ حاصل کرپاتے ہیں جبکہ 6 سے 9 ماہ تک ہلکی ٹھوس غذا کے ساتھ ماں کا دودھ پینے والے بچوں کی تعداد 55 فیصد اور دوسال تک ماں کا دودھ حاصل کرنے والے بچوں کی تعداد 51 فیصد ہے۔

یونیسیف کی رپورٹ اسٹیٹ آف دی ورلڈ چلڈرن 2004ءکے مطابق پیدائش سے چھ ماہ تک کی عمر کے بچوں کو دودھ پلانے کی شرح (خطوں کے اعتبار سے سب سے) زیادہ مشرقی ایشیاءاور بحرالکاہل میں ہے جہاں مذکورہ عمر کے 54 فیصد بچے صرف اور صرف ماں کا دودھ پیتے ہیں۔ دوسرے نمبر پر 38 فیصد لاطینی امریکہ اور کریبین‘تیسرے نمبر پر 37 فیصد مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ اور پانچویں نمبر پر جنوبی ایشیا اور سب صحارا افریقہ کے بالترتیب 36 اور 28 فیصد بچے صرف اور صرف ماں کا دودھ پیتے ہیں جبکہ 6 ماہ تک ماں کا دودھ پینے والے بچوں کی سب سے کم شرح 14 فیصد یورپی یونین اور سنٹرل ایشین ممالک وبالٹک ریاستوں میں ہے۔

یونیسیف کے سروے کے مطابق پاکستان میں بچوں کو صرف اور صرف ماں کا دودھ دینے کے رجحان کی سب سے کم شرح 7 فیصد پنجاب میں ہے جبکہ سب سے زیادہ 45 فیصد سرحد اور بلوچستان میں ہے۔ سندھ میں یہ شرح 9 فیصد ہے۔

عبقری سے اقتباس

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Jaleel Ahmed
About the Author: Jaleel Ahmed Read More Articles by Jaleel Ahmed: 383 Articles with 1223028 views Mien aik baat clear karna chahta hoon k mery zeyata tar article Ubqari.org se hoty hain mera Ubqari se koi barayrast koi taluk nahi. Ubqari se baray r.. View More