شیخ الاسلام مولانا شاہ انواراللّٰہ فاروقی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہ

(عرس۲۹ جمادی الاولی)۔

٭……شیخ الاسلام ، عارف باﷲ حضرت مولانا ابو البرکات محمدانواراﷲ فاروقی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہ کی ولادت با سعادت ۴ربیع الثانی۱۲۶۴ ؁ھ کوقندھارضلع ناندیڑ مہاراشٹر ہندمیں ہوئی ۔

٭……آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہ کی تعلیم تربیت اپنے والد ماجد حضرت قاضی ابو محمد شجاع الدین فاروقی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہ کے زیرِ سایہ ہوئی،وقت کے اربابِ علم وفضل سے اکتسابِ فیض کیا اور جوہرِ علوم وفنون سے مزین ہوئے،حضرت شاہ رفیع الدین قندھار رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہ کے نور سے مستنیر ہوئے،حضرت حاجی امداد اﷲ مہاجر مکی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہ سے منازلِ سلوک کی تکمیل اور بیعت وخلافت کاشرف پایا ،آپ کے اساتذہ میں حضرت عبد الحلیم فرنگی محلی اور مولانا عبد الحئی فرنگی محلی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہِما کا نام نمایاں ہے،علامہ یوسف نبہانی ، شیخ احمد عرب(صاحبِ نفحۃ الیمن)،اعلی حضرت امام احمد رضا رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہِم آپ کے ہم عصر ہیں،آپ مخزنِ علم ،مرجعِ خلق، مقبولِ خواص وعام اورممتاز مقام کے حامل تھے ۔

٭……آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہ کی پوری زندگی فروغِ علم،اشاعتِ اسلام اورخدمتِ خلق کے لئے وقف تھی،آپ نے علوم کے چشمے جاری کئے،رشد وہدایات کی شمعیں فروزاں کیں،تجدید واصلاح کا سامان مہیا کیا،قوم وملت کی رہنمائی کی،مساجد ومدارس کا قیام فرمایا،ماہانہ وظائف مقرر کرائے،حیدرآباددکن میں قائم عظیم دارالعلوم جامعہ نظامیہ کے بانی آپ ہی ہیں ۔(مرقع انوارص248)آپ نے اپنے قلم سے علم وحکمت ،عشق وعرفان کے جام لٹائے، سینکڑوں موضوعات پر علم وفن کی کہکشاں بکھیر دی، آپ کی انوارِ احمدی اور مقاصدِ اسلام جیسی بے شمار کتب علم وعمل کا بیش بہا خزانہ ہیں،رئیس القلم علامہ ارشدالقادری رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہ آپ کی کتاب انوارِ احمدی کے حوالے سے لکھتے ہیں:انوارِ احمدی کا مطالعہ کرکے میں حضرت فاضل مصنف کے تبحرِ علمی…………بالخصوص ان کے جذبۂ حبِ رسول اورحمایتِ مذہبِ اہلِ سنت کی قابلِ قدر خصوصیات سے بہت زیادہ متأثر ہوا۔

٭……آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْْہ نے ۲۹ جمادی الاولی ۱۳۳۶ ؁ ھ کو وصال فرمایا، آپ کا مزار مبارک جامعہ نظامیہ حیدرآباددکن میں زیارت گاہِ خواص وعوام ہے۔
Abu Hanzalah M.Arshad Madani
About the Author: Abu Hanzalah M.Arshad Madani Read More Articles by Abu Hanzalah M.Arshad Madani: 178 Articles with 371148 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.