مسائل کا کوہ گراں ‘ میاں صاحب کا کردار اور عوام کا مستقبل!

قومی امنگوں کو توقعات کے آخری پائیدان پر پہنچانے والا الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے مسلسل میڈیا کی زدپر ہیں۔ انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلیوں کے خلاف جہاں تمام ہی سیاسی جماعتیں شورمچارہی ہیں اور دھرنوں کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کرارہی ہیں وہیں میڈیا بھی ایسے ایسے فوٹیجز اور کلپس دکھارہا ہے جنہیں دیکھنے کے بعد کوئی بھی فرد انتخابات کی شفافیت پر یقین تو دور گمان بھی نہیں کرسکتا ۔ انتخابی عمل اور انتخابی نتائج نے ثابت کیا کہ انتخابات کی ذمہ داری تو الیکشن کمیشن کی تھی مگر اسے انجام کوئی اور دے رہا تھا اور چونکہ الیکشن کمیشن نے شفاف انتخاب کا وعدہ کیا تھا ذمہ داری انجام دینے والوں نے نہیں اسلئے گلہ شکوہ بیکار ہے مگر اس کے باوجود چند ٹی وی اینکرز کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں صوبائی الیکشن کمشنروں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرائے جانے اور انتخابات میں دھاندلیوں کے حوالے سے کمیشن تشکیل دیکر ان تمام شخصیات سے تفتیش کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آچکا ہے۔

کراچی کے حلقہ 250پر11مئی کے دن تاخیر سے شروع ہونے والی پولنگ کو چند گھنٹوں کے بعد روک کر 19مئی کوتمام پولنگ اسٹیشنز کی بجائے محض 43مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے ذریعے ماضی کی سیاسی صورتحال برقرار رکھنے کی کوشش بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ انتخابات کے معاملات الیکشن کمیشن کی دسترس سے بہت اوپر سے انجام دیئے جارہے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ عوامی نیشنل پارٹی کے” سیاسی صفایا“ کے بعد کراچی میںدکھائی دینے والے متحدہ راج کیخلاف حکمت عملی اپناتے ہوئے کراچی کے حلقہ 250پر تاخیر سے شروع ہونے والی پولنگ کو محض دو گھنٹے بعد روک دینے کے اعلان کے بعد 19مئی کو پورے حلقے کی بجائے محض 43مخصوص پولنگ اسٹیشنوں پر ”ری پولنگ “ کے ذریعے تحریک انصاف کو فتح دلانے کا مقصدمتحدہ کو اسی طرح نکیل ڈالنا تھا جس طرح ماضی میں عوامی نیشنل پارٹی کو اسی تناسب سے فتح دلاکر کیا گیا تھااور اب پھر صورتحال وہی بنادی گئی یعنی جس طرح ماضی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پاس مرکزی حکومت میں کردارکے ساتھ خیبر پختونخواہ میں حکومت اور سندھ اسمبلی میںنمائندگی کے ساتھ کراچی میں اختیار موجود تھا اب وہی سب کچھ تحریک انصاف کو حاصل ہے ۔ جس کا مطلب یہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ اب عارف علوی صاحب کراچی کے شاہی سید ہوں گے اور یقینا یہ صورتحال کسی بھی طور کراچی کے شہریوں کیلئے سودمند ثابت نہیں ہوگی کیونکہ کراچی میں انتخابات کے بعد بھی اس تناسب سے بہتری و امن نہیں آئے گا جس تناسب سے پورا ملک ان نعمتوں سے فیضیاب ہوگا کیونکہ ماضی کی صورتحال برقرار رکھتے ہوئے متحدہ کے مقابلے میں گینگ وار کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کو ایستادہ کردیا گیا ہے جبکہ کراچی میں زہرہ شاہد کے قتل کا سیاسی فائدہ اٹھاکر دو صوبائی اور ایک قومی کی نشست پر کامیابی حاصل کرنے والی سیاسی جماعت کے سربراہ عمران خان نے زہرہ شاہد کے قتل کا بلا تاخیر و تحقیق الزام براہ راست الطاف حسین پر لگاکر جس طفلانہ سیاست کا مظاہرہ کیا اس کے اثرات میں متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف کے درمیان ایک بار پھر وہ خلیج حائل ہوتی دکھائی دے رہی ہے جو ماضی میں عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ کے درمیان حائل تھی جسے مزید گہرا کرنے اور کیلئے نادیدہ قوتوں نے پختونوں اور مہاجروں کا بڑا لہو بہایا ۔

دوسری جانب قومی سطح پر مسلم لیگ نے حکومت سازی کیلئے ان روایتی سیاستدانوں کے ساتھ رابطے کرنے شروع کردیئے ہیں جو ہمیشہ عوامی فلاح کی کشتی میں سوراخ کرنے کے موجب پائے گئے ہیں ‘ بیک وقت حکومت اور اپوزیشن میں رہنے کے مزے لوٹنے والوں کو حکومت سازی میں دعوت مسلم لیگ (ن) کیلئے مستقبل میں پشیمانی اور عوام کیلئے پریشانی کا باعث ہوسکتی ہے کیونکہ حلیفوں کی مدد سے بنائی جانے والی حکومت عوامی معاملات سے زیادہ حلیفوں کے مفادات کے تابع ہوگی اور افہام و تفہیم کی یہ پالیسی ماضی کی حکومت کو ناکام ثابت کرنے کے ساتھ عوام کیلئے دردناک مسائل و مصائب کی بنیاد و وجہ بھی رہی ہے اسلئے میاں نوازشریف صاحب کو اس حوالے سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے پاس ذاتی مینڈیٹ کی شکل میں اتنی سیٹیں ضرور موجود ہیں کہ وہ چند آزاد امیدواروں کو ملاکر باآسانی مضبوط حکومت بناسکتے ہیں مگر شاید سیاسی جماعت کو حکومت میں دعوت کا مقصد صدر پاکستان کو قبل از وقت ان کے عہدے سے ہٹانے کیلئے راستہ ہموار کرنا اور مطلوبہ تعدادحاصل کرنا ہے ۔

میاں نوازشریف اچھے انسان ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے منتظم بھی ہیں مگر چاپلوس پسندی کی بشری خامی سے نجات پالیں اور اپنے اطراف کو ایسے مصاحبین و مشاورین سے پاک کرلیں جو انہیں امیرالمومنین بننے کا خواب دکھاکر اپنے زاتی مفادات کی تکمیل کیلئے ان سے غلط فیصلے کراکر انہیں اور ملک و قوم کو مشکلات میں ڈالتے رہے ہیں تو یقینا میاں صاحب ایک بہترین حکمران بھی ثابت ہوسکتے ہیں کیونکہ تاریخ ثابت کرتی ہے کہ ان کے دونوں ادوار میںان کا ابتدائی طرز حکمرانی عوام کیلئے موزوں و موثر رہا مگر پھر مصاحبین کے مشورے کام آئے اور دونوں بار غلط اقدامات کی بدولت میاں صاحب کو جمہوریت کی رخصتی کا گلہ پیدا ہوا لہٰذا اس بار احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ قوم انتہائی برے حال میں ہے اور عوام چاہتے ہیں کہ یہ حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے اور عوام ملک و قوم کیلئے ایسی پالیسیاں تشکیل دے جن ثمر براہ راست عام عوام اور وطن عزیز کے تمام طبقات تک پہنچے ۔

خیبرپختونخواہ میں مولا فضل الرحمن کی خواہش کو نظر انداز اور کوشش کو ناکام بناتے ہوئے میاں صاحب نے تحریک انصاف کے عوامی مینڈیٹ کے تحت عمران خان کو حکومت سازی کا موقع دیکر ایک اچھی روایت کا آغاز کیا ہے جبکہ بلوچستا ن میں بلوچ قیادت کو حکومت بنانے کا موقع فراہم کرکے بلوچستان کے احساس محرومی کو کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے جس کے مستقبل میں بہترین نتائج برآمد ہوں گے ۔ سندھ میں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کی حکومت سازی اور کراچی و سندھ میں قیام امن کیلئے تعاون کی فراہمی کی یقین دہانی اس مثبت سمت سفر کا اشارہ ہے جس کی قوم کو ضرورت ہے لیکن اگر پنجاب میں حکومت سازی کرتے ہوئے ق لیگ سے بھی مفاہمت کرلی جائے تو یقینا پاکستان کی سیاسی فضا میں ایک اچھی روایت بھی قائم کی جاسکتی ہے اور بہترین تاثر بھی چھوڑا جاسکتا ہے ۔

پرویز مشرف پر قائم مقدمات میں سے بینظیر قتل کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مشرف کی ضمانت قبول کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا ہے جو اس بات کو ثابت کررہا ہے کہ مشرف حالت سکون کی جانب لوٹنے لگے ہیں کیونکہ مشرف کو انتخابات و عوام سے دور رکھنے کیلئے بنائے جانے والے تمام مقدمات اپنے منطقی انجام کی جانب پہنچتے دکھائی دے رہے ہیں اور میاں نواز شریف کے6جون کو بحیثیت وزیراعظم حلف اٹھانے سے قبل یا حلف اٹھانے کے فوری بعدپرویز مشرف ایک بار پھر دیار غیر سدھار جائیں گے ۔
میاں نواز شریف کو اقتدار کے کٹھن پل صراط سے گزرنا پڑے گا ایک جانب انہیں ان تمام شرائط کو پورا کرنا پڑے گا جن کی بنیاد پر انہیں اقتدار دیا گیا ہے جن میں آل پاکستان مسلم لیگ کے مطابق حفاظت اور انصاف کے سربراہان کی مدت ملازمت میں توسیع شرط اولین ہے اس حوالے سے جہاں دانشور حلقے کیانی نواز ملاقات کو جہوری رویہ اور ملک و قوم کے بہتر مستقبل کی جانب بہترین روایت قرار دے رہے ہیں وہیں آل پاکستان مسلم لیگ اس ملاقات کو نوازشریف کیلئے اپنے وعدے کی یاددہانی قرار دے رہی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ایسی ہی ایک” ملاقات یاددہانی“دوسرے شعبے کے سربراہ کے ساتھ بھی جلد ہی متوقع ہے ۔

دوسری جانب عوامی توقعات کا ایک پہاڑ ہے جسے میاں نوازشریف کو سرکرنا ہے اور پہاڑ کے ابتدائی سرے پر ہی غرقاب معیشت اور توانائی بحران کے سیلاب ان کے منتظر ہیں انہیں سب سے پہلے ان دونوں سے نمٹنا ہوگا اور اگر وہ بروقت ان طوفانوں سے نمٹنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو پھر انہیں کرپشن کے اس بچھو کو قابوکرنا ہوگا جو ہماری قوم کی رگوں میں حرام کازہر سرایت کررہا ہے جبکہ کرپشن سے نجات کے بعد انہیں تعلیم و صحت کی سہولیات اور معاشرتی بگاڑ پر توجہ دینے ہوگی لیکن ان سب سے پہلے توانائی بحران کا خاتمہ ‘ گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات اور امن وامان کے قیام کے ساتھ صنعت ‘ تجارت و ذراعت کے فروغ اور عوام کو روزگارکی فراہمی پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینی ہوگی جبکہ ساتھ ہی ساتھ مہنگائی ‘ملاوٹ ‘ ذخیرہ اندوزی‘اقرباپروری ‘ اختیارات کے ناجائز استعمال اور استحصال و ناانصافی کے جن کو بھی قابو کرنا ہوگا اور اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو پھر کوہ ہمالیہ سے بھی بڑا مسائل کا یہ پہاڑ ان کے عزم کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوگا اور وہ اس پہاڑ کو ڈھاکر قوم کو اس پہاڑ کے دوسری جانب موجود ترقی و خوشحالی کی دنیا میں پہنچانے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

اللہ تعالیٰ میاں صاحب کو ہدایت ‘ حوصلہ ‘استقامت اور کامیابیاں عطا فرمائے کہ اب قوم کا مستقبل ان کے ہاتھ ہے ....آمین

Imran Changezi
About the Author: Imran Changezi Read More Articles by Imran Changezi: 194 Articles with 132243 views The Visiograph Design Studio Provide the Service of Printing, Publishing, Advertising, Designing, Visualizing, Editing, Script Writing, Video Recordin.. View More