ذرا سا مسکرائیں ، منفی لوگوں کو دور بھگائیں

ہم انسان باقی مخلوق سے اس لئے بھی مختلف ہیں کہ ہم سوچتے ہیں اور خواب دیکھتے ہیں، ان میں سے وہ انسان آگے نکل جاتے ہیں جو صرف اپنی سوچوں اور خوابوں پہ اکتفا نہیں کرتے بلکہ اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لئے نکل پڑتے ہیں. ہم دیکھتے ہیں کے ہر بندہ اپنی زندگی کو اچھا بنانا چاہتا، خود کو اور اپنے خاندان کو آرام دہ زندگی فراہم کرنا چاہتا ہے. لیکن ہر آدمی کامیاب نہیں ہوتا کیوں کہ کامیابی ملنا آسان بات نہیں ہے.

یہ بہت تلخ حقیقت ہے کیوں جب کوئی بندہ اپنے آپ کو بدلنے ، اپنے حالت بدلنے اور کامیاب ہونے نکلتا ہے تو کوئی دوسرا بندہ ہی آگے رکاوٹ بن کے کھڑا ہوتا ہے. ہم اکثر کہتے کہ حالات ہی ایسے تھے کے ہم کامیاب نہیں ہوے اور اگر ہم غور کریں تو ہمارے لئے رکاوٹ کسی نہ کسی بندے نے ہی پیدا کے ہوتے.

ہم میں سے ہر آدمی خواب دیکھتا ہے لیکن بہت کم لوگ اسکو حقیقت بنانے کے لئے قدم اٹھاتے ہیں . جب ایسے لوگ ان لوگوں کی طرف دیکھتے ہیں جو ڈرے بغیر حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں، مشکلیں سہتے ہیں ، قربانیاں دیتے ہیں تو ایسے منفی ذھن کے لوگ ایسے جملے کستے ہیں ، اسی باتیں کرتے ہیں کہ سہا نہیں جاتا. آپ کی چھوٹی سے غلطی بھی برداشت نہیں کریں گے یہ منفی ذھن کے لوگ.

جو لوگ آپ کے واقعی میں دوست ہوتے ہے وہ آپ پہ تنقید ضرور کرتے ہیں لیکن تمیز ، ادب اور سمجھانے کے انداز میں. سب سے پہلے تو وہ آپ کو اکیلے میں آپکی غلطی کی نشاندہی کریں گے. پھر آپ کو اسکا حل بھی بتایں گے. آپ کو تب دل سے لگے گا کے یہ بندہ واقعی مخلص ہے آپ کے ساتھ.

دوسری طرف ایسے لوگوں جو آپ سے جلتے ہیں جو نہیں چاہتے کہ آپ کامیاب ہوں انکو پہچاننا بہت آسان ہوتا ہے. وہ بلاوجہ چھوٹی چھوٹی باتوں پہ تنقید کریں گے. انکی کوشش ہو گی کہ آپکی معمولی غلطی کو بڑھا چڑھا کے بیان کریں اور سب کے سامنے بتائیں. وہ بار بار آپکی غلطی کو دھرائیں گے اور کوئی حل بھی نہیں بتائیں گے.اور اگر بتانا پڑ جائے تو وہ والا حل بتائیں گے جو بہت مشکل ہو. وہ آسان حل جانتے بھی ہوں گے تو جان بوجھ کے رہنمائی نہیں کریں گے. آپ کو خود ایسے لوگوں سے مل کر اچھا نہیں لگے گا. اپ انکو دیکھ کر ہی پریشان ہو جائیں گے کہ پھر سے ان کی باتوں کو سہنا پڑے گا.

میرے دوستو آپ نے بس گھبرانا نہیں ایسے لوگوں سے. اول تو پوری کوشش کریں کہ ایسی منفی سوچ والوں سے دور ہی رہیں اور اگر ملنا پڑ جائے تو اپنے چہرے پہ مسکراہٹ رکھیں. یہ انکا بہترین علاج ہے. انکی ہر منفی بات کو ہنس کے سہیں. صرف سنتے جائیں بحث نہ کریں. اپنے رویے سے ظاہر ہی نہ ہونے دیں کہ آپکو برا لگ رہا. وہ تو چاہتے ہی یہ ہیں کے آپ کو برا لگے اور آپ ہمّت ہار کے، ان کی طرح ناکام ہو کے گھر بیٹھ جائیں.

یارو جن لوگوں نے دنیا بدلنی ہوتی ہے اور کچھ مختلف کرنا ہوتا ہے تو وہ ایسے لوگوں اور انکی فضول منفی باتوں سے بالکل بھی نہیں گھبراتے. جو لوگ منزل کو ذہن میں رکھ کر بہادری سے سینہ تان کے سفر کرتے ہوں تو ایسے منفی لوگوں کی کیا مجال جو روک سکیں. اپنے رب پہ ہی صرف بھروسہ رکھیں ہمیشہ ، کسی بھی غلطی یا ناکامی کا مطلب رک جانا نہیں ہوتا. آپ تھوڑا سستا لیں بیشک لیکن رکنا نہیں، پھر سے کھڑا ہو جانا ہے. آپ نے دکھانا ہے سب کو کہ آپ عام نہیں ہو بلکہ بہت خاص ہو.

یقین مانیں جب آپ کامیاب ہوں گے تو یہی لوگ آپ کے پاس بھاگیں بھاگیں آئیں گے. سب کو فخریہ بتائیں گے یہ میرے دوست ہیں یا رشتہ دار ہیں لیکن ہو سکتا آپ کو پھر یہاں یہ سننے کو ملے کہ یہ بندہ پہلے ایسا ہوتا تھا ویسا ہوتا تھا وغیرہ وغیرہ ...لیکن آپ نے کیا کرنا ہے بھلا ؟ ..صرف مسکرانا ہے بس. جی ہاں اور اب آخر میں ایک بہت ہی حوصلہ افزا شعر آپ سب کے لئے، اسے ذہن میں رکھے گا ہمیشہ ایسے دل توڑ موقوں پہ بہت کام آے گا.

ارادے جن کے پختہ ہوں نظر جن کی خدا پہ ہو
تلاطم خیز موجوں سے وہ گھبرایا نہیں کرتے.
Mian Jamshed
About the Author: Mian Jamshed Read More Articles by Mian Jamshed: 111 Articles with 183016 views میاں جمشید مارکیٹنگ کنسلٹنٹ ہیں اور اپنی فیلڈ کے علاوہ مثبت طرزِ زندگی کے موضوعات پر بھی آگاہی و رہنمائی فراہم کرتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی Jamshad.. View More