آئی ڈی پیز کی باوقار بحالی

تحریر: راجہ ماجد بھٹی

آپریشن ضرب عضب کی کامیابی میں ایک خاموش کردار اُن لاکھوں متاثرین کا ہے جو مختلف علاقوں میں منتقل ہو گئے تھے تاکہ پاک فوج کو آپریشن ضرب عضب کے دوران دہشت گردی کے شکار علاقوں میں مطلوبہ اہداف اور ٹھکانوں کے خلاف کارروائی بلاروک ٹوک کرنے میں کوئی دشواری باقی نہ رہے۔ اسلام اور پاکستان دشمنوں سے علاقہ کلیئر کرانے میں شہری آبادی کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی گنجائش باقی نہ رہے۔ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن ضرب عضب کے دوران اپنے گھر بار چھوڑنے والے وہ عظیم پاکستانی ہیں جنہوں نے پاکستان کو محفوظ بنانے کے لئے یہ عظیم قربانی دی۔ اب ہماری باری ہے کہ جب آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے تو اُن کی باوقار واپسی یقینی بنانے کے لئے مالی مدد سمیت ہر طرح کا کردار قومی جوش و جذبے سے ادا کیا جائے۔ گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چوکا لگا کر آئی ڈی پیزکے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ میچ کا افتتاح کیا۔ باولر شاہد خان آفریدی اور وکٹ کیپر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ تھے۔ یوم آزادی پاکستان پر پاک فوج کی طرف سے فاٹا کے بے گھر افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے راولپنڈی کرکٹ گراونڈ میں دوستانہ میچ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ میچ پاک آرمی اور پاکستان الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ پاک آرمی کی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی بال پر آرمی چیف نے چوکا لگایا۔ افتتاحی تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پیش کیا گیا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا آرمی چیف سے تعارف کرایا گیا۔گراونڈ میں پہنچنے پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے جنرل راحیل شریف کا استقبال کیا۔ پاکستان الیون کی قیادت مصباح الحق جبکہ پاک آرمی کی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی نے کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میچ سے حاصل ہونے والے رقم آئی ڈی پیز کے لئے وقف کی جائے گی۔ اس موقع پر پی سی بی کے حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے 103رنز بنائے جسے پاکستان آرمی الیون نے 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ آرمی الیون کے میچ جیتنے پر بچے جوش میں گرانڈ میں داخل ہو گئے اور انہوں نے کھلاڑیوں کو کندھوں پر اٹھا لیا۔ شاہد آفریدی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان الیون کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ میچ کا حصہ بن کر خوشی ہوئی۔ آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے ہمیشہ ساتھ ہیں۔ آرمی کی ٹیم نے ہم سے بہتر کھیل پیش کیا۔ آرمی چیف راحیل شریف کو روایتی پگڑی پہنائی گئی۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں۔ ملک کیلئے جان قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی طرف سے آرمی چیف کو آئی ڈی پیز کے لئے 20لاکھ کا چیک پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے باعث10 لاکھ سے زائد متاثرین اپنے علاقوں سے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں منتقل ہوگئے تھے۔ آپریشن ضرب عضب کے بعد شمالی وزیرستان کے کلیئر قرار دیے گئے علاقوں کو آئی ڈی پیز کی واپسی کا شیڈول جاری کردیا گیا، شیڈول کے مطابق شامیری قبائل منگل 31مارچ سے 10اپریل تک اور میرعلی اسپن وام کے متاثرین کی واپسی10 اپریل سے 13 اپریل تک ہوئی ۔

اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں بھی دہشت گردی کی وجہ سے گزشتہ چھ سالوں سے بند تمام صنعتیں دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ دوبارہ کھولے جانے والے 150کارخانوں میں سٹیل، پلاسٹک، سگریٹ اور گھی کے کارخانے شامل ہیں۔ خیبر ایجنسی میں بے گھر ہونے والے متاثرین کی واپسی مارچ سے جاری ہے۔ اب تک چالیس ہزار خاندانوں کے پونے تین لاکھ افراد اپنے علاقوں کو واپس جا چکے ہیں۔ اُمید غالب ہے کہ اگست کے آخر تک تمام آئی ڈی پیز کی باوقار واپسی مکمل ہو جائیگی۔ پاک فوج کی طرف سے حالیہ آپریشن خیبر ون اور خیبر ٹو کی نتیجے میں باڑہ اور وادی تیراہ میں دہشت گرد تنظیموں کا صفایا کردیا گیا ہے۔ تاہم خیبر ایجنسی میں بدامنی کی وجہ سے پانچ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے جو پناہ گزین کیمپوں اور اپنے طور پر کرائے کے مکانات میں مقیم تھے۔ گزشتہ دنوں آرمی چیف نے بنوں میں آئی ڈی پیز کے کیمپ کا بھی دورہ کیا اور بے گھر افراد کے ساتھ ملاقات کی۔ آرمی چیف نے آئی ڈی پیز کو یقین دلایا کہ فاٹا میں امن کے قیام اور ترقی کے لئے پاک فوج ہر ممکن مدد کرے گی۔ آرمی چیف نے متعلقہ اداروں کو آئی ڈی پیز کی جلد واپسی اور ترقیاتی کاموں کو بر وقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Javed Ali Bhatti
About the Author: Javed Ali Bhatti Read More Articles by Javed Ali Bhatti: 141 Articles with 104988 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.