ماں میری ماں

ایک مدت سے میری ماں سوئی نہیں میں نے ایک بار کہا تھا مجھے ڈر لگتا ہے

ایک مدت سے میری ماں سوئی نہیں میں نے ایک بار کہا تھا مجھے ڈر لگتا ہے

ایک مدت سے میری ماں سوئی نہیں
میں نے ایک بار کہا تھا مجھے ڈر لگتا ہے

اس ایک شعر نے مدت سے میرے ذہن میں جگہ بنائی ہوئی ہے ویسے تو ماں کی عظمت سے کون بدنصیب نا واقف ہے لیکن اس کے باوجود اِن اشعار نے جو اس مضمون میں شامل ہیں ماں کے موضوع پر کئی ایک مضامین کے ہوتے ہوئے بھی اس عاجز کو بھی کچھ تحریر کرنے کی تحریک دی ہے ،شائد اس لئے کہ اللہ کے کرم سے ہمیشہ سے میں اپنی ماں کے قریب رہا ہوں یا پھر یوں کہہ سکتے ہیں کہ ماں نے اپنے قریب رکھا اور ہر مشکل اور ہر قدم پر نہ صرف رہنمائی کی ہمت افزائی کی بلکہ دعائیں دیں -

کامیابی کے لئے وظیفے پڑھے اور وہ سب کچھ کیا جو ان کے اختیار میں تھا،صحت ہو یا بیماری، خوشی ہو یا غم زندگی کے ہر معاملہ میں ماں نے حوصلہ بخشا،ہمیشہ یہ احساس ساتھ رہتا ہے کہ اللہ کے کرم کے ساتھ ماں کی دعائیں سایہ کئے ہوئے ہیں ، ماں کے ہوتے بڑی سے بڑی مشکل بھی پریشان نہ کرسکی،جب کبھی کوئی مشکل کا سامنا ہوتا ماں کے حضور حاضر ہوجاتے ان کی دعاء اور اللہ کے کرم سے ساری مشکل ختم ہوجاتی، اللہ کا شکر ہے ۔

داستان میرے لاڈوپیار کی بس ایک ہستی کے گرد گھومتی ہے
پیار جنت سے اس لئے ہے مجھے یہ میرے ماں کے قدم چومتی ہے

ماں یہ لفظ بہت وسیع معنی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ ممتا،ایثار ، قربانی، پیار،محبت، عزم ،حوصلہ ،دوست، ہمدرد، راہنما،استاد، خلوص، معصومیت،دعا،وفا،بے غرضی، لگن، سچائی، پاکیزگی، سکون، خدمت، محنت، عظمت، عبادت، ایمان، دیانت، جذبہ، جنت، یہ سب ماں کی خوبیوں کی صرف ایک جھلک ہے، ورنہ اس کی خوبیاں تو اس قدر ہیں کہ لفظ ختم ہوجائیں مگر ماں کی تعریف ختم نہ ہو۔ ماں ہی وہ عظیم ہستی ہے جس کے جذبوں اور محبت میں غرض نہیں ہوتی ،جب اولاد اس دنیا میں آنکھ کھولتی ہے تواس کے لئے خود کو وقف کر دیتی ہے جب بچہ بول بھی نہیں پاتا اس کی ضرورت کوسمجھتی اور پورا کرتی ہے پھر اسے بولنا سکھاتی ہے بھر انگلی پکڑ کر چلنا سکھاتی ہے ہر آواز پر دوڑی چلی آتی ہے اپنی بانہوں میں سمیٹ لیتی ہے،اولاد کی خوشی میں خوش اور اس کے دکھ میں دکھی ہوتی ہے ،عمر کے ہر دور میں ساتھ دیتی ہے اور دعاگو رہتی ہے

مشکل راہوں میں بھی آسان سفر لگتا ہے
یہ میری ماں کی دعاوں کا اثر لگتا ہے

حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک صحابیؓ آئے اور پوچھا کہ میں نے اپنی معذور ماں کو کاندھوں پر بٹھاکر حج کروایا ہے، کیا میرا حق ادا ہوگیا؟ ارشاد فرمایا: ابھی تو اُس ایک رات کا حق ادا نہیں ہوا جس رات تُو نے بستر گیلا کردیا تھا اور تیری ماں نے تجھے خشک جگہ پر سلایا اور خود گیلے میں سوئی۔ حضرت ابن عباسؓ فرماتے ہیں کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا جو سعادت مند بیٹا اپنے والدین کو محبت کی نظر سے دیکھتا ہے اللہ تعالی اس کی ہر نظر پر حج مبرور یعنی مقبول حج کا ثواب دے گا ، صحابیؓ نے عرض کیا اگرچہ روزانہ 100مرتبہ دیکھے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہاں اللہ کی ذات بہت بڑی اور پاک ہے(بہیقی) نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ تمھارے ماں باپ تمھارے لئے جنت بھی ہیں اور جہنم بھی ہیں(سنن ابن ماجہ)،ماں باپ کی نافرمانی کرنے والے اور ماں باپ کو ناراض کرنے والے کے لئے نبی رحمت ﷺ نے بد دعا فرمائی ہے،دارمی، مسند احمداور نسائی میں ہے کہ ماں باپ کے نافرمان پر اللہ تعالی نے جنت حرام کردی ہے۔حضرت موسیٰ علیہ السلام جب اپنی والدہ کی وفات کے بعد اللہ تعالیٰ سے ملاقات کے لیے کوہِ طور پر تشریف لے گئے تو ایک غیبی آواز آئی۔ اے موسیٰ، اب ذرا سنبھل کے آنا اور سوچ سمجھ کر گفتگو کرنا۔ حضرت موسیٰ بہت حیران ہوئے اور پوچھا یاباری تعالیٰ وہ کیوں؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا اب تمہارے لیے مجھ سے رحم و کرم اور عنایت کی دعا کرنے والی تمھاری ماں اس دنیا میں نہیں رہی۔

ماں تیرے بعد بتا کون لبوں سے اپنے
وقت رخصت میرے ماتھے پہ دعاء لکھے گا

ماں احسانات، احساسات، خوبیوں اور جذبات کا وہ بے مثال مجموعہ ہے جو سارے زمانے کے حالات اور موسم کی سختیاں خودسہتی ہے مگر اس کا ہر لمحہ اپنی اولاد کے لیے فکر ودعاکرتے گزرتا ہے،ماں باپ جتنی دعائیں اولاد کے لئے کرتے ہیں اللہ وہ تمام دعائیں ضرور قبول فرماتا ہے ،ماں کے اندر ممتا کا جو جذبہ ہوتا ہے وہ کسی اور میں نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ نے جب ماں کی تخلیق کی تو اسے رحمت کی چادر، چاہتوں کے پھول، دعاؤں کے خزانوں، زمین و آسمان کی وسعتوں، جذبوں، چاہتوں، پاکیزہ شبنم، دھنک کے رنگوں، چاند کی ٹھنڈک، خلوص، رحمت، راحت، برکت، عظمت، حوصلے اور ہمت سمیت تمام اوصاف سے مزین کیا، یہاں تک کہ اس کے قدموں میں جنت ڈالی۔ یوں ماں قدرت کا بہترین تحفہ اور نعمت ہے جس کی قدر ہم پر فرض ہے ۔ ماں کے احسانات، احساسات اور چاہتوں کا بدلہ کوئی بھی نہیں ادا کر سکتا،ہم تو ماؤں کی ایک رات کا قرض بھی نہیں چکا سکتے،مائیں عزم و حوصلے اور ایثار و قربانی کا پیکر ہوتی ہیں۔ والدین کے احسانات کے بارے میں سوچیں بھی، تو سوچ ان کے احسانات کے مقابلے میں بہت پیچھے رہ جاتی ہے۔

جب بھی میرے دل کی مسجد میں تیری یادوں کی اذان ہوتی ہے
اپنے ہی آنسوؤں سے وضو کرکے ماں تیرے جینے کی دعا کرتا ہوں

بلاشبہ ماں کا وجود ایک نعمت اور اللہ تعالیٰ کا انعام ہے۔ دنیا میں کہیں بھی کوئی انسان کامیاب ہے تو اس کے پیچھے اس کی ماں ہی کا ہاتھ ہے جس کا وہ ثمر پارہا ہے۔ ان کی ماؤں نے پال پوس کر ان کو قابل بنایا اور اپنی ماؤں ہی کے طفیل آج یہ کامیاب ہیں۔ ان کی تربیت میں جو خوبیاں ہیں وہ ان کی ماؤں ہی کی مرہونِ منت ہیں،ماں کی دعاوں نے ہی اولاد کو بڑے سے بڑا ولی اور بادشاہ بنایا ہے،حضرت با یزید بسطامیؒ کی ماں نے دعا فرمائی تھی اور وہ دنیائے ولایت کے بہت بڑے ولی بن گئے،حضرت ٹیپو سلطان شہیدؒ کی والدہ کی دعائیں تھیں کہ ایسے سلطان بنے کہ تاریخ میں انکا نام سنہری حرفوں میں درج ہوا،حضرت موسی علیہ السلام کے دور کا وہ قصائی جو ماں کی خدمت کرتا اور ماں دعا دیتی کی اللہ جنت میں تجھے حضرت موسی کے ساتھ رکھے اور اللہ نے یہ دعا قبول کی اور حضرت موسی کو بتادیا اور حضرت موسی نے جا کر خدمت اور دعا کا منظر دیکھا۔ماں باپ کی دعاؤں سے تقدیریں بدل جاتی ہیں۔

لبوں پہ اسکے کبھی بد دعا نہیں ہوتی
بس ایک ماں ہے جو کبھی خفا نہیں ہوتی

قرآن مجید (سورہ بنی اسرائیل(۲۳) اور سورہ لقمن (۱۴))میں ماں باپ کی خدمت اور ان کے ساتھ حسن سلوک کا حکم اللہ نے توحید اور عبادت کے ساتھ ساتھ دیا ہے۔صحابیؓ نے رحمت العالمین ﷺ سے سوال کیا مجھ پر خدمت اور حسن سلوک کا سب سے زیادہ حق کس کا ہے تو آپ ﷺ نے تین مرتبہ ماں کا کہا اور چوتھی مرتبہ سوال کرنے پر کہا کہ باپ کا ہے اور فرمایا کہ اگر ماں باپ ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان کے آگے اف تک نہ کرناادب و احترام اور حسن سلوک کا معاملہ رکھنا اور فرمایا کہ اللہ کو والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے کا عمل بہت پسند ہے ۔ماں کا وجود صرف ہماری زندگیوں کے لیے ہی نہیں بلکہ سارے گھرخاندان کے لئے بھی باعث رحمت و نجات ہے۔ ماں تو تپتے صحرا میں ٹھنڈی پھوارکا نام ہے۔ ماں کڑی، چلچلاتی دھوپ میں ابر کی مانند ہے۔ماں کی دعاء سیدھے عرش تک جاتی ہے، ماں میں ممتا کہ وہ جذبہ ہوتا ہے جو کسی اور میں نہیں ہوتا اولاد کے لئے اپنی ہر خوشی قربان کر دیتی ہے تکالیف برداشت کرتی ہے ،بچوں کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کے لئے اپنی بڑی سے بڑی خواہش قربان کر دیتی ہے ہر اعتبار سے ان کی حفاظت کرتی ہے ،فکر مند رہتی ہے،دعائیں کرتی ہے، شفقت کے ساتھ پرورش کرتی ہے ۔اللہ نے ماں کا دوسرا نام محبت رکھا ہے اور بندوں سے اپنی محبت کی مثال بھی ماں کی محبت سے ہی دی ہے۔

اس طرح میری خطاوں کو بھی وہ دھو دیتی ہے
ماں بہت غصہ میں ہو تو رو دیتی ہے

دعا ہے کہ جن کے والدین حیات ہیں خدا کرے ان کا سایہ تا دیر سلامت رہے اور وہ ہر دکھ، پریشانی، آفت اور آزمائش سے محفوظ ہوں،پورے خلوص اور سچے دل کے ساتھ والدین کی خدمت کریں انہیں راضی کرلیں،والدین کی رضا میں اللہ کی رضا شامل ہے۔ اور جو لوگ والدین کی نعمت سے محروم ہیں وہ اس دعا کا ورد کرتے رہا کریں،رب ارحمھما کما ربینی صغیرا ’’اے میرے رب میرے ماں باپ پر رحم فرما جیسا کہ انہوں نے بچپن مجھ پر رحم کیا۔حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ نیک آدمی کا جنت میں اللہ ایک درجہ بلند کرتا ہے تو وہ پوچھتا ہے کہ اے اللہ مجھے یہ درجہ کیوں ملاتو اللہ فرماتا ہے تیری اولاد نے تیرے لئے مغفرت کی دعا کی ہے اس لئے اپنے والدین کے حق میں دعا کرتے رہنا چاہئے ،اللہ سے دعا ہے کہ اے اللہ ہمیں والدین کی قدر نصیب فرمااور ان کے لئے محبت، خدمت،اطاعت و حسن سلوک کا جذبہ عطا فرما اور ان کی بہترین اولاد میں شمار فرما۔آمین

نوٹ پیاری ماں کی اِس کہانی کو بنانے کے لیے میںنے انٹرنیٹ کی بہت ساری ویب سائیٹ کا سہارا لیا اور تھوڑے تھوڑے الفاظ اِدھر اُدھر سے جمع کئے اور ماں کی شان میں مُجھ سے جتنا اچھا ہو سکا میں نے آپ سب کے الفاظوں کو جمع کر کے لکھا اگر کہیں کمی رہ گئی ہو تو اُمید در گُزر کریں گے ویسے تو ماں کی شان میں لکھنے کے لیے ہمیشہ سی کمی رہی ہے کیونکہ ماں تو ماں ہوتی -

آخر میں جن کی مائیں زندہ ہیں میرا رب ان کو لمبی زندگی دے اور جن کی مائیں نہیں ہیں میرا رب اُن کو صبر دے اور مرحوم ماؤں کو جنت الفردوس میں اپنا خاص اور اعلی مقام عطا کرے
آپ سے گزارش ہے کہ مجھے اور میری فیملی کو آپنی خاص دُعاؤں میں ضرور یاد رکھیں

محمد مسعود میڈوز نونٹگھم یو کے

آمین ثم آمین

رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا ﴿٢٤﴾
(سورة الإسراء)
ترجمہ : اے میرے رب! ( یعنی ماں باپ ) ان دونوں پر رحم فرما جیسا کہ انہوں نے بچپن میں مجھے
( رحمت و شفقتے سے ) پالا تھا۔​
Mohammed Masood
About the Author: Mohammed Masood Read More Articles by Mohammed Masood: 62 Articles with 178289 views محمد مسعود اپنی دکھ سوکھ کی کہانی سنا رہا ہے

.. View More