حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے بستر پر وحی کا نازل ہونا

صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اس بات کو اچھی طرح جانتے تھے کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش کرنا ِ حقیقت میں اللہ عزوجل کی خوشی حاصل کرنا ہے۔ اس کے لیے وہ مواقع کی تلاش میں رہا کرتے تھے کہ ہم کسی نہ کسی طرح اپنے آقا و مولا نبیِ کریم روف و رحیم صلی اللہ علیہ وسلم کا دل جیت لیں ۔ صحابہ رضی اللہ عنہم نے جب دیکھا کہ آپ ﷺ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو بہت محبوب رکھتے ہیں تو وہ اُن کی باری کے وقت نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیے وغیرہ بھیجا کرتے تھے تاکہ آقاے کائنات صلی اللہ علیہ وسلم خوش ہوجائیں۔

ایک مرتبہ ازواجِ مطہرات رضی اللہ عنہن نے یہ طَے کیا کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا جائے کہ آپ لوگوں سے فرمادیجیے کہ جو آدمی بھی ہدیہ وغیرہ بھیجنا چاہے وہ میری ازواج میں سے مَیں کسی کے بھی گھر ہوں بھیج دیا کرے ۔اس کام کے لیے انھوں نے حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کو بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میںروانہ کیا ۔

چناں چہ اما م احمد و ابوحاتم رحمہم اللہ تعالیٰ نے حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے نقل کیا ہے کہ دیگر ازواجِ مطہرات رضی اللہ عنہن نے مجھ سے کہا کہ : ’’ تم نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہوکہ آپ لوگوں سے فرمادیں مَیں جہاں بھی ہوں ہدیے بھیج دیا کریں ۔کہ لوگ( حضرت )عائشہ( رضی اللہ عنہا) کی باری کا انتظار کرتے ہیں جب کہ ہم بھی (حضرت) عائشہ ( رضی اللہ عنہا) ہی کی طرح بھلائی چاہتی ہیں۔‘‘حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیںکہ :’’ مَیں نے بارگاہِ نبوت صلی اللہ علیہ وسلم میں عرض کیا کہ یارسول اللہ! آپ کی بیویوں کا کہنا ہے کہ آپ لوگوں کو حکم دیں کہ مَیں جہاں بھی ہوں ہدیے بھیج دیا کریں کیوں کہ دیگر اُن کا کہنا ہے کہ جس طرح عائشہ کو خیر و بھلائی پسند ہے اُسی طرح ہم کو بھی پسند ہیں ۔‘‘ حضرت امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی روایت میں کچھ اس طرح ہے کہ حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ :’’ جب میں نے تین بار نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بات کا ذکر کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’ اے ام سلمہ ! مجھے عائشہ کے بارے میں تکلیف مت دو۔ اللہ کی قسم! تم سب کے علاوہ میرے پاس وحی صرف عائشہ کے بستر میں نازل ہوتی ہے۔ ‘‘

اس روایت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے امتیازی فضائل میں سے ایک یہ بھی ہے کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر اُن کے بستر میں وحی کا نزول ہوا۔

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے مکان پر قرآنِ پاک نازل ہوتاتھا

ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہافرماتی ہیں کہ :’’ تمام ازواجِ مطہرات رضی اللہ عنہن پر مجھے چار چیزوں میں فضیلت حاصل تھی۔
(۱)نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے کنواری ہونے کی حالت میںشادی فرمائی جب کہ میرے علاوہ کوئی بھی بیوی کنواری نہیں تھی۔
(۲) جب سے مَیں آپ ﷺ کے نکاح میں آئی قرآن میرے ہی گھرمیں نازل ہوتا تھا کسی اور بیوی کے گھر میں نازل نہیں ہوتا تھا۔
(۳) میرے معاملہ میں صفائی کے لیے قرآنِ کریم کی آیتیں نازل ہوئیں جو قیامت تک پڑھی جائیں گی۔
(۴)میرے نکاح سے پہلے دومرتبہ حضرت جبریل امین علیہ السلام میری تصویر لے کر نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تشریف لائے۔
Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi
About the Author: Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi Read More Articles by Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi: 409 Articles with 652580 views

Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi

Date of Birth 01/06/1979
Diploma in Education M.A. UGC-NET + Ph.D. Topic of Ph.D
"Mufti e A
.. View More