حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا کا صدقہ و خیرات

ام المؤمنین حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہابڑی سخی اور صدقہ و خیرات بہت زیادہ تقسیم کرتی تھیں۔ خود اپنے ہاتھوں سے محنت و مشقت اور مزدوری کرتیں اور سارا مسکینوں پر صدقہ و خیرات کردیتیں۔ آپ رضی اللہ عنہا کی محنت کی وجہ سے بہت سے مسکینوں کا کام چلتا تھا۔ آپ کے اس عمل کی وجہ سے آپ کا نام ’’ماویٰ المساکین ‘‘ یعنی ’’ مسکینوں کا ٹھکانا ‘‘ پڑگیا تھا۔

ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا یہ بھی فرماتی تھیں کہ:’’ (حضرت) زینب(رضی اللہ عنہا) سے بڑھ کر کوئی عورت مَیں نے نہیں دیکھی جو اپنی جان کو محنت میں ڈال کر مال حاصل کرکے صدقہ کرتی ہو اور اِس کے ذریعے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرتی ہو۔ ‘‘( مسلم شریف)

امیر المؤمنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے ام المؤمنین حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہاکا وظیفہ بارہ ہزار درہم مقرر فرمایا تھا۔ جسے انھوں نے صرف ایک سال قبول فرما لیا اور قبول فرما کر بارگاہِ خداوندی میں یہ عرض کیا : ’’ اللہم لا یدرکُنی ہٰذا المال من قابلٍ فانہٗ فتنۃُُ۔ ( اے اللہ ! آیندہ سال یہ مال میرے پاس نہ آئے کیوں کہ یہ فتنہ ہے)۔‘‘ اس کے بعد پورے بارہ ہزار درہم کو اُسی وقت اپنے عزیزوں اور ضرورت مندوں میں تقسیم فرمادیا ۔ جب حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو اس واقعہ کی خبر لگی تو ان کے گھر تشریف لائے اور (باہر سے) سلام کہلا کر بھیجا اور فرمایا مجھے تمہارے رقم تقسیم فرمادینے کے بارے میں معلوم ہوگیا ہے۔ اِس کے بعد مزید ایک ہزار کی رقم بھیجی تاکہ اسے اپنے خرچ میں لائیں لیکن ام المؤمنین حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہانے اُس رقم کو بھی تقسیم فرمادیا ۔ سیرت کی کتابوں میں آیا ہے کہ ام المؤمنین حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہاکھالیں رنگنے کی مزدوری کرکے صدقہ کرتی تھیں ، اسی طرح منتخب کنز العمال میں اس کے علاوہ اور بھی دست کاری لکھی ہے جس کو ام المؤمنین حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ عنہاانجام دے کر سارامال مسکینوں کو صدقہ دے دیتی تھیں۔

جب ام المؤمنین حضرت زینب بنت جحش رضی اللہ تعالیٰ عنہاکی وفات ہوگئی تو ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا:’’ تعریف کے لائق اور عبادت گزار ہوکر دنیا سے اس حال میں چلی گئیں کہ یتیموں اور بیواوں کو گھبراہٹ میں ڈال گئیں ( کیوں کہ اب وہ سوچیں گے کہ ہم پر خرچ کون کرے گا؟) ۔‘‘
Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi
About the Author: Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi Read More Articles by Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi: 409 Articles with 652612 views

Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi

Date of Birth 01/06/1979
Diploma in Education M.A. UGC-NET + Ph.D. Topic of Ph.D
"Mufti e A
.. View More