کراچی (اسپورٹس رپورٹر) لیثرر لیگس فٹبال (کے وائی آئی) کے دوسرے راؤنڈ میں ڈسٹرکٹ سنٹرل چمپئن معمار اسپورٹس کو زبردست دھچکا لگا جب انہیں ہزارہ یونائیٹڈ نے سکسٹین اسٹار گراؤنڈ پر دونوں میچوں میں شکست کی ہزیمت سے دوچار کیا۔ پہلے میچ میں علی رضا کے 2اور محمد حکیم کے ایک گول کی بدولت ہزارہ یونائیٹڈ 3-0جبکہ دوسرے میچ میں علی رضا اور محمد حکیم کے 2,2گولز نے 4-2کی فتح سے ہمکنار کیا۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی رنر اپ غوثیہ اسپورٹس کو بھی نارتھ مسلم نے شکست کا داغ لگایا۔
جب محمد اظہر نے دونوں ہاف میں ایک ایک گول بنا کر اپنی ٹیم کو 2-0کی فیصلہ کن
برتری دلائی۔ قبل ازیں پہلا میچ 0-0کی برابری پر ختم ہوا۔ہزارہ یونائیٹڈ کو سکسٹین
اسٹار گراؤنڈ وینیو کی ٹیم آف دی ڈے بھی قرار دیا گیا۔گبول پارک لیاری پر لائٹ آف
بلوچ نے ڈسٹرکٹ ساؤتھ چمپئن شپ کی فائنلسٹ موسیٰ لاشاری ایف سی کو دونوں میچوں میں
شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔پہلے میچ میں 1-0کی کامیابی میں آصف نے فیصلہ کن گول بنایا
جبکہ دوسرے میچ میں مبشر کی ہیٹ ٹرک نے انہیں 3-0کی کامیابی دلائی۔قادر اسکول کو
ڈسٹرکٹ ساؤتھ چمپئن شپ کی دوسری فائنلسٹ حیدر ی بلوچ کیخلاف پہلے میچ میں 0-1سے
ناکامی ہوئی لیکن دوسرے میچ میں حیران کن طور پر نواب کی ہیٹ ٹرک نے قادر اسکول کو
حیدری بلوچ کیخلاف3-0کی کامیابی سے ہمکنار کردیا۔گبول پارک وینیو کی ٹیم آف دی ڈے
قرار پانے والی لیاری اسٹار نے ستار(اے ایم سی ) ایف سی کیخلاف دونوں میچوں میں
کامیابی حاصل کی۔ پہلے میچ میں جواد کا واحد گول فیصلہ کن ثابت ہوا جبکہ دوسرے میں
3-2کی فتح میں جواد کی ہیٹ ٹرک کارگر ثابت ہوئی۔نور عالم نے ناکام سائیڈ کیلئے
دوگولز بنائے۔انصار یونین گراؤنڈ پر سابق کراچی چمپئن برما محمڈن اور عرفان میموریل
کے مابین دونوں میچز انتہائی شاندار اور سنسنی خیز ثابت ہوئے۔ پہلے میچ میں برما
محمڈن کو 3-0کی کامیابی حاصل ہوئی۔ طارق نے 2اور سعید نے ایک بار گیند کو جال میں
ڈالا۔دوسرے میچ میں عرفان میموریل نے پہلی شکست کا قرض چکادیا جب 3-0کے مارجن سے
انہیں کامیابی حاصل ہوئی۔ احمد ، رحمن اور عامر نے درست نشانہ بازی کی۔ ٹیم آف دی
ڈے قرار پانے والی گلشن اسپورٹس نے کالونی اسپورٹس کے ساتھ پہلا مقابلہ 0-0سے برابر
کھیلا جبکہ دوسے مقابلے میں گلشن اسپورٹس کو 2-1کی فیصلہ کن کامیابی حاصل ہوئی۔
فاتح ٹیم کیلئے شاکر اور محمد علی جبکہ ناکام سائیڈ کا واحد گول ریحان نے اسکور
کیا۔خیبر مسلم گراؤنڈ بلدیہ پر ڈسٹرکٹ چمپئن مکران اسپورٹس کیخلاف قادری اسپورٹس نے
پہلے میچ میں امام بخش کے واحد اور فیصلہ کن گول کی بدولت 1-0کی کامیابی سے حیران
کیا جبکہدووسرا میچ 0-0سے برابررہا۔ ویسٹ کی سلور میڈلسٹ ماریپور بلوچ کو بھی
میٹروول اسٹار کیخلاف پہلے میچ میں 1-0کی شکست کا داغ لگا۔ فیصلہ کن گول فاتح ٹیم
کے مزمل نے اسکور کیا جبکہ دوسرا میچ 0-0کی برابری اپر ختم ہوا۔ٹیم آف دی ڈے قرار
پانے والی بلوچ یوتھ نے حریف شہباز گرین کو دونوں میچوں میں شکست سے دوچار کیا۔
پہلے میچ میں عاطف ایوب کی ہیٹ ٹرک سے انہیں 3-0اور عاطف ہی کے واحد گول سے دوسرے
میچ میں انہیں 1-0کی کامیابی ملی۔ محمدی اسٹیڈیم ، میمن گوٹھی ملیر پر شرافی محمڈن
نے اظہر اسپورٹس کو آؤٹ کلاس کردیا۔ فاتح ٹیم نے 5-1کے فرق سے آسان کامیابی حاصل کی۔
جبکہ دوسرے میچ میں اظہر اسپورٹس نے شرافی محمڈن کو 3-0کی ضرب لگائی۔آزاد الیون نے
ملیر یونین کیخلاف پہلے میچ میں 3-2کی فتح اپنے نام کی جبکہ دوسرا میچ 1-1سے برابر
رہا۔۔ آزاد الیون کو ٹیم آف دی ڈے بھی قرار دیا گیا۔ایونٹ میں کراچی کے جملہ
ڈسٹرکٹس سینٹرل، ویسٹ، ساؤتھ، ایسٹ اور ملیر کی 20,20ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ ہر
گراؤنڈ پر ہر ہفتہ ہر ٹیم مدمقابل ٹیم سے 2,2میچز کھیل رہی ہے۔ ہر گراؤنڈ پر
20,20میچز کھیلے جارہے ہیں جبکہ ہر ویک جملہ 100میچز کھیلے جارہے ہیں۔جملہ شریک
1000کھلاڑیوں کو مکمل کٹ کے ہمراہ فٹبال شوز میں دئے گئے ہیں۔ ایونٹ کے جملہ
اخراجات لیثرر لیگس برداشت کررہی ہے۔