استنبول میں غزہ امن منصوبے پر اہم اجلاس آج، پاکستان سمیت 8 ممالک کی شرکت

image

ترکیہ کے شہر استنبول میں آج غزہ امن منصوبے پر مشاورتی اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں پاکستان سمیت آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔

اجلاس میں سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس غزہ میں جنگ بندی پر عملدرآمد اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کے مقصد سے بلایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹوں اور اسرائیل کی جانب سے وعدہ خلافیوں پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق پاکستان اور سات عرب و اسلامی ممالک غزہ امن معاہدے کے لیے سرگرم سفارتی کوششوں میں شریک رہے ہیں۔ استنبول اجلاس میں پاکستان جنگ بندی کے مکمل نفاذ، غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور اسرائیلی انخلا پر زور دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا، غزہ کی تعمیرِ نو اور ایک آزاد، قابلِ بقا اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، انصاف اور عزتِ نفس کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ گزشتہ ماہ ہونے والے معاہدے کے باوجود اب تک 236 فلسطینی شہید اور 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

ترک وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان کی دعوت پر اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر استنبول پہنچیں گے جہاں وہ عرب و اسلامی وزرائے خارجہ کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے نفاذ اور انسانی امداد کے معاملات پر مشاورت کریں گے۔

پاکستان نے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ عالمی برادری مشترکہ کوششوں کے ذریعے 1967ء سے قبل کی سرحدوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US