حج میں رہنمائی آسان کر دی گئی، سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج پلیٹ فارم اور حج اسمارٹ کارڈ لانچ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج پلیٹ فارم اور حج اسمارٹ کارڈ لانچ کر دیا ہے، مکہ معظمہ ثقافتی مرکز کے حالیہ اجلاس کے موقع پر سعودی وزارتِ حج نے مسلمانوں کو بڑی خوشخبری سُنا دی، سعودی وزارتِ حج کے حکام کے مطابق اس پلیٹ فارم کا مقصد حج اور عمرہ آپریشنز اور خدمات کو باہم مربوط کرنا ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی "ایس پی اے" کے مطابق اس پلیٹ فارم کے زریعے دنیا بھر سے آئے ہر حاجی کو اپنی ذاتی ، طبی اور رہائشی معلومات پر مشتمل سمارٹ شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا، تاہم اس کارڈ میں عازمین حج کو ان کی رہائش گاہ تک جانے اور دیگر معلومات کے لئے رہنمائی حاصل کرنے میں سہولت ہوگی، عازمینِ حج غیر ضروری سفر سے بچ سکیں گے اور ساتھ ہی ان کے وقت کی بھی بچت ہو گی۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے اجلاس میں اسمارٹ کارڈ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ کارڈ 'قریبی فیلڈ مواصلات' (این ایف سی) ٹیکنالوجی کے ذریعہ کام کرتا ہے۔
واضح رہے کہ حج اسمارٹ کارڈ کا اجراء سعودی عرب کے اصلاحات اور ترقی کے پروگرام 'ویژن 2030' کا حصہ ہے، عازمین حج کے لیے یہ کارڈ ایک نئی سہولت ہے، جس کے زریعے ان کا حج آسان اور وقت کی بچت ہو سکے گی۔
اسمارٹ حج کارڈ کو رواں سال 1442ھ یعنی 2021 کے حج کے موقع پر استعمال کیا جائے گا، تاہم ابھی تجربے کے طور پر حج کے موقعے پر 50 ہزار اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے جس کے بعد ان کارڈز کی تعداد کو عازمینِ حج کی تعداد جتنا بڑھا دیا جائے گا۔