وسطی کروشیا میں تباہ کُن زلزلہ، زلزلے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی۔
تفصیلات کے مطابق وسطی کروشیا میں شدید زلزلہ آیا ہے اب تک کی اطلاعات کے مطابق جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی کروشیا کے دارالحکومت زگرب کے جنوب مشرق میں واقع شہر پیٹرنجا میں زلزلے سے زیادہ تباہی پیش آئی ہے جبکہ وسطی کروشیا کا مواصلاتی نظام تباہ ہو گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کروشیا میں زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ہے جس کا مرکز دارالحکومت زگرب سے 50 کلومیٹر کی دوری پر تھا۔
زلزلہ اس قدر خطرناک تھا کہ کروشیا کے علاوہ سربیا، بوسنیا اور ہرزیگوینا اور جنوبی آسٹریا تک اِسے محسوس کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ زلزلے سے مزید تباہی کا خدشہ ہے جبکہ کروشیا کی فوج، فائر فائٹرز، ایمبولینس ریسکیو میں مصروف ہیں۔
خیال رہے کہ پیٹرنجا کے میئر ''ڈیرنکو ڈمبوچ'' نے ایک بیان میں کہا کہ ’میرا شہر مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، ہمارے بچے مر چکے ہیں اور یہ ہیروشیما کی طرح ہے کہ آدھا شہر اب موجود نہیں ہے'۔