نئے سال کا پہلا تحفہ، پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، ایل پی جی سب مہنگا، اوگرا سفارشات کے برعکس کم اضافہ۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے سالِ نو کے آغاز پر عوام کو نئے تحفے سے نواز دیا، پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کرتے ہوئے پٹرول 2.31، ڈیزل 1.80، مٹی کا تیل 3.36 فی لٹر، ایل پی جی 16 روپے کلو مہنگی کر دی۔
جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 106 روپے، ڈیزل کی 110 روپے 24 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 73 روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 71 روپے 81 پیسے فی لیٹر، جبکہ ایل پی جی کی قیمت 148 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی۔
دوسری جانب اوگرا نے جنوری 2021 کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ایل پی جی 16 روپے فی کلو، گھریلو سلنڈ 188 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 722 روپے اضافہ کیا گیا ہے تاہم اس اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 1741 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر6697 روپے کا ہو گیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اوگرا نے پٹرول 10.68 روپے، ڈیزل 8.37 روپے، مٹی کا تیل 10.92 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی تاہم وزیراعظم عمران خان نے اوگرا سفارشات کے برعکس قیمتوں میں کم اضافہ کیا۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دن قبل 15 دسمبر کو بھی پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیا گیا تھا۔