"ہمارا کام ہے لوگوں کے آنسو چرانا" یہ الفاظ کہنے والے عمر شریف آج اپنے پیاروں کی آنکھوں میں جدائی کے آنسو دے کر کوسوں دور جاچکے ہیں۔ لیکن جاتے جاتے ہمیں یہ سبق بھی دے گئے ہیں کہ کس طرح لوگوں کے غمزدہ چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے اپنی موت کے بعد بھی اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔
بالی وڈ میں عمر شریف کے مداح
عمر شریف ایک ایسے مزاحیہ فنکار تھے جن کی شہرت پوری دنیا میں تھی۔ وہ اکثر تھیٹر کی آفرز پر بیرون ملک سفر کرتے رہتے تھے۔ سب سے حیرت کی بات تو یہ ہے کہ روایتی حریف بھارت میں بھی عمر شریف کی بے پناہ صلاحیتوں کے چرچے تھے۔ انڈیا میں عمر شریف کے مداح اسی طرح انھیں پیار کرتے تھے جیسے کہ پاکستان میں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ بالی وڈ کے سینکڑوں اداکار عمر شریف کے فین تھے۔
امیتابھ بچن ہنستے ہنستے رو پڑے
انڈیا میں زی سنی ایوارڈز میں شرکت کے موقع پر امیتابھ بچن بھی بیٹھے تھے جو اس وقت کافی سنجیدہ تھے لیکن عمر شریف کے بولتے ہی امیتابھ اتنا ہنسے کہ ہنستے ہنستے ان کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے۔
ہم عمر شریف کو اپنا گرو مانتے ہیں
انڈیا میں کامیڈی اداکار جاوید جعفری بھی عمر شریف کے لیے کہتے تھے کہ ہم عمر شریف کو اپنا گرو مانتے ہیں اور ان کی ہر بات ہر ایکشن مجھے یاد ہے۔ جبکہ مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور کا کہنا ہے کہ ایسا فنکار جو منٹوں میں لوگوں کو ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ کردینے کی صلاحیت رکھتا ہو ہزاروں سال میں پیدا ہوتا ہے۔
ایک موقع پر ادکارہ فرح نے کہا کہ میں ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھی تب مجھے میرے سسر نے عمر شریف کی کیسٹس دیں اور انھیں سننے کو کہا۔ جب میں نے انھیں سنا تو میں ہنسے لگی اور میرا ڈپریشن ختم ہوگیا۔
دنیا بھر میں مداح افسردہ
عمر شریف کے انتقال کے بعد جہاں پاکستان اور بھارت میں ان کے مداح سوگوار ہیں وہیں دنیا میں کونے کونے سے لوگ اب کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔