کراچی میں نصف صدی کے بعد ڈبل ڈیکر بس سروس ایک بار پھر شروع کر دی گئی۔ اس تاریخی موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ربن کاٹ کر ڈبل ڈیکر بسوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں حکومت سندھ کے ترجمان مصطفیٰ بلوچ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی اور ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
تقریب کے دوران متعلقہ حکام نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو ڈبل ڈیکر بسوں کی جدید خصوصیات، گنجائش اور روٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے عوام سے دسمبر 2025 میں ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا وعدہ کیا تھا جو اب پورا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے پوری قوم کو نئے سال کی پیشگی مبارکباد بھی دی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ مستقبل میں کراچی کی ہر بڑی سڑک پر ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں تاکہ شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور سستی سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ کی خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جدید ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جائیں۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق اس وقت کراچی میں پیپلز بس سروس کے ذریعے روزانہ سوا لاکھ سے زائد افراد سفر کر رہے ہیں، جبکہ اورنج لائن اور گرین لائن کے ذریعے ایک لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈیکر بس سروس شہر کے ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری لانے اور شہریوں کی سفری مشکلات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔