کراچی میں سالِ نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور قانون شکنی کی روک تھام کے لیے پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے مطابق شہر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 6 ہزار پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
کراچی پولیس چیف نے واضح کیا کہ سالِ نو کی رات کسی کو بھی ہوائی فائرنگ یا ہنگامہ آرائی کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کے واقعات پر معمولی دفعات کے بجائے اقدامِ قتل کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ لاقانونیت میں ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد لی جائے گی، تاہم شہر کا کوئی علاقہ بند نہیں کیا جائے گا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی پولیس تعینات رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا ہدف کراچی کو کرائم فری زون بنانا ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد ڈویژن کے تمام اضلاع میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈویژنل کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سالِ نو کی شب ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔