بچوں کے اسکول دوبارہ کھل چکے ہیں۔ جہاں بچے ایک عرصے بعد اسکول جاکر خوش ہیں وہیں ماؤں کی مصروفیات بھی پہلے کی طرح ہوگئی ہیں۔ ان مصروفیات میں سب سے بڑی ذمہ داری بچوں کے لئے ناشتہ اور اسکول لنچ بنانا ہوتا ہے۔ اس آرٹیکل میں چند ایسی ترکیبیں بتائی جائیں گی جو آپ کے لاڈلے بچوں کو پسند بھی خوب آئیں گی اور وہ کینٹین سے غیر معیاری چیزیں کھانا بھول جائیں گے۔
پیٹا پاکٹ
پیٹا پیکٹ کسی بھی اچھے اسٹور یا بیکری سے مل جاتے ہیں۔ یہ ایک روٹی ہوتی ہے جو بیچ سے کھل جاتی ہے۔ بغیر ہڈی والی مرغی کا گوشت لیں اس میں نمک کالی مرچ اور لیموں ڈال کر توے پر پکائیں اور پیٹا پاکٹ کھول کر اس میں ڈال دیں۔ ساتھ ہی بچے کی پسند کی سبزیاں جیسے کھیرا، گاجر ، آلو وغیرہ بھی ڈالا جاسکتا ہے۔ چاہیں تو کیچپ یا مسٹرڈ ساس ڈال دیں اور پیک کرکے بچے کو لنچ میں دے دیں۔
چکن مفن
مفنز میٹھے ہوتے ہیں اور بچوں کو پسند بھی بہت آتے ہیں لیکن یہاں ہم لنچ کے حساب سے ایسے مفنز بتائیں گے جو ہیلتھی بھی ہوں گے اور آپ کا بچہ خوشی خوشی کھائے گا۔ اس کو بنانے کے لئے وہ ٹرے لیں جس میں کپ کیکس بیک کرتے ہیں اور ٹرے کے پیالوں میں نمک اور کالی مرچ کے ساتھ ابلی ہوئی چکن ڈالیں اور بچوں کی پسند کی سبزیاں جیسے گاجر، ٹماٹر وغیرہ ڈالیں اور پھینٹا ہوا انڈہ ڈال کر اس ٹرے کو گرم توے پر رکھ کر کچھ دیر دھیمی آنچ پر پکائیں۔ یا پھر اوون میں بیک کریں
رات کے بچے ہوئے چاول
تازے ابلے ہوئے یا رات کے بچے ہوئے چاولوں کو بھی ایسے ہی بیکنگ ٹرے میں ڈال کر پکایا جاسکتا ہے۔ ابلے چاولوں میں چکن پیسز ڈالیں اور ساتھ چوں کی پسندیدہ سبزیاں باریک کاٹ کر ڈالیں اور ٹرے کو پندرہ سے بیس منٹ بیک کرلیں۔ مزیدار کپ کیکس تیار ہیں۔
انڈے کے مزیدار سینڈوچز
انڈے ابال کو چورا بنالیں اور نمک کالی مرچ ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔ اب ڈبل روٹی پر ہلکا سا مکھن لگا کے انڈے کا چورا رکھ کر اوپر سے دوسری ڈبل روٹی رکھ کر سینڈوچ بنا لیں۔ یقین کریں آپ کا بچہ روزانہ اسی سیڈوچ کی فرمائش کرے گا۔
جھٹ پٹ پاستا
پاستا تقریباً ہر بچے کی مرغوب غذا ہوتی ہے۔ ایک پاستا کا پیکٹ ابالیں اور پانی نتھار لیں۔ ایک دوسرے پین میں تیل ڈال کر باریک کٹی سبزیاں اور نمک کالی مرچ میں ابلی ہوئی مرغی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اور پھر پاستا میں مکس کرلیں۔ بچے کی پسند کے حساب سے ساس بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔
یہ ایسی ڈشز ہیں جن کی آدھی تیاری جیسے کہ مرغی ابالنا اور سبزیاں کاٹنا وغیرہ پہلے سے کر کے رکھی جاسکتی ہیں اس لئے بچوں کا لنچ باکس تیار کرنے میں وقت کی بچت ہوجاتی ہے۔