شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے۔ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی تھی، جہاں ڈاکوؤں نے ڈیفنس کے ایک رہائشی کے گھر میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی۔ تاہم گارڈز کی فائرنگ سے ڈکیت وہاں سے فرار ہوگئے۔
لیکن آج ہم آپ کو جس اسٹریٹ کرائم کی ویڈیو کے بارے میں بتائیں گے، جہاں ڈاکوؤں نے ایک سبزی فروش کو بھی نہ بخشا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
کراچی کے علاقے کورنگی کے علاقے میں ڈاکوؤں نے دن دہاڑے ایک غریب سبزی فروش کو لوٹ لیا۔ ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار سبزی فروش کے پاس آتے ہیں اور اسلحے کے زور پر اس سے تمام رقم لوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں۔ جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈکیتوں کے چہرے واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔
تاہم ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال کے 8 ماہ کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے 50 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
جبکہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اسٹریٹ کرائم کے زیادہ تر واقعات میں موٹر سائیکل چھیننے، موبائل فون، اور گاڑیاں چھیننے کے واقعات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ آٹھ ماہ کے دوران کراچی کے شہریوں سے 34 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں، جبکہ 14 ہزار سے زائد موبائل فون اور 1 ہزار سے زائد گاڑیاں شہریوں سے چھیننی گئی۔ تاہم ان واقعات میں 54 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اور 458 افراد زخمی ہوئے۔