ہم ہماری پولیس پر ہمیشہ تنقید کرتے ہیں، مگر جب وہ اچھا کام کریں، تو ان کی ضرور تعریف کرنی چاہیے۔ وہ پولیس اہلکار جو محدود وسائل کے باوجود، اپنی زندگیوں کو ہماری حفاظت کے خاطر پیش کر دیتے ہیں۔
ہوا کچھ یوں کہ شہید کانسٹیبل کی بیٹی کو لاہور پولیس نے اسکول کے پہلے دن سرکاری پروٹوکول کے ساتھ چھوڑ کر روشن مثال قائم کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا نے شہید کانسٹیبل کی بیٹی کو پہلے دن اسکول چھوڑا، وہ بھی سرکاری پروٹوکول کے ساتھ، جبکہ پولیس اہلکار شہید کانسٹیبل کی بیٹی کے ہمراہ اسکول بھی گئے اور اسے اسکول بیگ سمیت دیگر تحفے بھی دیے۔
عیسیٰ سکھیرا کے مطابق کانسٹیبل عمران احتجاجی مظاہروں میں شہید ہوگئے تھے۔
ایس پی سکھیرا کا کہنا ہے کہ شہید کانسٹیبل عمران کی 4 سالہ بیٹی نے اپنے شہید والد کے ساتھ اسکول کے پہلے دن جانے کی ضد کی۔ جس پر شہید کانسٹیبل کی بیٹی کو پورے پروٹوکول کے ساتھ پولیس اہلکار اسکول چھوڑ کر آئے۔ تاہم پولیس کی جانب سے دیگر بچوں کو بھی تحائف پیش کیے گئے۔
ایس پی سکھیرا کا کہنا تھا کہ تمام شہداء کے بچے ہمارے بچوں کی طرح ہیں۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔