غریب کو ترقی کرتا کوئی نہیں دیکھ سکتا۔۔۔ بچپن کے دوست نے حسد میں ایسا قدم اٹھا لیا جس نے دو گھروں کو برباد کر ڈالا

image

“عثمان میرا بڑا بیٹا تھا اور مجھے اس سے بہت امیدیں تھیں۔ اب سب ختم ہوگیا ہے“ مقتول کے دکھی باپ نے مزید کہا کہ ““ہم غریب لوگ ہیں۔ میرا بیٹا فوج میں افسر لگ گیا تھا۔ غریب آدمی کو ترقی کرتا کوئی نہیں دیکھ سکتا“

سیکنڈ لیفٹیننٹ عثمان لیاقت چند دن کے لئے چھٹیوں پر اپنے گھر آئے تھے۔ اور 17 اکتوبر کو نائی کے پاس جانے کے لئے اپنے دوست تصور کے ساتھ نکلے تھے اور واپس نہ آسکے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ عثمان، تصور کے ساتھ بائیک پر جارہے تھے۔ جب بہت دیر بعد بھی عثمان گھر نہیں آئے تو ان کی تلاش شروع کی گئی۔ عثمان تو واپس نہ ملے البتہ چند دن بعد ان کی لاش علاقے کی نہر سے ملی۔

حسد میں قتل کرکے دوست کو نہر میں پھینک دیا

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر تصور کو حراست میں لیا اور تفتیش کی تو اس نے اپنے جرم کا اقرار کرلیا۔ تصور نے بائیک پر پیچھے بیٹھ کر عثمان جے سر کا نشانہ لیا اور گولی چلا دی اور ان کی لاش کو نہر میں پھینک دیا۔ عثمان کے قریبی دوست اور والد کا کہنا ہے کہ تصور عثمان سے دل ہی دل میں جلتا تھا کیونکہ عثمان محنتی تھا اور فوج میں افسر لگ گیا تھا۔

اگر میرے بھائی نے یہ جرم کیا ہے تو اسے سخت سزا ملنی چاہئیے

قتل ہونے سے پہلے جب عثمان گھر آئے تھے تو انھوں نے اپنی والدہ کو صحن میں پریڈ کرکے دکھائی تھی۔ جس کی ان کے گھر والوں نے ویڈیو بھی بنائی تھی۔ ملزم تصور کے گھر والوں سے جب اس حوالے سے بات کی گئی تو انھوں نے کہا کہ ان کے بھائی کے بارے میں یہ صرف قیاس آرائیاں ہیں البتہ اگر یہ جرم واقعی ان کے بھائی نے کیا ہے تو اسے سخت سے سخت سزا ملنی چاہئیے۔ دوست کے ہاتھوں قتل ہونے والے عثمان کی وہ ویڈیو اب ان کے گھر والوں کے لئے ان کی آخری یادگار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US