عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے نئے مطالبات سامنے رکھ دیے ہیں جن میں مقامی طور پر تیار کی جانے والی الیکٹرک اور ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں اور الیکٹرک بائیکس پر دی جانے والی سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ 30 جون 2026 کے بعد ان گاڑیوں اور بائیکس پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) عائد کیا جائے اور مالی سال 2026-27 سے ٹیکس چھوٹ ختم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف اور وزارتِ صنعت و پیداوار کے درمیان بات چیت میں مقامی ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں اور الیکٹرک بائیکس پر ٹیکس رعایت ختم کرنے کا معاملہ زیرِ غور آیا۔ اگر یہ تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو آئندہ سال سے مقامی سطح پر تیار ہونے والی الیکٹرک وہیکلز پر ٹیکس چھوٹ ختم ہو جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے الیکٹرک گاڑیوں اور بائیکس کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ حکومت کے لیے محصولات میں اضافہ متوقع ہے۔