شعیب اختر کے ساتھ پروگرام میں بدتمیزی، سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے ڈاکٹر نعمان نیاز کو ہٹادیا گیا

image

سرکاری ٹیلی وژن پی ٹی وی پر آن ایئر سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کے ساتھ ہونے والے تنازع کے بعد ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف ایئر کردیا گیا۔

ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کی مناسبت سے جاری پروگرام کے دوران نعمان نیاز کی بدتمیزی کے بعد سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر ٹی وی شو سے احتجاجاً استعفیٰ دے کر چلے گئے تھے۔

بعدازاں سرکاری ٹی وی کی انتظامیہ نے شعیب اختر اور اسپورٹس اینکر کی لائیو ٹی وی پروگرام میں نوک جھوک پر ایکشن لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔

ذرائع کے مطابق آج اس معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ انکوائری کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی نے فوری طور پر اینکر پرسن ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف ایئر کرنے کی سفارش کی تھی۔

اجلاس میں پی ٹی وی چینل کے ایم ڈی اور دیگر حکام نے شرکت کی تھی، شعیب اختر کے ساتھ پیش آںے والے معاملے کا مکمل جائزہ لیا گیا جبکہ واقعہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایم ڈی پی ٹی وی نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو اسپورٹس پروگرام میں متبادل اینکر لانے کی ہدایت جاری کردی ہیں جس کے مطابق اسپورٹس شو کی میزبانی نعمان نیاز کے بجائے متبادل اینکر کرے گا۔

پی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ پی ٹی وی اسپورٹس چینل پر پیش آںے والے واقعے کی انکوائری چل رہی ہے، تحقیقات مکمل ہونے تک شعیب اختر اور نعمان نیاز کو آف ائیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انکوائری مکمل ہونے تک دونوں افراد سرکاری ٹی وی کے کسی پروگرام کا حصہ نہیں ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US