سی سی ٹی وی کیمرے میں طوطے کی عجیب و غریب حرکتیں ۔۔ ٹریفک پولیس بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئی

image

پرندے قدرت کی ایک خوبصورت اور انوکھی تخلیق ہیں لیکن بعض مرتبہ یہ کچھ ایسی حرکتیں بھی کرتے ہیں جنہیں دیکھ کر ہنسی پر قابو نہیں رہتا، ایسا ہی کچھ کیا ہے برازیل کے اس طوطے نے، جہاں کی ٹریفک پولیس بھی اس طوطے کی روزانہ کی ان حرکتوں سے پریشان ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کی جنوبی ریاست پاران کے شہر کوریتیبا کی مصروف اور اہم شاہراہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے پر ان دنوں روزانہ ایک ہرا طوطا آکر بیٹھ رہا ہے اور ایسی حرکتیں کر رہا ہے جس سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ طوطا روز اس سی سی ٹی وی کیمرے پر آ کر بیٹھ جاتا ہے اور پھر کیمرے کے لینس میں جھانکنے لگتا ہے جس سے روڈ پر نظر رکھنا مشکل ہو گیا ہے، ساتھ ہی اس کی یہ عجیب و غریب حرکتیں ہنسنے پر بھی مجبور کر دیتی ہیں۔

اس طوطے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شئیر کی گئی ہے جس میں طوطے کی شرارتیں دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی خوب ہنس رہے ہیں، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ طوطا کیمرے کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلتا ہے اور بار بار لینس کے سامنے آکر اپنی شکل دکھا کر غائب ہو جاتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کو بےحد پسند کیا جا رہا ہے جبکہ ویڈیو پر صارفین نے مختلف تبصرے بھی کیے، کچھ صارفین نے پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ کیمرے کے اوپر بیٹھنے والی جگہ ختم کردیں پھر طوطا نہیں بیٹھ سکے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US