ہمیں پتہ ہی نہیں تھا کہ ہماری بیٹی کمپیوٹر ماسٹر ہے اور ۔۔ کراچی کی 4 سالہ بچی مائیکروسافٹ آفیشل کیسے بنی؟

image

دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی کم عمر ترین آئی ٹی ایکسپرٹ مرحوم عارفہ کریم کے بعد کراچی کی ایک اور ننھی بچی نے اپریل 2021 میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا، کراچی کی عریش فاطمہ صرف ساڑھے 4 سال کی عمر میں مائیکروسافٹ آفیشل ایکسپرٹ بن گئیں اور سب کو حیران کر دیا۔

''زرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے'' اس بات کو ایک مرتبہ پھر سچ کر دِکھایا ہے کراچی کی معصوم سی ساڑھے 4 سالہ عریش فاطمہ نے، جو اپریل 2021 میں دنیا کی کم عمر ترین مائیکروسافٹ آفیشل اور آئی ٹی ایکسپرٹ ہونے کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔

عریش کیسے یہ خواب پورا کرنے میں کامیاب ہوئیں اس حوالے سے ایک انٹرویو میں عریش فاطمہ کی والدہ نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ سال لاک ڈاؤن کے دوران جب عریش کو مستقل کمپیوٹر میں مصروف رہنے اور اتنی کم عمر ہونے کے باوجود ایکسپرٹ جیسی صلاحیتیں رکھتے دیکھا تو وہ حیران ہو گئیں تب انہیں یہ معلوم ہوا کہ ان کی عریش کو خدا نے مختلف صلاحتیوں سے نوازا ہے۔

جس کے بعد عریش کے والد نے اور والدہ نے عریش کو مائیکروسافٹ کے امتحان کی تیاری کروائی عریش نے اس امتحان میں پاکستان کی جانب سے حصہ لیا، عریش فاطمہ کو یہ امتحان پاس کرنے کے لئے 700 نمبرز درکار تھے جبکہ انہوں نے 831 مارکس حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔

عریش فاطمہ نے اپریل 2021 میں مائیکروسافٹ کا یہ امتحان پاس کر کے دنیا کا کم عمر ترین مائیکروسافٹ آفیشل ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، عریش کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ جب تک زندہ ہیں ان کے بچے پاکستان کی ترقی کے لئے ہمیشہ کام کرتے ہیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی عارفہ کریم رندھاوا نے 2004 میں دنیا کی کم عمر ترین مائیکروسافٹ آفیشل ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا تاہم بدقسمتی سے 2012 میں وہ دنیا سے رخصت ہو گئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US