تعلیمی ادارے ایک ایسی جگہ ہیں جہاں تعلیم اور تربیت دی جاتی ہے اسی لیے یہ جگہ محفوظ بھی سمجھی جاتی جاتی ہے مگر آج کے دور میں یہ مقام بھی غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔
ہماری ویب ڈاٹ کام ایک ایسی خبر سے متعلق آپ کو معلومات فراہم کرے گی جو ہو سکتا ہے آپ کو بھی حیرت میں مبتلا کردے۔
کراچی کے ایک نجی اسکول میں ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس نے اداروں کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ دراصل ہوا کچھ یوں ہے کہ کراچی کے علاقے صفورا میں ایک اسکول کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
دی ہیریکز نامی نجی اسکول کے واش رومز میں طلباء اور طالبات سمیت اساتذہ کی بھی خفیہ کیمروں کی مدد سے ویڈیوز بنائی جاتی تھیں۔ یہ کیمرے میل اور فی میل دونوں واش رومز میں نصب کیے گئے تھے۔
کیمروں کو اس طرح نصب کیا گیا تھا کہ کوئی بھی انہیں دیکھ کر یہی سمجھے کہ سوئچ بورڈ ہے اور بجلی کے تاروں کا کنیکشن آ رہا ہے۔ لیکن اس سوئچ بورڈ میں کیمرے نصب تھے جو کہ ریکارڈنگ کر رہے تھے۔
سندھ کے تعلیمی اداروں کی ویجیلنس ٹیم کو جب اطلاع ملی تو ٹیم نے اچانک چھاپہ مارا اور اس بات کا انکشاف ہوا کہ اسکول کے تمام واش رومز میں کیمرے نصب ہیں۔
خواتین اساتذہ کی جانب سے شکوک وشبہات کی بنا پر محکمہ تعلیم کو شکایت کی گئی تھی جس پر ٹیم نے چھاپہ مارا۔ محکمہ نے اسکول کی رجسٹریشن معطل کر دی ہے اور تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔