موسم گرما میں لائٹ جانے کا مسئلہ بڑھ بھی جاتا ہے اور بغیر پنکھے کے ایک منٹ گزارنا برداشت بھی نہیں ہوتا۔ لائٹ جانے کی صورت میں جنریٹر کا سہارا لیا جاتا ہے لیکن موسم ٹھنڈا ہوتے ہی جہاں لائٹ کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا وہیں جنریٹر کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے کی ضرورت بھی محسوس ہوتی ہے۔ اس آرٹیکل میں آپ کو ایسے ٹپس دیے جائیں گے جن سے آپ اپنا جنریٹر محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
جگہ منتخب کریں
جنریٹر کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھنا ہو تو سب سے پہلے جگہ منتخب کریں۔ جگہ ایسی ہونی چاہئیے جہاں موسمی اثرات کم سے کم پڑیں۔ جیسے براہِراست تیز دھوپ یا بارش جنریٹر پر نہ پڑے ورنہ ان چیزوں سے جنریٹر کی باڈی متاثر ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ایسی جگہ محفوث رکھا جائے جہاں بچوں کا گزرنا کم سے کم ہو تاکہ چوٹ لگنے کا خطرہ بھی نہ ہو۔ سیڑھی کے نیچے والا حصہ اس سلسلے میں بہترین ہوسکتا ہے یا اگر گیلری میں جگہ ہے تو کھلے حصے پر ایک ٹین کی چھت لگا کر وہاں جنریٹر رکھا جاسکتا ہے
صفائی
جنریٹر لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے سے پہلے ضروری ہے کہ اگر اس میں کوئی خرابی آگئی ہے تو اسے ٹھیک کروالیا جائے ورنہ چند مہینوں بعد جب آپ کو فوری طور پر جنریٹر نکالنے کی ضرورت پڑے گی تو سروس کروانے کا وقت بھی نہیں ملے گا۔ اس کے بعد جنریٹر کو اچھی طرح صاف کرلیں اور احتیاطاً پلاسٹک کا کور یا چادر لپیٹ دیں تاکہ گرد سے محفوظ رہے۔
فیول نکال دیں
آپ کے جنریٹر میں جتنا بھی گیسولین یعنی جس قسم کا بھی ایندھن موجود ہے اسے نکال کر جنریٹر خالی کرلیں۔ ایسا صرف تب کریں جب جنریٹر کو لمبے عرصے تک استعمال نہ کرنا ہو کیونکہ کئی بار ایندھن نکالنے سے جنریٹر کے اندرونی تار بھی خراب ہوجاتے ہیں۔ بہتر ہے کہ اپنے سروس کروانے والے سے اس سلسلے میں مشورہ کرلیں تاکہ وہ آپ کے جنریٹر کے حساب سے آپ کو بہترین مشورہ دے سکے۔