گزشتہ روز آئی سی سی پلئیر آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کو دینے پر سابق کرکٹرز اور کرکٹ شائقین کی جانب سے آئی سی سی پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔
ورلڈ ٹی20 میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پرفارمینس نے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ بابر اعظم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں 303 رنز بنا کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، جبکہ آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر 289 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے۔
امید کی جارہی تھی کہ آئی سی سی پلئیر آف دی ٹورنامنٹ ایواڈ بابر اعظم کو دیا جائے گا۔ تاہم ایوارڈ کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کو دینے پر سابق کرکٹرز نے اپنا ردعمل سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ پلئیر آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ بابر اعظم کو نہ دینا، انصاف کے خلاف ہے۔
ویسٹ انڈیز کھلاڑی شیرفین ردرفورڈ نے لکھا کہ مجھے حیرت ہے کہ بابر کو ایوارڈ نہیں دیا گیا۔
جبکہ کرکٹ شائقین کی جانب سے بھی آئی سی سی کے فیصلے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کو آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔