سمجھ نہیں آرہا ایسا کیا کریں جو امریکہ ہمیں تسلیم کرلے۔۔ کیا امریکہ، طالبان کی حکومت کو کمزور رکھنا چاہتا ہے؟

image

افغانستان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کا کہنا ہے “ہمیں سمجھ نہیں آ رہی کہ ہم کون سا ایسا عمل کریں جس سے امریکہ سمیت دیگر ممالک ہمیں تسلیم کریں“

طالبان کے اس بیان پر کئی لوگ حیران ہیں کہ آخر جن لوگوں سے جنگ لڑ کر اپنا ملک آذاد کروایا، طالبان ان سے اپنی حکومت منوانے پر کیوں بضد ہیں۔ کچھ لوگ اسے طالبان کی کمزوری سمجھ رہے ہیں جبکہ کچھ اسے طاقت کے آگے ہتھیار ڈالنا سمجھ رہے ہیں۔ اس آرٹیکل میں ہم ان نکات پر بات کریں گے کہ امریکہ کا تسلیم کرنا طالبان کے لئے کیوں ضروری ہے اور وہ کیا وجوہات ہیں جن کی وجہ سے امریکہ، طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے کنی کترا رہا ہے۔

امریکا، افغانستان کے مالی اثاثے اپنے قبضے میں رکھ کے بیٹھا ہے

امریکا کے بقول ایک سپر پاور کی حیثیت سے وہ طالبان سے تمام افغانوں کے انسانی حقوق کی یقین دہانی چاہتا ہے۔ اور اسی وجہ سے وہ کسی عالمی پابندی نہ ہونے کے باوجود افغانیوں کی 9 ملین ڈالر کی جائیداد امریکی بینکوں میں رکھے ہوئے ہے۔ جب تک افغانستان میں طالبان کی حکومت تسلیم نہیں کی جاتی افغانیوں کا پیسہ انھیں واپس نہیں مل جاتا تب تک افغانستان میں کسی قسم کا ترقیاتی کام انجام پانا ممکن نہیں۔

بائیڈن پر دباؤ

افغانستان سے امریکی فوج کے ناکام ہوکر نکلنے کے بعد صدر جو بائیڈن پر کافی دباؤ ہے۔ امریکی عوام اپنی حکومت کی اس ہار پر غم و غصے کا شکار ہے جس کے بعد واشنگٹن کے لئے طالبان حکومت کو من وعن تسلیم کرنا بائیڈن کے لئے کافی مشکل ہے۔

تجارتی مسائل

جب تک امریکہ اور باقی مغربی ممالک افغانستان میں طالبان کی حکومت کو قبول نہیں کرلیتے کوئی بھی ملک افغانستان سے تجارتی تعلقات بحال نہیں کرے گا۔ افغانستان میں تجارتی اور مالیاتی لین دینا ہونا ممکن نہیں اور پیسہ امریکی بینکوں میں ہونے کی وجہ سے درآمدات یا برآمدات کے لئے کوئی باضابطہ سسٹم موجود نہیں۔

کیا امریکہ، طالبان حکومت کو ناکام کرنا چاہتا ہے؟

اقوام متحدہ کا افغانستان کی موجودہ صورتحال پر موقف ہے کہ طالبان ایک سخت گیر حکومت رکھتے ہیں ایسے میں ان سے انسانی حقوق سے متعلق مطالبات رکھنا غلط نہیں ہے۔ التہ اقوام متحدہ اپنا موقف بیان کرتے ہوئے یہ بھول گئی ہے کہ طویل جنگ لڑنے کے بعد معاشی طور پر افغانستان پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا ہے ایسے میں کسی بھی نئی حکومت کو ملک سنبھالنے کے لئے مالی امداد کی ضرورت ہونا کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔

بنیادی ضروریات اور انسانی حقوق پورا کرنے کے مطالبات

جو حکومت اپنے سرکاری ملازمین کو تنخواہ دینے سے قاصر ہو یہاں تک کہ اپنے بھوکے شہریوں کی خوراک تک کا بندوبست نہ کرپارہی ہو ایسی حکومت سے انسانی حقوق کے تقاضے کرنا سوائے مذاق کہ اور کیا ہے؟

اگر طالبان کی حکومت کمزور رکھی تو افغانستان کے مسائل کون حل کرے گا؟

گزشتہ مہینے قطر میں طالبان رہنماؤں اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں جس کے بعد امریکہ نے کہا ہے کہ “ مذاکرات کا مطلب طالبان حکومت کو قبول کرنا نہیں ہے“ البتہ امریکا نے ایک خطیر رقم افغانستان کے غریب لوگوں کی مد کرنے کے لئے عطیہ کی ہے لیکن غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کوئی بھی ملک کب تک اپنے لوگوں کا پیٹ ھرنے کے لئے کسی ترقی یافتہ ملک کے چندوں پر انحصار کرسکتا ہے؟ بجائے مالی امداد دینے کے کیا افغان قوم کو ان کی پہچان اور حق دینا بہتر نہیں؟ کیا امریکہ کے اس رویے کا مقصد افغانستان میں طالبان کی بننے والی نئی حکومت کو کمزور کرنا نہیں ہے؟ اگر افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور انھیں کمزور رکھا جائے گا تو اس بار عالمی برادری کے پاس برسوں سے غربت اور دکھ کی چکی میں پستے معصوم افغانیوں کے درد کو کم کرنے کا کیا علاج ہے؟


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US