بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء انتقال کرگئیں

image

بنگلادیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلادیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیاء 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ بی این پی کے مطابق وہ دارالحکومت ڈھاکا کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں جہاں مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے انہوں نے آخری سانس لی۔

بیان کے مطابق خالدہ ضیاء طویل عرصے سے متعدد بیماریوں میں مبتلا تھیں۔ پیر کی شب ان کی حالت تشویشناک ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں لائف سپورٹ پر منتقل کیا گیا تاہم عمر اور خراب صحت کے باعث بیک وقت کئی بیماریوں کا علاج ممکن نہ رہا۔

خالدہ ضیاء بنگلادیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں اور ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز رکھتی تھیں۔ انہوں نے 1991 میں پہلی بار وزارتِ عظمیٰ سنبھالی، جبکہ 2001 میں دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ اکتوبر 2006 میں عام انتخابات کے پیشِ نظر انہوں نے اقتدار چھوڑ دیا تھا۔

سیاسی کیریئر کے دوران ان پر کرپشن کے الزامات بھی عائد ہوئے اور 2018 میں انہیں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔ عوامی لیگ کی رہنما اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ان کی طویل سیاسی رقابت رہی، جبکہ گزشتہ برس شیخ حسینہ واجد کو حکومت چھوڑنا پڑی تھی۔

واضح رہے کہ خالدہ ضیاء کے صاحبزادے طارق رحمان 17 برس کی جلاوطنی کے بعد چند روز قبل بنگلادیش واپس پہنچے تھے۔ خالدہ ضیاء کے انتقال پر بنگلادیش سمیت دنیا بھر میں سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US