سعودی عرب نے ویکسینیشن کی دونوں خوراکیں لگانے والے زائرین پر قرنطینہ کی عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے نئی گائیڈ لائنز سامنے آئی ہیں۔ جس کے مطابق 18 سال سے زائد عمر والے غیر ملکی زائرین، عمرہ ادائیگی کیلئے درخواست دے سکتے، جنہیں 30 دن تک سعودی عرب میں قیام کی اجازت ہوگی۔
تاہم سعودی عرب کی جانب سے منظور کردہ ویکسینیشن کی دونوں خوراکیں لگانا لازمی ہوگا۔ جبکہ پابندی ختم ہونے کے بعد غیر ملکی زائرین براہ راست جدہ ائیرپورٹ آسکتے ہیں اور عمرہ ادائیگی کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ مسجدِ الحرام اور نبوی ﷺ میں داخلے کیلئے توکلنا یا اعتمرنا ایپ سے اجازت نامہ لازمی حاصل کرنا ہوگا۔
دوسری جانب مقامی شہریوں کیلئے عمرہ ادائیگی کی کم سے کم عمر 12 سال رکھی گئی ہے۔ جبکہ ایپ کے ذریعے اجازت لینا ضروری ہوگا۔