پاکستان کی عوام کو اس وقت پیٹرول 145 روپے اور 82 پیسے فروخت کیا جا رہا ہے جس کی قیمت عام لوگوں پر بہت بھاری پڑ رہی ہے۔
وہیں اِنڈیا میں پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے کمی کر کے بھارتی عوام کو خوش خبری کی نوید سنائی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر گذشتہ روز سے یہ خبر ہر میڈیا پلیٹ فارم پر چل رہی ہے کہ بھارت میں پیٹرول کے نرخوں میں کمی کر دی گئی جس پر پاکستانی عوام موجودہ حکومت کو کھری کھری سنانے میں مصروف ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں آٹھ روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ساتھ ہی نئی دہلی کے لیے پیٹرول پر عائد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح کو 30 فیصد سے کم کر کے 19 اعشاریہ چالیس فیصد تک مقرر کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ٹیکس کی شرح کم ہونے سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی ہوئی جس کے بعد اب فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 103 روپے 91 پیسے سے 95 روپے 97 پیسے پر آگئی ہے۔
مرکزی حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے بعد دہلی انتظامیہ نے قیمتیں کم نہیں کیں تھیں، جس پر سیاسی رہنماؤں اور عوام نے حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور قیمتیں کم کروانے کے لیے ان پر ہر قسم کا دباؤ ڈالا گیا جس کے بعد وہ پیٹرول کی قیمت گرانے پر مجبور ہوگئے۔