وزیرِاعظم عمران خان کی حکومت کے دور میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، پیٹرول مہنگا تو سب کچھ مہنگا ایسے میں عوام کیا کرے سب ہی اس بات کو لے کر پریشان ہیں۔
جہاں پیٹرول کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں وہیں اشیاءِ خوردو نوش کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، آٹا چینی دال ہو یا گوشت سب ہی عوام کی پہنچ سے دور ہوتا دِکھائی دے رہا ہے۔
ایسے میں عوام نے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لئے سوشل میڈیا کا سہارا لے لیا ہے اور #پاکستان پر رحم کرو ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔
کوئی سوشل میڈیا پر گو عمران گو کہہ رہا ہے تو کوئی عمران خان پر طنزیہ میمز شئیر کر رہا ہے، جبکہ ایک کے بعد ایک مہنگائی کی وجہ سے خودکشی کے بڑھتے واقعات نے بھی لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، تاہم اکثر سوشل میڈیا صارفین نے تو مہنگائی سے تنگ آکر ملک چھوڑ کر کسی اور ملک میں بسنے کا مشورہ دے ڈالا ہے۔
صرف یہی نہیں ''آئی ایم ایف نے 6 ارب ڈالر کے بدلے ہماری ہر چیز لکھوالی'' گورنر پنجاب چوہدری سرور کا یہ بیان بھی سوشل میڈیا پر بےحد وائرل ہو رہا ہے۔